فیفا ورلڈ کپ 2026 فٹ بال کی دنیا کے لیے ایک بڑا اور دلچسپ موقع بننے والا ہے۔ کینیڈا، امریکہ، اور میکسیکو میں ہونے والے اس بڑے ایونٹ میں، آٹھ کھلاڑی ہیں جو 40 سال یا اس سے زیادہ عمر کے ہیں، جو ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک نادر اور قابل ذکر نشان ہے۔
یہ تعداد پچھلے تمام 22 فیفا ورلڈ کپوں میں شرکت کرنے والے ایسے کھلاڑیوں کی کل تعداد سے بھی زیادہ ہے۔ پچھلے 22 ورلڈ کپوں میں، صرف 7 کھلاڑی تھے جو 40 سال سے زیادہ عمر کے ہونے کے باوجود ورلڈ کپ میں شریک ہوئے تھے۔
ان عمر رسیدہ کھلاڑیوں میں عموماً گول کیپرز شامل ہوتے ہیں۔ لیکن ورلڈ کپ 2026 میں ریکارڈ تعداد میں عمر رسیدہ کھلاڑیوں کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عمر صرف ایک عدد ہے۔
اسکاٹ لینڈ کے گول کیپر، 43 سالہ کریگ گورڈن اس ورلڈ کپ کے سب سے معمر ترین کھلاڑی بن سکتے ہیں۔ اگر وہ میدان میں اترتے ہیں تو وہ ورلڈ کپ کی تاریخ کے دوسرے معمر ترین کھلاڑی بن جائیں گے۔
ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی 38 سال کے ہیں اور وہ اپنا چھٹا ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں۔ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ کے عمر رسیدہ ترین کھلاڑی عصام الحضری ہیں، جنہوں نے 2018 کے ورلڈ کپ میں 45 برس کی عمر میں مصر کی نمائندگی کی تھی۔
فٹ بال لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو 41 سال کے ہیں اور وہ اس ورلڈ کپ کے معمر ترین آؤٹ فیلڈ کھلاڑی ہوں گے۔ وہ اپنے کیرئیر کا چھٹا ورلڈ کپ کھیل کر ایک اور عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیں گے۔
رواں سال ورلڈ کپ میں 40 سالہ کھلاڑیوں کے کلب میں کروشیا کے مڈ فیلڈر لوکا موڈرچ شامل ہیں جو اپنے 5 ویں ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت کریں گے، جب کہ بوسنیا کے اسٹرائیکر ایڈن ڈزیکو بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
اس فہرست کے دیگر کھلاڑیوں میں کیپ ورڈے کے گول کیپر ووزنہا، جرمنی کے گول کیپر مینوئل نوئر، یوراگوئے کے گول کیپر فرنینڈو موسلیرا، اور میکسیکو کے مشہور گول کیپر گیلرمو اوچوا شامل ہیں۔
یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں گول کرنے والے معمر ترین کھلاڑی کا اعزاز کیمرون کے روجر مِلا کے پاس ہے، جنہوں نے 1994 کے ورلڈ کپ میں 42 برس کی عمر میں گول کرکے تاریخ رقم کی تھی اور آج بھی فائنلز میں گول کرنے والے معمر ترین کھلاڑی ہیں۔




