Tuesday, November 10, 2026
پہلا صفحہبزنسگزشتہ دہائی میں پاکستان کے مجموعی بیرونی قرضوں میں تقریباً دو گنا...

گزشتہ دہائی میں پاکستان کے مجموعی بیرونی قرضوں میں تقریباً دو گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا

عالمی بینک کی جانب سے جاری کردہ ’انٹرنیشنل ڈیٹ رپورٹ 2026‘ کے مطابق 2025 میں ختم ہونے والی گزشتہ دہائی کے دوران پاکستان کے مجموعی بیرونی قرضوں میں تقریباً دو گنا اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ حجم 135.1 ارب ڈالر تک جا پہنچا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کا بیرونی قرضہ 2015 میں 68.673 ارب ڈالر تھا، جو بڑھ کر 2025 میں 135.107 ارب ڈالر ہو گیا۔ اس مجموعی رقم میں 107.076 ارب ڈالر سرکاری اور سرکاری ضمانت یافتہ قرضوں، 17.58 ارب ڈالر نجی (غیر ضمانت یافتہ) قرضوں جبکہ 10.45 ارب ڈالر قلیل مدتی قرضوں کی مد میں شامل تھے۔

سرکاری اور سرکاری ضمانت یافتہ قرضوں کی تفصیلات کے مطابق پاکستان کو کثیر الجہتی قرض دہندگان کے 56.83 ارب ڈالر، دو طرفہ قرض دہندگان کے 42.43 ارب ڈالر اور نجی قرض دہندگان کے 7.8 ارب ڈالر ادا کرنے تھے۔

چین پاکستان کا سب سے بڑا انفرادی قرض دہندہ تھا، جس کے ذمے پاکستان کے 22.4 ارب ڈالر واجب الادا تھے۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر عالمی بینک 19.2 ارب ڈالر جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک 16.83 ارب ڈالر کے قرض کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

سال 2025 کے دوران چین نے پاکستان کو فراہم کیے گئے 2 ارب ڈالر کے قرضوں کی واپسی کی مدت میں توسیع کی، جبکہ عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کے طویل مدتی معاشی استحکام کو سہارا دینے کے لیے ’توسیعی فنڈ سہولت‘ اور ’لچک و پائیداری سہولت‘ کے تحت مزید 2.3 ارب ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی۔

نیوز ڈیسک

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس