پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کا شاندار پریمئر 19 مئی 2026 کو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقد ہوا، جس نے پاکستان اور چین کے ثقافتی تعلقات میں ایک نئی تاریخ رقم کردی۔ یہ پہلی پاکستانی فلم ہے جسے چین میں باقاعدہ منافع کی بنیاد پر نمائش کی اجازت دی گئی ہے۔

تقریب کی صدارت چین میں پاکستان کے سفیر خالد ہاشمی نے کی جبکہ بیجنگ کے معروف ہواشیا سنیما گھر کو فلم کے پوسٹرز اور فن پاروں سے خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔


افتتاحی تقریب میں فلم کے ہدایتکار بلال لاشاری، عالمی تقسیم کار ندیم مندو والا سمیت چینی فلمی صنعت اور حکومتی اداروں کے اہم نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب میں چائنا فلم انتظامیہ، چائنا فلم گروپ اور ہواشیا فلم ڈیولپمنٹ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔






فلم 21 مئی 2026 سے چین بھر کے ایک ہزار سنیماؤں پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ چین میں فلم کی تقسیم ہواشیا تقسیم کار کمپنی اور چائنا فلم تقسیم کار کمپنی کے ذریعے کی جارہی ہے۔






چین میں پاکستان کے سفیر خالد ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی نمائش پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کی تقریبات کے موقع پر ہورہی ہے۔ ان کے مطابق یہ فلم چینی ناظرین کو پاکستانی سنیما کی ثقافت، کہانی اور تخلیقی صلاحیتوں سے روشناس کرانے کا بہترین موقع فراہم کرے گی۔

ہدایتکار بلال لاشاری نے اس موقع کو اپنی ٹیم کے لیے “انتہائی جذباتی اور فخر کا لمحہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین میں ایک ہزار سنیما پردوں پر پہلی پاکستانی فلم کی نمائش ان کے خواب سے بھی بڑھ کر ہے۔




عالمی تقسیم کار ندیم مندو والا نے کہا کہ پاکستانی فلم کو چین میں منافع کی بنیاد پر نمائش ملنا پاکستانی سنیما کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط ثقافتی تعاون کا نتیجہ قرار دیا۔





یہ تاریخی نمائش پاکستان اور چین کے درمیان فلمی اور ثقافتی تعاون کے ایک نئے باب کی علامت قرار دی جارہی ہے، جس سے مستقبل میں دونوں ممالک کے فلم سازوں کے درمیان مزید مشترکہ منصوبوں کی راہ ہموار ہوگی۔



