Sunday, September 8, 2024
پہلا صفحہخبریںسینئر اداکار خالد بٹ کی نماز جنازہ ادا، لاہور میں سپرد خاک...

سینئر اداکار خالد بٹ کی نماز جنازہ ادا، لاہور میں سپرد خاک کردیا گیا

فلم، تھیٹر اور ٹی وی کے نام ور اداکار خالد بٹ، کو آہوں اور سسکیوں کے درمیان آج لاہور میں سپرد ِ خاک کردیا گیا۔ سینئر اداکار گزشتہ روزدل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔
خالد بٹ مرحوم کا تعلق ملتان سے تھا۔ جواں عمری میںاداکار وحید مراد کے پرستار تھے۔ ان کی فلمیں دیکھ کرہی اداکاری کا شوق بیدار ہوا۔ 70 کی دہائی کے اوائل میں خالد بٹ ہیرو بننے کا جنون لے کر لاہورآگئے۔ پنجابی فلموں کے ہیرو اقبال حسن کی سفارش پر انہیں ہدایت کار ایس ٹی زیدی نے اپنے ساتھ اسسٹنٹ رکھ لیا۔ انہوں نے میٹرو لائیو ٹی وی کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ بطور اسسٹنٹ ان کی پہلی فلم بدلے گی دنیا ساتھی، تھی اور23 ستمبر 1970 وہ پہلا دن تھا جب انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کیا۔ ایس ٹی زیدی کے ساتھ انہوں نے متعدد فلموں میں اسسٹ کیا۔ ہدایت کار مسعودانور کی فلم ایسا بھی ہوتا ہے، اور جمشید نقوی کے ساتھ ہم سے نہ ٹکرانا، میں بطور معاون ہدایت کارکام کیا۔ انہوں نے ایک فلم چوری چوری (1979) بطور شریک ہدایت کار بھی بنائی۔ رمضانا، ان کی بطور ہدایت کار فلم تھی۔ ان کی ڈائریکشن میں ایک اور فلم پیاس ، تھی جو ریلیز نہ ہوسکی۔ اس کی کاسٹ میں شبنم، شاہد، ندیم، نشو وغیرہ شامل تھے۔ اس فلم کا میوزک روبن گھوش نے دیا تھا۔

پی ٹی وی پر ان کا پہلا سیریل 1978 میں پروڈیوسر آغا وقار کے ساتھ تھا۔ اگلے ہی سال وہ تھیٹر پر بھی مصروف ہوگئے۔
خالد بٹ مرحوم کے یادگار ڈراموں میں تیسرا کنارہ،نیلے ہاتھ، اپنے ہوئے پرائے، خدا اور محبت، دُرِ شہوار، مل کے بھی ہم نہ ملے، عشق عبادت، شام ڈھلے، پری ذاد، خوب صورت، آدھی گواہی، ہری ہری چوڑیاں، امام ضامن، مجھے جینے دو، نیلم کنارے، گھگھی، رشک، میں ہار نہیں مانوں گی، ادھوری کہانی، بول کفارہ، قسمت، سزائے عشق، تم سے کہنا تھا، ٹیڑھا آنگن، عشق لا، لال عشق، بوٹا فرام ٹوبا ٹیک سنگھ، چاند پور کا چندو، لو لائف اور لاہور، جنجال پورہ، جی ٹی روڈ، اورجیون نگر، ناقابل فراموش ہیں۔ ان دنوں جیو ٹی وی سے ان کا ایک سیریل ’خئی‘ آن ایئر ہے، جو بے حد پسند کیا جارہا ہے۔ اس ڈرامے میں بھی انہوں نے یادگار کردار ادا کیا ہے۔
اداکار خالد بٹ کو 2016 میں پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس