وزیراعظم شہباز شریف کے دسمبر کے پہلے ہفتے میں روس کے سرکاری دورے پر روانہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے ساتھ وفاقی کابینہ کے ارکان اور دیگر اعلیٰ سرکاری عہدیدار بھی روس جائیں گے۔ اس دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان باضابطہ ملاقات اور مذاکرات متوقع ہیں، جن میں پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات، اقتصادی شراکت داری، علاقائی صورتحال اور بین الاقوامی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اہم دورے کے موقع پر پاکستان اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہونے کی بھی توقع ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ روس کے موقع پر ماسکو میں پاک روس بزنس فورم کے انعقاد کا بھی امکان ہے، جہاں دونوں ممالک کے کاروباری اور معاشی روابط کو مزید فروغ دینے اور باہمی تجارت میں اضافے کے مواقع کا جائزہ لیا جائے گا۔



