مون سون کا پہلا دور شروع ہو گیا ہے۔ جڑواں شہروں میں بارش نے کئی دنوں سے جاری شدید گرمی کو کم کر دیا ہے۔ اسلام آباد کی جناح سپر مارکیٹ میں پارکنگ میں کھڑی دو گاڑیوں پر درخت گر گیا۔ پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک متاثر ہوا۔
ملک میں مون سون بارشوں کا پہلا دور شروع ہو گیا ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں تیز اور ہلکی بارش ہوئی۔ بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ وفاقی دارالحکومت میں تیز ہواؤں کے باعث جناح سپر مارکیٹ میں ایک درخت پارکنگ میں کھڑی دو گاڑیوں پر گر گیا۔ دونوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا، لیکن کسی کی جان نہیں گئی۔
موسمیاتی محکمے کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 6 جولائی تک جاری رہے گا۔ آج ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی اور دالبندین میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دادو میں پارا 46 اور سبی میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا۔ پشاور میں فیل لائک درجہ حرارت 60 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
این ڈی ایم اے نے اگلے ہفتے کے ممکنہ خطرات کے بارے میں الرٹ جاری کیا ہے۔ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے خدشات ہیں۔
ترجمان کے مطابق دریاؤں کے کناروں کے کٹاؤ کے ساتھ شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔ این ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی مشینری کی تیاری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ نشیبی علاقوں اور دریاؤں کے کنارے آباد شہریوں کو احتیاط برتنے کو کہا گیا ہے۔




