پاکستان میں کرپٹو اثاثوں کی چوری کے بڑھتے واقعات کے تناظر میں ورچوئل اثاثوں کے صارفین کے تحفظ، ان میں آگاہی پیدا کرنے اور سائبر سیکیورٹی کو فروغ دینے کے لیے ورچوئل اثاثہ جات الائنس آف پاکستان (ویپ) کے قیام کا باضابطہ اعلان کردیا گیا۔
اسلام آباد میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران الائنس کے عہدیداروں نے تنظیم کے قیام اور مستقبل کے منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ایشیا ویب تھری الائنس جاپان کی بانی ہنزہ آصف کو ویپ کی پہلی چیئرپرسن جبکہ ایچ ٹی ایکس کے کنٹری منیجر سید احتشام حمدانی کو سینئر وائس چیئرمین کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
سید احتشام حمدانی نے بتایا کہ عالمی کرپٹو اپنانے کے اشاریے میں پاکستان تیسرے نمبر پر ہے، تاہم ملک میں کرپٹو صارفین کی تعداد 2 کروڑ ہونے کا دعویٰ تاحال غیر مصدقہ ہے کیونکہ اس حوالے سے آزادانہ طور پر تصدیق شدہ اعدادوشمار موجود نہیں ہیں۔
ان کے مطابق ویپ کا ایک اہم منصوبہ کرپٹو صارفین کے مستند اعدادوشمار مرتب کرنا ہے۔ اس اتحاد کے قیام کا مقصد سرمایہ کاروں کو آگاہی فراہم کرنا، سائبر سیکیورٹی سے متعلق تعلیم کو فروغ دینا اور پاکستان کی ورچوئل اثاثہ جات کی صنعت میں شفافیت اور ذمہ دارانہ سرگرمیوں کو یقینی بنانے میں معاونت کرنا ہے۔
سید احتشام حمدانی کا مزید کہنا تھا کہ ویپ عالمی سطح کے تجربات سے پاکستان کی ڈیجیٹل اثاثہ جات کی صنعت کو فائدہ پہنچانے کے ساتھ آزادانہ تحقیق اور مقامی اداروں کے درمیان اشتراک کو بھی فروغ دے گا۔ اس منصوبے میں صنعت سے وابستہ ماہرین اور اہم شخصیات بھی اپنا کردار ادا کریں گی۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ویپ کے پاس کسی قسم کے ریگولیٹری اختیارات نہیں ہیں اور نہ ہی اسے حکومتی توثیق حاصل ہے۔ اس کے بجائے اتحاد کا ہدف مارکیٹ میں ذمہ دارانہ سرگرمیوں اور مستند شواہد کی بنیاد پر پالیسی سے متعلق مکالمے کو آگے بڑھانا ہے۔
ویپ کے قیام کا بنیادی مقصد پاکستان میں ورچوئل اثاثہ جات کی صنعت کو مزید شفاف، ذمہ دار اور مؤثر بنانے کے لیے تمام متعلقہ فریقین کے درمیان تعاون کو مضبوط کرنا ہے۔



