جب بولی وڈ اور پاکستان میں گانوں کی شمولیت کے ساتھ تین گھنٹے دورانیے کی فلموں کا رواج عام تھا۔ تب ہالی وڈ میں ڈیڑھ سے دو گھنٹے کی فلمیں پروڈیوس کی جاتی تھیں۔ اس دوران بے شمار ایسی فلمیں بھی ریلیز ہوئیں جن کا دورانیہ تین گھنٹے سے بھی ذیادہ تھا۔
حال ہی میں ریلیز ہونے والی ہالی وڈ مووی ’کِلرز آف دا فلاورمون‘ تین گھنٹے چھبیس منٹ دورانیے کی طویل فلم ہے۔ جسے آئندہ سال ہونے والے آسکرزکے لیے بھی فیورٹ فلم مانا جارہا ہے۔
آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ دنیا کی طویل ترین فلم کا ریکارڈ ایک سویڈش فلم ’لاجسٹکس‘ کے پاس ہے۔ سال 2012 میں بننےوالی یہ تجرباتی فلم 857 گھنٹے طویل ہے۔
سنیما پر ریلیز ہونے والی طویل دورانیے کی فیچر فلم کا ریکارڈ ارجنٹینا کی فلم ’لافلور‘کے کریڈٹ پر ہے۔ اس فلم کا دورانیہ 808 منٹ ہے۔
اس رپورٹ میں ہم یہ جائزہ لینے کی کوشش کریں گے کہ ہالی وڈ کی تاریخ میں سرفہرست وہ کون سی فلمیں ہیں جن کا دورانیہ معمول سے ذیادہ تھا اور وہ طویل دورانیے کی وجہ سے بھی یاد رکھی گئیں۔
Gettysburg-1993
248منٹس

لی جنڈری پروڈیوسر ٹیڈ ٹرنر نے مائیکل شارا کی دی کِلر اینجلز، کو ٹی وی منی سیریز کے طور پر ڈھالنے کا منصوبہ بنایا لیکن جب انہوں نے ایڈیٹنگ کے مرحلے میں اس پروجیکٹ کو دیکھا تو اسے سنیما پر پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس فلم کی کہانی دو گروپوں کے مابین تین دنوں تک لڑی جانے والی سول وار کا احاطہ کرتی ہے۔
اس فلم کو جنگی مناظر کی وجہ سے اہمیت دی گئی جبکہ گیٹیز برگ، کے مکالمے بھی ناقابل فراموش ہیں۔ اس فلم کا سنیما ورژن چار گھنٹے آٹھ منٹس پر مشتمل تھا۔ بعد ازاں اس میں تیس منٹ مذید جوڑ کر یہ ٹی وی پر منی سیریز کی صورت پیش کی گئی۔
Cleopatra-1963
248منٹس

اس فلم کو سنیما کی تاریخ کی مشکل ترین فلموں میں سے ایک مانا جاتا ہے۔ کلیو پیٹرا، میں 1500 سے زائد جونیئر ایکٹرز کی ایک فوج کے ساتھ بڑے پردے پر ایک ایسا کام پیش کرنے کی کوشش کی گئی جس کی تقلید ممکن نہ ہو۔
اس فلم کی خاص بات یہ بھی تھی کہ فلم کی ہیروئن ایلزیبتھ ٹیلر کے لیے 65 ڈریسز تیار کروائے گئے تھے۔ اس پروڈکشن ویلیو کے ساتھ یہ اپنے دور کی مہنگی ترین فلم قرار پائی۔
Zack Snyder’s Justice League-2021
242منٹس

جسٹس لیگ، ڈی سی کے مشہور زمانہ کامک بک سپر ہیروز پر مشتمل فلم ہے جو کہ2017 میں ریلیز ہوئی تھی۔ یہ فلم چونکہ اصل ڈائریکٹر کی غیر موجودگی میں جاس ویڈن نے مکمل کرکے ریلیز کی تھی لہٰذا فلمی حلقوں کے مطالبے پر 2021 میں زیک سنائیڈر نے اس فلم کو ڈائریکٹر‘ز کٹ کے طور پر ”زیک سنائیڈر‘ز جسٹس لیگ“ کے نام سے پیش کیا۔ فلم کے اوریجنل ورژن کے علاوہ کچھ نئے مناظر بھی شوٹ کرکے اس فلم میںشامل کیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے فلم کا دورانیہ چار گھنٹے دو منٹ ہوگیا۔
Hamlet-1996
242منٹس

ولیم شیکسپیئر کے کلاسک ناول ہیملٹ، سے ماخوذ اس فلم کو کئی حوالوں سے اہمیت حاصل ہے۔
کینتھ برانا، ناصرف اس فلم کے ڈائریکٹر اور اسکرین پلے رائٹر ہیں بلکہ انہوں نے ہیملٹ کا مرکزی کردار بھی بخوبی نبھایا ہے۔
اس کے باوجود کہ اس فلم کو شیکسپیئر کی کہانی پر بننے والی ایک اعلیٰ معیار کی فلم مانا جاتا ہے۔ ہیملٹ، نے باکس آفس پر کچھ خاص بزنس نہیں کیا۔
Once Upon a Time in America-1984
219منٹس

