Monday, November 9, 2026
پہلا صفحہخبریںسعودی پاکستان مشترکہ نجی سرمایہ کاری فنڈ کے قیام کا معاہدہ طے...

سعودی پاکستان مشترکہ نجی سرمایہ کاری فنڈ کے قیام کا معاہدہ طے پا گیا

سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل نے پیر کے روز سعودی پاکستان پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے۔

اس حوالے سے کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دوستی اور برادرانہ تعلقات کسی بھی معاہدے سے زیادہ مضبوط اور گہرے ہیں۔ ان کے مطابق یہ تعلقات ہمیشہ جذباتی طور پر مستحکم رہے ہیں اور مجوزہ فنڈ انہیں مضبوط تجارتی بنیاد فراہم کرے گا۔ پاکستان سعودی عرب کا فطری شراکت دار ہے، جبکہ سعودی سرمایہ کار ایسے ممالک اور مارکیٹوں میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں جہاں انہیں اعتماد کے ساتھ ترقی کے مواقع میسر آسکیں۔

شہزادہ منصور نے مزید کہا کہ پاکستان کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اب ملک میں زیادہ مستحکم معیشت اور سرمایہ کاری کے حقیقی امکانات دکھائی دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ مل کر دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کے ذریعے کئی سالوں کی تحقیق اور غور و فکر کو عملی منصوبوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جن کے ثمرات دونوں ملکوں کے عوام تک پہنچیں گے اور ایک طویل المدتی شراکت داری کو فروغ ملے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عارف حبیب گروپ کے سربراہ عارف حبیب نے کہا کہ اس فنڈ کا قیام پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے امکانات پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کے مطابق طویل عرصے سے پاکستان کے بارے میں قائم منفی تاثرات نے زمینی حقائق کو پس منظر میں رکھا، تاہم یہ معاہدہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سنجیدہ سرمایہ کار حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے عملی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔

عارف حبیب نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کار ملکی معیشت پر اعتماد کے اظہار میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ سعودی شراکت دار بھی ان کے ساتھ مل کر سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی لینڈ بینک کی منیٹائزیشن کے لیے سرمائے کا استعمال غیر فعال اثاثوں کو پیداواری سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کا ذریعہ بنے گا۔

انہوں نے شہزادہ منصور اور دونوں ممالک کے نمائندوں کا شکریہ بھی ادا کیا، جنہوں نے فنڈ کے قیام کو ممکن بنانے کے لیے اپنا وقت، صبر اور تعاون فراہم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کو پاکستان پر سعودی اور دیگر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کی جانب ایک ابتدائی قدم قرار دیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اس مفاہمتی یادداشت کے تحت سیکڑوں ملین ڈالر مالیت کا مشترکہ فنڈ قائم کیا گیا ہے، جس کے حجم میں مستقبل میں مختلف شعبوں میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع کے مطابق مزید توسیع کی جاسکے گی۔ معاہدے کے تحت سعودی اور پاکستانی نجی سرمایہ کار مجوزہ فنڈ میں برابر سرمایہ فراہم کریں گے، جبکہ اس کی مجموعی سرمایہ کاری کا 75 فیصد پاکستان اور 25 فیصد سعودی عرب کے منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا۔

مجوزہ فنڈ کا مقصد تیزی سے ترقی کرنے والے نجی شعبے کے کاروباری اداروں میں سرمایہ کاری کرنا ہے، جن میں زراعت، کان کنی، تعمیرات اور دیگر صنعتیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ فنڈ حکومت پاکستان کے لینڈ بینک کی منیٹائزیشن کے منصوبے کے تحت سامنے آنے والے تجارتی مواقع کا بھی جائزہ لے گا، جن میں ہوائی اڈوں، موٹرویز، بندرگاہوں اور بحری شعبے کی ترقی سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔

اس اقدام کے ذریعے شفاف اور تجارتی بنیادوں پر سرمایہ کاری کرتے ہوئے سرکاری اراضی کے ان حصوں کی معاشی صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جاسکے گا جو اس وقت مکمل طور پر استعمال نہیں ہو رہے۔ فنڈ سعودی عرب کے مختلف علاقوں، بشمول مقدس شہروں میں بھی کاروباری اور تجارتی سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کرے گا۔ مفاہمتی یادداشت کے مطابق دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کو فنڈ مینجمنٹ کمپنی میں ایکویٹی شراکت داری کی پیشکش بھی کی جاسکے گی۔

اس تقریب میں سعودی عرب اور پاکستان سے جوائنٹ بزنس کونسل کے اراکین نے شرکت کی، جبکہ پاکستان کی جانب سے کونسل کے شریک چیئرمین اور فاطمہ گروپ کے سربراہ فواد مختار نے ورچوئلی شرکت کی۔

نیوز ڈیسک

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس