سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے پر سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کارروائی کرتے ہوئے 39 ہزار 704 کمپنیوں کو غیر فعال قرار دے دیا۔
ایس ای سی پی کے مطابق مذکورہ کمپنیاں گزشتہ 4 سال سے اپنے سالانہ گوشوارے جمع نہیں کرا رہی تھیں۔ غیر فعال قرار دی گئی کمپنیوں کے نئے بینک اکاؤنٹس نہیں کھولے جا سکیں گے، جبکہ ان کے موجودہ اکاؤنٹس بھی مطلوبہ فائلنگ مکمل ہونے تک منجمد رہیں گے۔ اس کے علاوہ یہ کمپنیاں اس عرصے کے دوران مالیاتی خدمات سے بھی فائدہ نہیں اٹھا سکیں گی۔
ایس ای سی پی کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کمپنیاں اپنی تمام زیرِ التوا فائلنگ مکمل کرکے دوبارہ فعال حیثیت حاصل کرسکتی ہیں۔ غیر فعال رہنے کی مدت میں ان کمپنیوں کے ڈائریکٹرز کی تبدیلی بھی رجسٹر نہیں کی جا سکے گی۔
غیر فعال قرار دی گئی کمپنیوں میں لاہور کی 13,927، اسلام آباد کی 13,859، کراچی کی 4,868، پشاور کی 2,031، ملتان کی 1,861، فیصل آباد کی 1,384، گلگت کی 1,102، کوئٹہ کی 436 اور سکھر کی 236 کمپنیاں شامل ہیں۔
چیئرمین ایس ای سی پی کے مطابق کمپنیاں قانونی تقاضے پورے کرکے اپنی فعال حیثیت بحال کروا سکتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کو غیر فعال قرار دینے کا مقصد کارپوریٹ رجسٹر کو مزید قابلِ اعتماد بنانا اور غیر فعال کمپنیوں کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شفاف اور مستند کارپوریٹ رجسٹر کاروباری اعتماد کی بنیاد ہے، جبکہ غیر فعال کمپنیوں کو الگ کرنا مالیاتی نظام کے تحفظ کے لیے ایک اہم قدم ہے۔



