خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ وہ محفوظ ہاتھوں میں ہیں، تاہم پی ٹی آئی کے مستقبل کے بارے میں کوئی پیش گوئی نہیں کرسکتے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے چارسدہ کا مختصر دورہ کیا، جہاں انہوں نے دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی عمران الدین اور پولیس حوالدار کاظم جان کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے فیصلہ کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے خیبرپختونخوا کو دہشت گردی کے خلاف اقدامات کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
گورنر نے مزید کہا کہ دہشت گرد افغانستان میں امریکا کا چھوڑا ہوا اسلحہ پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں، جبکہ افغان سرزمین سے فتنۃ الخوارج پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے وطن کے دفاع کے لیے تمام سیکیورٹی اداروں کی بے مثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندر بھی دہشت گردوں کو ہدایات دینے اور ان کی مدد کرنے والے عناصر موجود ہیں۔
فیصل کریم کنڈی کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس کو آزادانہ طور پر کارروائی کرنے کا اختیار دے دیا گیا ہے، جبکہ وزیر داخلہ نے پولیس کو جدید اسلحہ اور ضروری سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب دہشت گردی کے خلاف اقدامات عملی طور پر بھی دکھائی دیں گے اور پاکستان کے آئین و قانون کو تسلیم نہ کرنے والوں کے ساتھ مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔
گورنر نے بتایا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے بھرپور صوبہ ہے اور اس سلسلے میں بین الاقوامی کمپنیوں کو معدنیات نکالنے کی دعوت دی گئی ہے۔ ان کے مطابق معدنی وسائل سے حاصل ہونے والے فوائد میں سب سے پہلے عوام، اس کے بعد صوبے اور پھر وفاق کا حصہ ہوگا۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لیے خیبرپختونخوا پولیس کے پاس وسائل انتہائی محدود ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پولیس کو جدید اسلحے سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ مؤثر انداز میں اپنے فرائض انجام دے سکے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی محفوظ ہاتھوں میں ہیں، تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مستقبل کے بارے میں وہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔



