بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات مکمل ہوگئی، جس کے بعد دونوں وکلا اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔
جیل ذرائع کے مطابق عمران خان سے دونوں وکلا کی ملاقات دو گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں وکلا نے بانی پی ٹی آئی سے ان کے مقدمات اور مختلف درخواستوں کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی، جبکہ بشریٰ بی بی بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
جیل ذرائع کے مطابق وکلا نے بشریٰ بی بی کے خلاف مقدمات اور دیگر قانونی معاملات پر بھی عمران خان سے تبادلہ خیال کیا۔
عمران خان سے دونوں وکلا کی ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کروائی گئی، جو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کے تحت ممکن ہوئی۔
ملاقات کے بعد سردار لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملاقات تین سے چار گھنٹے تک جاری رہی، جس میں عمران خان کی صحت اور قانونی مقدمات پر بات چیت ہوئی۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ کل ہم ملاقات کی تفصیل لکھیں گے یہ سب آپ کے سامنے آشکار ہوجائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عمران خان کو بلڈ پریشر اور آنکھ سے متعلق مسائل درپیش ہیں، تاہم بانی پی ٹی آئی کا حوصلہ بلند تھا اور وہ پوری طرح مستعد دکھائی دیے۔
سردار لطیف کھوسہ نے تصدیق کی کہ ملاقات میں 28ویں آئینی ترمیم کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید گفتگو کرنے سے گریز کیا۔