ڈائریکٹر سرجیو لیون کا نام ویسٹرن کاؤ بوائے فلموں کے حوالے سے معروف ہے لیکن ان کی یہ طویل فلم نیویارک کی سڑکوں پر شوٹ کی گئی ایک کرائم ڈرامہ ہے۔ سرجیو لیون نے اپنے اس ڈریم پروجیکٹ کو مکمل کرنے کے لیے 13 سال کے طویل وقفے کے بعد انڈسٹری میں واپسی کی۔ ونس اپون آ ٹائم ان امریکہ ، کو سرجیو لیون کے کیریئر کی سب سے بہترین گینگسٹر فلموں میں سے ایک مانا جاتا ہے۔
Lawrence of Arabia-1962
222منٹس

لارنس آف عربیہ، کو ڈائریکٹر ڈیوڈ لین کی سب سے بڑی فلم مانا جاتا ہے جس نے سات اکیڈمی ایوارڈز جیتے اورایک انتہائی بااثر فلم ثابت ہوئی۔ یہ فلم طویل دورانیے والی آسکر ونر کا اعزازبھی رکھتی ہے۔
Gone with the Wind-1939
221منٹس

جب آپ ہالی وڈ کی کلاسک رومینٹک فلموں کی فہرست ترتیب دیتے ہیں تو اس میں ابتدائی دور کی ایک ناقابل فراموش فلم گون ودھ دا ونڈ، کو سرفہرست دیکھتے ہیں ۔ یہ ایک ایسا شاہکار ہے جو کئی بار ری میک کیا گیا اور جس کا کلاسک رومینٹک فلم کے طورپر سب سے ذیادہ حوالہ دیا جاتا ہے۔ اس فلم نے مختلف شعبوں میں آٹھ اکیڈمی ایوارڈز جیتے۔
The Ten Commandments-1956
220منٹس

اس فلم کے پروڈیوسر، رائٹر اور ڈائریکٹر سیسل بی ڈیمائل تھے، جن کی یہ آخری فلم ہے لیکن ان کے کیریئر کی سب سے بڑی ہٹ بھی ثابت ہوئی۔ فلم کا موضوع حضرت موسیٰ علیہ اسلام کی تبلیغی زندگی کا احاطہ کرتا ہے۔
فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے چارلٹن ہیسٹن کا کیریئر میگا فلموں سے بھرپور ہے۔ جن میں بن حر، جیسی میگا کلاسک بھی شامل ہے۔
باکس آفس بزنس کے اعتبار سے اب تک یہ ہالی وڈ کی تاریخ کی ٹاپ ٹین فلموں میں آٹھویں نمبر پر ہے۔
Gods and Generals-2003
219منٹس

گیٹیز برگ، کے ڈائریکٹرران میگزویل نے اس بار بھی ایک ناول کی کہانی کو فلم کا موضوع بنایا لیکن یہ فلم باکس آفس پر ناکام رہی۔ تاہم طویل فلموں کی فہرست میں یہ ران میگزویل کی دوسری فلم کے طور پر درج ہوئی۔
گاڈز اینڈ جنرلز، کی کہانی اتحادی افواج کے جنرل تھامس جیکسن کے گرد گھومتی ہے جو یونین افواج کے خلاف طویل مزاحمت کے بعدفتح حاصل کرلیتا ہے لیکن اس جنگ میں اس کے ہاتھوں اپنے ہی فوجیوں کی ہلاکت ہوجاتی ہے۔
Heaven’s Gate-1980
219منٹس

طویل دورانیے کی فلموں کے ساتھ کئی طرح کے خدشات جڑے ہوتے ہیں۔ سب سے بڑا رِسک تو پروڈکشن بجٹ میں اضافے کا ہوتا ہے۔ اس کے بعد مووی تھیٹرز میں بھی فلم کے شوز کم ہوجاتے ہیں۔
ہالی وڈ کی طویل دورانیے کی فلموں میں ہیون‘ز گیٹ، واحد ایسی فلم ہے ، جسے ان دونوں خدشات نے نقصان پہنچایا۔ یعنی فلم کا بجٹ بھی عام فلموں سے کئی گناہ ذیادہ تھا اور باکس آفس پر بھی فلم نے بدترین ناکامی کا سامنا کیا۔
اس فلم سے قبل ڈائریکٹر مائیکل سیمینوکی دی ڈیئر ہنٹر، تہلکہ مچاچکی تھی لیکن ہیون‘ز گیٹ، نے مائیکل سیمینو کو وہ ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ، جس کا ازالہ وہ پورے کیریئر میں نہ کرسکے۔
اس ویسٹرن اسٹائل فلم کی کہانی 1890 کے پس منظر میں ہے۔ جب مغربی امریکہ کی ایک ریاست کے مقامیوں اور یورپ سے آنے والے مہاجرین کے درمیان زمین کی ملکیت کو لے کر تنازعہ شروع ہوتا ہے۔
It’s A Mad, Mad, Mad, Mad World-1963
210منٹس

