ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے مقابلوں کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، جبکہ پاکستان کی ایونٹ میں عدم شرکت کے باعث بنگلادیش کو ٹورنامنٹ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا آغاز 27 اکتوبر کو بھارت میں ہوگا، جبکہ فائنل اور برانز میڈل کے میچز 5 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کے تمام مقابلے بھارتی شہروں جالندھر اور موہالی میں منعقد ہوں گے۔
چیمپئنز ٹرافی میں میزبان بھارت کے علاوہ ملائیشیا، جاپان، جنوبی کوریا، چین اور بنگلادیش کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی فیڈریشن سے مقابلے کسی نیوٹرل وینیو پر منعقد کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم اس درخواست کو منظور نہیں کیا گیا۔
موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ہاکی ٹیم کو بھارت بھیجنے سے انکار کردیا تھا۔



