بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کے چھوٹے بھائی اجیتابھ بچن کی اہلیہ رامولا بچن نے ممبئی میں موجود ان کی معروف رہائش گاہ ’جلسہ‘ کو جیا بچن کے نام منتقل کرنے کے حوالے سے 1993 میں تیار کی گئی تحفے کی دستاویز کو باضابطہ طور پر چیلنج کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق رامولا بچن نے گزشتہ سات ماہ کے دوران جائیداد کی رجسٹریشن سے متعلق محکموں میں متعدد درخواستیں جمع کروائی ہیں۔
رامولا کا مؤقف ہے کہ تقریباً 30 سال قبل ہونے والی اس جائیداد کی منتقلی کے بارے میں انہیں آگاہ نہیں کیا گیا تھا اور نہ ہی ان سے اس کی اجازت لی گئی تھی۔
دستاویزات کی جانچ پڑتال سے معلوم ہوا ہے کہ 1993 میں ایک تحفے کے معاہدے (گفٹ ڈیڈ) کے ذریعے مذکورہ بنگلہ جیا بچن کے نام منتقل کیا گیا تھا۔ تاہم حیران کن طور پر سرکاری اراضی ریکارڈ، یعنی پراپرٹی کارڈ میں اب بھی رامولا بچن کا نام مشترکہ مالک کے طور پر موجود ہے، جبکہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے دستاویزات میں جیا بچن کو اس بنگلے کی مالکن ظاہر کیا گیا ہے۔
رامولا بچن نے ملکیت کی منتقلی کے لیے استعمال ہونے والی دستاویزات کی قانونی حیثیت پر بھی اعتراضات اٹھائے ہیں۔
ان کی جانب سے دائر شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ گفٹ ڈیڈ عام سادہ کاغذ پر تیار کی گئی تھی، جس پر نہ سرکاری اسٹامپ ڈیوٹی ادا کی گئی اور نہ ہی کسی گواہ کے دستخط موجود تھے۔
اس کے علاوہ رامولا نے مذکورہ دستاویز کی بعد ازاں رجسٹریشن اور مہاراشٹر حکومت کی ’ابھے یوجنا‘ اسکیم کے تحت اسے قانونی حیثیت دینے کے عمل کو بھی مشکوک قرار دیا ہے۔
یہ تنازع اب باضابطہ سماعت کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور اس کی کارروائی اندھیری میں ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز کے دفتر میں جاری ہے۔ ڈپٹی رجسٹرار فیاض ملانی نے شکایت موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ معاملے پر کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور تمام متعلقہ فریقین کو نوٹس بھیج کر ان سے جواب طلب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ممبئی کے علاقے جوہو میں قائم امیتابھ بچن کا دو منزلہ بنگلہ ’جلسہ‘ محض ان کی رہائش گاہ نہیں بلکہ شہر کی معروف شخصیات سے منسوب مشہور عمارتوں میں بھی نمایاں مقام رکھتا ہے۔
ماضی میں یہ بنگلہ ’منسا‘ کے نام سے پہچانا جاتا تھا اور معروف فلم پروڈیوسر این سی سپی کی ملکیت رہا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن کو 1982 میں فلم ’ستے پہ ستہ‘ میں کام کرنے کے معاوضے کے طور پر یہ بنگلہ دیا گیا تھا۔ بعد ازاں یہ جائیداد فروخت ہوگئی، لیکن جیا بچن کے مشورے پر امیتابھ نے اسے دوبارہ خرید لیا اور اس کا نام تبدیل کرکے ’جلسہ‘ رکھ دیا۔
یہ بنگلہ کئی دہائیوں سے امیتابھ بچن کے مداحوں کے لیے خصوصی کشش کا مرکز بنا ہوا ہے۔ ہر اتوار کو اداکار کے گھر کے باہر ان کے مداحوں کی بڑی تعداد جمع ہوتی ہے تاکہ وہ اپنے پسندیدہ اداکار کی ایک جھلک دیکھ سکیں۔ امیتابھ بچن بھی اکثر گھر سے باہر آکر ہاتھ ہلا کر اپنے مداحوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
تاہم اب اس معروف رہائش گاہ کی ملکیت کا معاملہ خاندانی تنازع کی شکل اختیار کر گیا ہے اور متعلقہ حکام اس پر کارروائی کر رہے ہیں۔ اس تنازع کا حتمی نتیجہ سامنے آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا کہ جائیداد کی منتقلی کے خلاف اٹھائے گئے قانونی اعتراضات پر کیا فیصلہ کیا جاتا ہے۔