تاریخ میں بہت کم کامیڈی فلموں کو ایپک ہونے کا اعزاز حاصل ہوا، جن میں سے ایک ’اٹزآ میڈ میڈ میڈ، میڈ ورلڈ، مانی جاتی ہے۔
فلم کی کہانی کے مطابق ایک مافیا ڈان کارایکسیڈنٹ میں دم توڑتے ہوئے اپنی مدد کے لیے آنے والے بائیک سواروں کو اپنی خفیہ دولت کے بارے میں بتاتا ہے جو کہ ایک پارک میں درختوں سے بنے ڈبلیو کے نیچے چھپائی گئی ہے۔ اس سے پہلے کہ یہ بائیکرز اس دولت تک پہنچیں۔ کئی اور لوگ بھی اس خفیہ دولت کے حصول میں لگ جاتے ہیں۔ اس کہانی کو کئی بار ری میک کیا گیا لیکن سب سے کامیاب ری میک بولی وڈ کی ڈبل دھمال، کو مانا جاتا ہے۔
Titanic-1997
210منٹس

طویل دورانیے کی فلموں میں ٹائی ٹینک، کو نئے دور کی سب سے کامیاب فلم مانا گیا۔ اگرچہ فلم کا بجٹ بھی عام فلموں سے کئی گنا ذیادہ تھا لیکن جب یہ فلم ریلیز ہوئی تو طوالت اس کی کامیابی کے آڑے نہیں آئی۔
فلم بین کیٹ ونسلیٹ اور لیونارڈو ڈی کیپریو کے مابین کیمسٹری میں اس قدر کھوگئے کہ انہیں فلم کی طوالت کا احساس تک نہیں ہوا۔
ٹائی ٹینک، کے ڈائریکٹر جیمز کیمرون ہیں۔ جنہوں نے اس فلم کے بعد بھی غیرمعمولی دورانیے کی فلم کی روایت برقرار رکھی۔ جیمز کیمرون کی ایواٹار 2، کا دورانیہ تین گھنٹے بارہ منٹ ہے جو کہ دسمبر 2022 میں ریلیز ہوئی تھی۔
The Irishman-2019
209منٹس

آئرش مین، پہلی جنگ عظیم کے ایک اہم کردار فرینک شیرن کی زندگی کا احاطہ کرتی فلم ہے، جسے مارٹن اسکورسیز نے ڈائرکیٹ کیا۔ایوارڈ وننگ فلم میکر کی اس فلم میں فرینک شیرن کی نجی زندگی کے کئی پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا، جس میں کرائے کے قاتل کا چہرہ بھی ہے۔ فرینک نے اپنے قریبی دوست جمی ہوفا کا قتل بھی کیا۔
اس فلم کی شوٹنگ میں بھی مارٹن نے کافی وقت لیا۔ آئرش مین، کی فلم بندی کا شیڈول 106 دن پر محیط تھا۔
Killers of the Flower Moon-2023
206منٹس

حال ہی میں ریلیز ہونے والی طویل دورانیے کی فلم ’کِلرز آف دی فلاور مون‘کے ڈائریکٹر بھی مارٹن اسکورسیزی ہیں۔ یہ فلم اسی نام سے 2017 میں شائع ہونے بیسٹ سیلنگ ناول کی کہانی پر بیسڈ ہے جوکہ حقیقی واقعات کا احاطہ کرتی ہے۔
فلم کی کہانی 1920 کے اوائل کی ہے۔ امریکی ریاست اوکلا ہوما کی کاؤنٹی اوسیج میں امیر ترین قبائلیوں کی ایک فیملی میں پراسرار طور پرقتل کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔ ان واقعات میں وہاں کا سفید فام باس ولیم کنگ ہیل شامل ہے جو اپنی مدد کے لیے بھتیجے ارنیسٹ برکھاٹ کو بھی اوسیج بلالیتا ہے جو ان قبائلیوں کی ایک امیر لڑکی سے دولت کی خاطر دوستی کرلیتا ہے۔ بعد ازاں جب انویسٹی گیشن بیورو کا ایک ایجنٹ معاملے کی چھان بین کرتا ہے تو یہ سارے کردار قانون کی گرفت میں آجاتے ہیں۔
اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ ہالی وڈ کے دو بڑے پرفارمرز، رابرٹ ڈی نیرو اور لیونارڈو ڈی کیپریو نے پہلی بار اسکرین شیئر کی ہے۔
کِلرز آف دی فلاور مون‘ کو اب تک کی سب سے مہنگی بائیوگرافیکل فلم قرار دیا گیاہے۔ جس نے مارٹن اسکورسیز کی اپنی دی آئرش مین کو بھی پیچھے چھوڑ دیاہے۔