Friday, October 18, 2024
پہلا صفحہباکس آفسانڈین پنجابی فلمیں بھی پاکستانی سنیماگھروں کی رونقیں بحال کرنے میں ناکام؟

انڈین پنجابی فلمیں بھی پاکستانی سنیماگھروں کی رونقیں بحال کرنے میں ناکام؟

پاکستانی سنیما گھروں میں انڈین فلموں پر تو پابندی ہے تاہم پنجاب کے سنیما گھروں میں بھارتی پنجابی فلموں کی بہتات دیکھ کر گمان ہوتا ہے کہ آپ امرتسر یا جالندھر میں ہیں۔ لاہور سمیت فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال، سیالکوٹ اور گجرات کے سنیما گھروں میں پاکستانی فلموں کا وجود تک دکھائی نہیں دیتا تاہم ان شہروں کے سنیماگھروں میں بھارتی پنجاب کے اداکاروں کے قد آدم پوسٹرز اور پبلسٹی نمایاں دکھائی دیتی ہے۔

افسوس ناک امر یہ ہے کہ حالیہ عیدالاضحی پر ریلیز ہونے والی چھے پاکستانی فلموں کو ایک بھارتی پنجابی فلم ’کیری آن جٹا3‘ نے ملیا میٹ کردیا اور مقامی فلم سازوں کو کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
بھارتی پنجابی فلموں کی پاکستانی سنیماؤں میں نمائش کا دلچسپ پہلو یہ ہے کہ 2023 میں ریلیز ہونے والی بیشتر انڈین پنجابی فلمیں باکس آفس پر اچھا بزنس کرنے میں ناکام رہیں اور ان فلموں کے تقسیم کاروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ اس کے باوجود بڑی تعداد میں بھارتی پنجابی فلمیں مسلسل امپورٹ کی جارہی ہیں جبکہ مقامی ڈسٹری بیوٹرز پاکستانی فلموں پر اس قسم کا رسک لینے سے کتراتے ہیں اور پاکستانی فلموں کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں۔

صرف رواں برس پاکستان میں ریلیز ہونے والی بھارتی فلموں میں سے کیری آن جٹا 3، کے علاوہ کوئی پنجابی فلم باکس آفس پر قابل ذکر بزنس نہیں کرسکی۔ ناکام فلموں میں کلی جوٹا، نگاہ ماردا آئیں وے، سدھوز آف ساؤتھ ہال، لیمبر گنی، منڈا ساؤتھ ہال دا، جونیئر، چیتا سنگھ، بوہے باریاں، گڈی جاندی اے چھلانگا ماردی،اینی ہاؤ مٹی پاؤ، چڑیاں دا چمبا، شامل ہیں جبکہ انی دیا مذاق اے، اور کدے دادے دیاں کدے پوتے دیاں، نے اوسط درجے کا بزنس کیا۔

سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ انڈین پنجابی فلموں کی امپورٹ سے سنیماگھروں کی رونقیں بحال کرنا مقصود تھا لیکن ان میں سے بیشتر پنجابی فلمیں کراچی اور حیدرآباد میں ریلیز ہی نہیں کی جاتیں جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے سنیماگھروں میں بھی پنجابی فلموں کا بزنس نہ ہونے کے برابر ہے۔ ان حالات میں ہالی وڈ کی فلموں نے بڑی حد تک باکس آفس کو سہارا دے رکھا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس