پرتگال کے معروف فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کو 30 دن کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ ان پر 255 یورو جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پرتگال فٹ بال فیڈریشن کی تادیبی کونسل نے 41 سالہ فارورڈ کھلاڑی کے خلاف الزامات کو برقرار رکھتے ہوئے ان کے لیے پابندی اور جرمانے کی سزا مقرر کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے ٹیم میں اپنے کردار پر کوچ جارجے ژیزس سے اختلافات کے بعد قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ چھوڑ دیا تھا۔ انہوں نے رواں ماہ ڈنمارک کے خلاف نیشنز لیگ کے مقابلے سے قبل کوپن ہیگن میں پرتگالی ٹیم کا کیمپ چھوڑا۔ اس سے پہلے ناروے کے خلاف میچ میں انہیں متبادل کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا، تاہم انہیں میدان میں اترنے کا موقع نہیں ملا۔
کرسٹیانو رونالڈو نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ کوچ جارجے ژیزس نے ٹیم میں ان کے کردار کے حوالے سے دو مرتبہ اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔ دوسری جانب فیڈریشن کی تادیبی کونسل نے ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 30 روزہ پابندی کی سزا سنا دی۔
فیڈریشن کی جانب سے جاری بیان میں یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ پابندی کن میچوں یا سرگرمیوں پر لاگو ہوگی۔ یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ آیا عارضی پابندی کے دوران پہلے سے گزارا گیا وقت 30 روزہ سزا میں شمار کیا جائے گا یا نہیں۔



