سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے مقابلے میں انگلینڈ نے کپتان ہیری بروک کی ریکارڈ ساز ڈبل سنچری کی بدولت سری لنکا کو کامیابی کے لیے 430 رنز کا ہدف دے دیا۔
راولپنڈی میں جاری میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد انگلینڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
انگلش ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز اسکور کیے۔ کپتان ہیری بروک نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے محض 114 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کی۔ ان کی اننگز میں 10 چھکے اور 21 چوکے شامل تھے۔ یہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین ڈبل سنچری ہے۔

ہیری بروک نے اس تاریخی اننگز کے ساتھ انگلینڈ کی جانب سے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے بیٹر کا اعزاز حاصل کر لیا۔
انگلش کپتان 116 گیندوں پر 202 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ان کے علاوہ ول جیکس نے 30 گیندوں پر ناقابلِ شکست 66 رنز اسکور کیے، جبکہ جو روٹ نے 69 اور ٹام بینٹن نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔
واضح رہے کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ون ڈے انٹرنیشنل میچز کے دوران پہلی مرتبہ کسی ٹیم نے 400 رنز کا سنگِ میل عبور کیا ہے۔ اس سے قبل اس میدان پر پاکستان کا 337 رنز کا مجموعہ ون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑا ٹیم اسکور تھا۔
راولپنڈی اسٹیڈیم میں ہیری بروک سے قبل گیری کرسٹن نے 1996 میں 188 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔



