Saturday, July 27, 2024
پہلا صفحہ مضامین لاہور کے دو دلکش اور تاریخی سنگل اسکرین سنیما گھر، شبستان اور...

لاہور کے دو دلکش اور تاریخی سنگل اسکرین سنیما گھر، شبستان اور پرنس

ستّر کی دہائی میں لاہور میں سنیما گھروں کی تعداد 70 کے لگ بھگ تھی۔ جن میں سب سے ذیادہ سنیما گھر ایبٹ روڈ پر واقع تھے۔ اس شاہراہ پر واقع تمام سنیما گھروں کومرکزی سنیماؤں کی حیثیت حاصل تھی۔ یعنی کوئی بھی فلم سرکٹ میں کسی ایک مرکزی سنیما پر طویل عرصے کے لیے بک ہوا کرتی تھی۔ اس کے ساتھ سائیڈ کے سنیماؤں میں فلم ایک یا دو ہفتے کے لیے لگا کرتی تھی۔
ایبٹ روڈ کے سنیماؤں میں ایک خوب صورت اور اہم مین سنیما شبستان تھا جو کہ 1976 میں قائم ہوا اور یہاں جو پہلی فلم نمائش پزیر ہوئی، اس کا نام ’اک گناہ اور سہی‘ تھا۔

صبیحہ خانم کی بہترین اداکاری سے آراستہ یہ فلم 25 جولائی 1975 کو ریلیز ہوئی اور زبردست کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔
اس فلم کے ڈائریکٹر حسن طارق اور کاسٹ میں محمد علی، رانی، درپن، شاہد اور نیر سلطانہ شامل تھے۔
ابتدا میں اس سنیما کا نام خیام تھا لیکن جب یہ پراپرٹی دو بھائیوں اکرم خان اور صفدر خان نے خریدی تو اسے شبستان کا نام دیا گیا۔
شبستان کے مالکان نے کئی فلمیں بھی پروڈیوس کیں جن میں چراغ بالی، ڈاکو چور سپاہی، بدلے دی اگ، پنجابی فلم چکوری، نمایاں ہیں۔
شبستان سنیما کے مالک صفدر خان فلم سازی کے ساتھ فلم ڈسٹری بیوشن سے بھی وابستہ رہے۔
انہوں نے فلم ساز صفدر ملک کے ساتھ شراکت میں جنگل کا قانون، جنگل کوئن، کرسی اور قانون، مکھڑا چن ورگا، اور باغی، جیسی فلمیں بھی پروڈیوس کیں۔

شبستان کے مالکان فلم ساز صفدر خان اوران کے بھائی اکرم خان کے سیالکوٹ میں بھی تین سنیما خان محل سنیما، شمع سنیما، اورپروانہ سنیما تھے۔ جن میں سے اب صرف پروانہ باقی بچا ہے۔
لاہور میں ان کے دو سنیما شبستان اور پرنس ہیں۔
شبستان میں کل 715 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
اس سنیما کی خصوصیت یہ ہے کہ پاکستانی سنیما کی تاریخ کی سب سے کامیاب فلم مولا جٹ، کا یہ لاہور میں مین سنیما تھا۔
مولا جٹ، 9 فروری 1979 کو ریلیز ہوئی اور زبردست کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔
فلم ساز سرور بھٹی اور ہدایت کار یونس ملک کی اس پنجابی فلم نے شبستان سنیما پر مسلسل دو سال تک نمائش کا ریکارڈ بنایا اور جب

اس فلم نے اپنے مین سنیما شبستان پر 104 ہفتے پورے کرلیے تو اسے جنرل ضیاالحق کی مارشل حکومت نے زبردستی سنیما سےاتار لیا۔
اس وقت تک یہ فلم سرکٹ میں مجموعی طور پر 216 ہفتے پورے کرچکی تھی۔
یوں مولا جٹ، نے اپنے مین سنیما شبستان پر سولو ڈائمنڈ جوبلی کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔
شبستان سے فلم کو زبردستی اتارے جانے کے خلاف فلم ساز سرور بھٹی عدالت چلے گئے اور عدالتی کارروائی کے نتیجے میں 27دن کے بعد فلم مولا جٹ، کو دوبارہ نمائش کی اجازت ملی۔

مولا جٹ، نے دوبارہ رش لینا شروع کیا تو چند ہی ہفتوں بعد 18 مئی 1981 کو ایک بار پھر مارشل لا ایکٹ کے تحت اس فلم کی نمائش ایک بار پھر زبردستی روک دی گئی۔
ان پابندیوں کے باوجود مولا جٹ، کو ایک کلاسک بننے سے نہ روکا جاسکا۔
فلم مولا جٹ، نے شبستان پر اس قدر بزنس کیا کہ مالکان نے اس فلم میں اپنے شیئر سے ایک اور سنیما پرنس، کھڑا کردیا۔

پرنس سنیما، شبستان سنیما سے متصل ہی تعمیر کیا گیا۔ جہاں 712 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ یہ سنیما 1981 میں تعمیر ہوا۔ یہاں لگنے والی کامیاب اور اہم فلموں میں قربانی، سنگ دل، دوریاں، آنگن، بوبی، اور ہمایوں گجر، وغیرہ قابل ذکر ہیں۔
شبستان سنیما کی کامیاب فلموں میں مولا جٹ، کے علاوہ ڈاکو رانی،جنگل کا قانون، چراغ بالی، وغیرہ نمایاں ہیں۔
سال 2013 میں ان دونوں سنیماؤں کا نظم و نسق نئی انتظامیہ نے سنبھال لیا اور ان سنیماؤں کے نام سپر شبستان اور سپر پرنس کردیے گئے۔ نئی انتظامیہ نے دونوں سنیماؤں کو ڈیجیٹل پروجیکٹرز اور جدید ساؤنڈ سسٹم سے آراستہ کرنے کے علاوہ سیٹیں بھی تبدیل کردیں اور دونوں سنیماؤں کی تزئین و آرائش کردی۔ ڈیجیٹل پروجیکٹرز کی تنصیب کے بعد یہاں جو پہلی فلم لگی وہ اداکار ہمایوں سعید کی ذاتی پروڈکشن میں ہوں شاہد آفریدی، تھی۔

کچھ عرصے بعد ہی سپر سنیما کی انتظامیہ سے دونوں سنیماؤں کا ایگریمنٹ ختم کرکے پرانی انتظامیہ کو بحال کردیا گیا اور اب یہ دونوں سنیما فلم ساز صفدر خان کے زیر انتظام چل رہے ہیں۔
تاہم فلموں کا بزنس نہ ہونے کے باعث مالکان کے لیے کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔ بجلی کے بھاری بلوں اور ٹیکسز نے جہاں عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، ان حالات میں خصوصاً سنگل اسکرین سنیما گھروں کے لیے بقا کا مسئلہ درپیش ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس

ہمایوں سعید اور ثمینہ کی شادی کے حوالے سے بڑا انکشاف

ٹی وی اور فلم کے سینئر ڈائریکٹر سکندر شاہ نے اپنے حالیہ انٹریو میں سپراسٹار ہمایوں سعید اور ان کی اہلیہ...

عیدالاضحی پر کس پاکستانی فلم نے شائقین کو کیا متاثر اور کون رہا ناکام؟

عید الاضحی پر ریلیز ہونے والی فلموں نے توقعات کے مطابق بزنس نہیں کیا۔ حالانکہ فلموں کے بے پناہ رش کے...

عمروعیار، آ نیو بگنینگ، کیسی فلم ہے؟

سب سے پہلے صاف اور سیدھی بات، اس عید پر ریلیز ہونے والی چاروں پاکستانی فلموں عمروعیار، آ نیو بگنینگ، ابھی،...
- Advertisment -

مقبول ترین

ہمایوں سعید اور ثمینہ کی شادی کے حوالے سے بڑا انکشاف

ٹی وی اور فلم کے سینئر ڈائریکٹر سکندر شاہ نے اپنے حالیہ انٹریو میں سپراسٹار ہمایوں سعید اور ان کی اہلیہ...

عیدالاضحی پر کس پاکستانی فلم نے شائقین کو کیا متاثر اور کون رہا ناکام؟

عید الاضحی پر ریلیز ہونے والی فلموں نے توقعات کے مطابق بزنس نہیں کیا۔ حالانکہ فلموں کے بے پناہ رش کے...

عمروعیار، آ نیو بگنینگ، کیسی فلم ہے؟

سب سے پہلے صاف اور سیدھی بات، اس عید پر ریلیز ہونے والی چاروں پاکستانی فلموں عمروعیار، آ نیو بگنینگ، ابھی،...

سید نور نے چوڑیاں 2، بنانے کا اعلان کردیا

فلمی شائقین کے لیے یہ خبر کسی دھماکے سے کم نہ ہوگی کہ سید نور نے ایک بار پھر لاہور کی...

ریسینٹ کمنٹس