تھریز انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے پیش کیا جانے والا مقبول ڈرامہ سیریل ’درنجات‘ اپنی ریلیز کے بعد سے مسلسل کامیابیاں سمیٹ رہا ہے اور مقبولیت کے سابقہ ریکارڈز کو پیچھے چھوڑ چکا ہے۔
ڈرامہ سیریل ’درنجات‘ نے صرف 23 اقساط کے ذریعے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر غیر معمولی پذیرائی حاصل کی ہے۔ یہ ایک ارب 70 کروڑ ویوز حاصل کرنے والا پہلا پاکستانی ڈرامہ بن گیا ہے۔ محدود عرصے میں محض 23 اقساط کے ساتھ اتنی بڑی تعداد میں ویوز حاصل کرنا اس کی بے پناہ مقبولیت اور ناظرین کی بھرپور دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔
ڈرامے کی دلچسپ کہانی اور مضبوط اسکرپٹ نے شائقین کو اپنی جانب متوجہ کر رکھا ہے۔ مرکزی کرداروں ابوبکر اور زریاب کی زندگی میں پیش آنے والے نشیب و فراز اور ان سے جڑے واقعات نے ناظرین کے تجسس کو مزید بڑھا دیا ہے۔
ابوبکر اور زریاب کی زندگی میں رونما ہونے والے نئے واقعات اور غیر متوقع موڑ نے ناظرین کی دلچسپی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شائقین ہر ہفتے ڈرامے کی اگلی قسط کا بے چینی سے انتظار کرتے ہیں۔
ڈرامے کے مداحوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ مقبول ڈرامہ سیریل ’درنجات‘ کی نئی قسط ہر جمعے کو رات 8 بجے اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کی جائے گی، جبکہ ناظرین رات 9 بجے سے اے آر وائی پلس ایپ پر بھی اس قسط سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
یاد رہے کہ تھریز انٹرٹینمنٹ کے تحت تیار ہونے والے ڈرامہ سیریل ’درنجات‘ کی پروڈکشن ٹیم میں پاکستانی میڈیا انڈسٹری کی معروف شخصیات سلمان اقبال، سونیا خان اور مشہور اداکار و پروڈیوسر شہریار منور بطور پروڈیوسرز شامل ہیں۔



