پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے انکشاف کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق صورتحال سے پوری طرح آگاہ تھے، تاہم انہوں نے صوبائی حکومت کے خاتمے کے اقدام کو قابلِ تحسین قرار نہیں دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کی اپنی جماعت اور سیاسی مؤقف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسمبلی میں مولانا فضل الرحمن کی تقریر کے بعد انہوں نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ بعض الفاظ کے استعمال سے گریز کرنا مناسب ہوتا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ اب بھی سمجھتے ہیں کہ سیاسی تناؤ میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق حکومتی نمائندوں کی جانب سے جس انداز میں ردعمل دیا گیا، وہ بھی درست نہیں تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک، قوم اور جمہوریت کے مفاد میں سیاسی کشیدگی کو کم کرنا ضروری ہے۔
بانی پی ٹی آئی سے بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ 8 اپریل کے بعد، 380 دن کے وقفے سے ہونے والی یہ سلمان صفدر کی پہلی ملاقات تھی، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں پر پابندی کے باعث ہی اتنی شدید کشیدگی پیدا ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی قیدی کو 15 روز تک اس کے اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت نہ دینا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق اگر ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہتا تو حالات میں بہتری آ سکتی تھی، کشیدگی اس حد تک نہ پہنچتی اور خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کی صورتحال بھی پیدا نہ ہوتی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ وہ ملاقات کے لیے اپنے نام کو حتمی قرار دیے جانے کی تردید کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ سیاسی رہنماؤں کی ملاقات ممکن بنانے کی کوشش کی، اس سلسلے میں اپنے ساتھ علامہ ناصر عباس کا نام بھی پیش کیا، جبکہ سیاسی ملاقات نہ ہونے پر بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات کے لیے کوشش کی، جو بالآخر کامیاب رہی۔
بیرسٹر گوہر نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ اور اسپیکر کی بازیابی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے آج پشاور ہائیکورٹ میں سماعت مقرر تھی، تاہم درخواست لارجر بینچ کو بھیج دی گئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس درخواست پر جلد سماعت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور اسپیکر کا لاپتہ ہو جانا سمجھ سے بالاتر ہے۔
بیرسٹر سلمان صفدر کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ ملاقات خود ان کے لیے بھی ضروری تھی۔ ان کے مطابق سلمان صفدر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی گورنر راج اور ایمرجنسی کے معاملے سے آگاہ تھے، تاہم ملاقات کے دوران انہوں نے زیادہ تر سیاسی امور پر گفتگو نہیں کی۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سلمان صفدر اڈیالہ جیل سے کوئی ایسی بات لے کر نہیں آئے جسے سیاسی خبر بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس تاثر کی بھی تردید کی کہ بانی پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا حکومت کے خاتمے کو اچھا قرار دیا تھا۔ ان کے بقول، ملاقات میں ایسی کوئی بات نہیں ہوئی کہ بانی نے کہا ہو کہ اچھا ہوا کے پی کی حکومت ختم ہو گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک میں سیاسی انتقام اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے، جس سے جمہوریت کو خطرات لاحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کئی مرتبہ واضح کر چکے ہیں کہ ان کی وابستگی ریاست اور پاکستان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے غیر سیاسی بہنوں کو جیل میں رکھنے کو گناہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی درخواست پر نورین نیازی کو ایک روز اضافی اسپتال میں رکھا گیا۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ ان کی جماعت آل پارٹیز کانفرنس بلانے کے لیے بھی کوششیں کر رہی ہے۔ خیبرپختونخوا میں فارورڈ بلاک بننے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام ارکان اسمبلی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی رکن اچانک وزیراعلیٰ بننے کے لیے سامنے نہیں آئے گا اور اس اہم عہدے پر تقرری کا حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی ہی کریں گے۔
سوشل میڈیا پر بعض اکاؤنٹس کی جانب سے ریاست مخالف بیانیے سے متعلق چیئرمین پی ٹی آئی نے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت حکومت، فوج اور ریاست کو اپنا سمجھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست سے پہلے پاکستان ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو علاج کی سہولت فراہم کی جائے اور ان کے ذاتی معالجین کو ان تک رسائی دی جائے۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو اسلام آباد جیل یا بنی گالہ منتقل کرنے کے حوالے سے تاحال کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔



