Friday, June 5, 2026
پہلا صفحہخبریںآرٹس کونسل اور وزارتِ خارجہ چین کے تعاون سے پاکستان...

آرٹس کونسل اور وزارتِ خارجہ چین کے تعاون سے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال کی تقریبات کے سلسلے میں ’’چینی فلم اسکریننگ‘‘ کا انعقاد

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور ڈائریکٹر جنرل، وزارتِ خارجہ رابطہ دفتر کراچی کے مشترکہ تعاون سے پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال کی تقریبات کے سلسلے میں ’’چینی فلم اسکریننگ ‘‘کا انعقاد آڈیٹوریم ون میں کیا گیا جس میں عوامی جمہوریہ چین کے  قونصل جنرل H.E Yang Yundong نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ(ہلال امتیاز و ستارۂ امتیاز ) اور موفا کے ڈائریکٹر جنرل محمد عرفان سومروسمیت عوامی جمہوریہ چین کے وائس قونصل جنرل مسٹر فینگ دہینگ، وائس قونصل لی چونگ، محمد ثاقب صداقت(بنگلہ دیش)،قونصل جنرل انڈونیشیا Mr.Mudzakir، ہرمن ہارڈی ناتا بن احمد(ملائیشیا)، قونصل جنرل سری لنکا سنجیوا پٹی ویلا و، تھائی لینڈ کے Surashete Boontinand، ترکیے کے قونصل جنرل Ergul Kadak، برکینا فاسو کے ڈاکٹر سیف الرحمن، اعزازی قونصل جنرل فلپائن ڈاکٹر عمران یوسف، اعزازی قونصل ایتھوپیا ابراہیم خالد تواب، اعزازی قونصل جمہوریہ کوٹ ڈی آئیوری فضل کریم دادابھائی، رومانیہ بزنس کونسل کے عاطف فاروقی، اعزازی قونصل آئرلینڈ کراچی عثمان خان، TushnaPatel اعزازی قونصل خانہ ۔آسٹریا ، اعزازی تجارتی مشیر سوڈان طاب احمد، اعزازی قونصل جنرل یمن ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ، اعزازی قونصل جنرل مراکش مرزا اشتیاق بیگ، اعزازی قونصل جنرل مالاوی عبداللہ ذکی ، نائب صدر آرٹس کونسل منور سعید، سیکریٹری اعجاز فاروقی اور فرخ شہاب کے علاوہ پاک چائنہ سے محبت کرنے والے لوگ کثیر تعداد میں موجود تھے ۔ تقریب کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی، ثقافتی روابط اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔ تقریب کا آغاز پاکستان اور چائنہ کے قومی ترانے بجاکر کیا گیا جبکہ پاک چائنہ میوزیکل گانوں پر دونوں ممالک کو ٹریبیوٹ پیش کیا گیا۔ تقریب میں 75سالہ تقریبات کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا ۔فلم اسکریننگ میں “The Shadow Chaser” نمائش کے لیے پیش کی گئی جس میں جیکی چن نے مرکزی کردار ادا کیا۔ اس موقع پر استقبالیہ خطبہ میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ میں تمام مہمانوں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں، آج کی تقریب آرٹس کونسل میں ہونا میرے لیے اعزاز کی بات ہے ۔ پچھتر برس۔ تین چوتھائی صدی۔ ان دہائیوں میں، تبدیلیاں، چیلنجز اور نئے حالات سے عبارت رہیں، ہمارے دونوں ممالک کا تعلق نہ صرف قائم رہا بلکہ مزید مضبوط، وسیع اور خوشحال ہوا۔ جس طرح استقامت سے پاکستان اور چین نے ایک دوسرے کا ساتھ نبھایا ہے اس کی مثال دنیا میں کم ہی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلقات صرف تجارت، راہداریوں اور انفراسٹرکچر تک محدود نہیں۔ ہماری عوام کے دل ایک گہرے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی ہمیشہ اس یقین پر قائم رہی ہے کہ ثقافت کسی قوم کی ترقی کا محض ایک حاشیہ نہیں بلکہ اس کی اصل بنیاد ہوتی ہے۔گزشتہ دو برسوں کے دوران ہمیں کراچی میں ورلڈ کلچر فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کا اعزاز حاصل ہوا، جہاں دنیا کے 140 سے زائد ممالک سے فنکاروں نے شرکت کی۔ فن سرحدوں کو مٹا دیتا ہے۔ پاکستان اور چین کی دوستی ایک گہرا انسانی رشتہ ہے۔آج کی یہ ثقافتی تقریب اور فلم اسکریننگ اسی جذبے کی عکاس ہے۔سینما، دیگر عظیم فنون کی طرح ہمیں بغیر سفر کیے سرحدوں کے پار لے جاتا ہے۔ ہمیں مستقبل کی جانب بھی امید اور اعتماد کے ساتھ دیکھنا ہوگا۔قونصل جنرل عوامی جمہوریہ چین H.E Yang Yundong نے کہا کہ آج ہم پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی پچھترویں سالگرہ منا رہے ہیں، یہ صرف دو ممالک کی دوستی کا جشن نہیں بلکہ اعتماد، اخلاص، باہمی احترام اور مشترکہ مستقبل کے عزم کی ایک روشن علامت ہے۔ چین اور پاکستان ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ چین اور پاکستان کے تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط اور گہرے ہیں، انہوں نے کہا کہ آج دنیا تیزی سے بدل رہی ہے۔ ہمیں تعلیم، فنی تربیت، ڈیجیٹل معیشت، سائنس اور جدت کے میدان میں تعاون کو مزید فروغ دینا ہوگا تاکہ نوجوانوں کو بہتر روزگار اور روشن مستقبل فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ چین کا ماننا ہے کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے بڑا سرمایہ ہوتے ہیں۔ پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں جو مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے، میں پاکستان کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ دونوں ممالک کی لازوال دوستی ہمیشہ قائم و دائم رہے۔ ڈاریکٹر جنرل (موفا )عرفان سومرو نے کہا کہ 75سالہ پاکستان اور چین کی دوستی صرف چھوٹے پیمانے تک محدود نہیں بلکہ اسے ہم بڑے پیمانے پر بھی واضح طور پر دیکھ سکتے ہیں، چین کی ترقی پاکستان کے لیے ایک اہم سبق کی حیثیت رکھتی ہے، نظم و ضبط، طویل المدتی منصوبہ بندی اور انسانی وسائل میں سرمایہ کاری وہ عناصر ہیں جو قوموں کی تقدیر بدل دیتے ہیں، انہوں نے کہاکہ سی پیک اور اسٹریٹجک شراکت داری کے ذریعے پاکستان اقتصادی جدیدیت اور مشترکہ خوشحالی کی جانب گامزن ہے، اس وقت چین میں 80 کروڑ سے زائد افراد کو بااختیار بنایا جا چکا ہے، جو اس کی سماجی و اقتصادی ترقی کا ایک واضح ثبوت ہے۔آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی نے ثقافت، موسیقی، ادب اور سنیما کے ذریعے سفارت کاری کو ایک نئی جہت دی ہے۔ کراچی کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جا رہا ہے، اور یہ شہر تیزی سے ایک کلچرل گلوبل حب کے طور پر ابھر رہا ہے۔چائنیز فلم فیسٹیول عوامی روابط اور پاک-چین دوستی کے فروغ کی ایک شاندار مثال ہے، احمد شاہ ایک نوجوان اور اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے والے رہنما ہیں۔ انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ تقریب میں صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے مہمان خصوصی عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل H.E Yang Yundong اور موفا کے ڈائریکٹر جنرل محمد عرفان سومرکو آرٹس کونسل کی جانب سے گلدستے پیش کیے۔

نیوز ڈیسک

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس