لاہور میں شیڈول ون ڈے ٹرائی سیریز کے فزیکل ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز ہوگیا ہے، جس کے بعد شائقین نجی کوریئر سینٹرز سے ٹکٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
ایک شناختی کارڈ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ پانچ ٹکٹ خریدنے کی اجازت ہوگی، جبکہ سیریز کے ٹکٹوں کی قیمتیں 200 روپے سے 22 ہزار روپے تک مقرر کی گئی ہیں۔
پاکستان کے میچز کے ٹکٹ کی ابتدائی قیمت 300 روپے رکھی گئی ہے، جبکہ فائنل کے لیے ٹکٹ کم از کم 400 روپے میں دستیاب ہوگا۔
پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں منعقد ہوگی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور 25 سے 31 اکتوبر تک چار میچز کی میزبانی کرے گا، جن میں فائنل بھی شامل ہے۔ سیریز کا فیصلہ کن مقابلہ 31 اکتوبر کو اسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔



