Friday, October 18, 2024
پہلا صفحہخبریںفلم دودا، کا پبلک پریمئر۔ نئی تاریخ رقم ہوگئی

فلم دودا، کا پبلک پریمئر۔ نئی تاریخ رقم ہوگئی

پاکستان کی پہلی بلوچی فلم ’دودا‘ اُردو ڈب ورژن کے ساتھ پاکستان بھر کے سنیماؤں میں ریلیز کردی گئی ہے جسے فلم بینوں کی جانب سے کافی مثبت ردعمل مل رہا ہے۔ ملک بھر میں 40 سنیماؤں میں 58 شوز کے ساتھ اوپن ہونے والی فلم دودا، کراچی کے تین سنیماؤں کیپری، نیوپلیکس عسکری، اور ایٹریم، میں بلوچی زبان میں بھی ریلیز کی گئی ہے۔
دودا، کا پبلک پریمئر بھی بلوچی زبان میں کراچی کے کیپری سنیما میں منعقد کیا گیا جہاں 800 سے زائد سیٹوں والا سنیما گھر ہاؤس فل تھا۔ کافی عرصے بعد کسی سنگل اسکرین نے فیملیز کی اتنی بڑی تعداد دیکھی۔ کیپری سنیما انتظامیہ نے اپنے سوشل میڈیا پیجز پر اس ایونٹ کو ایک تاریخی لمحہ قراردیا جب تاریخ کی پہلی بلوچی فلم کاپہلا شو ہاؤس فل گیا۔

دودا، کے پریمئر میں جہاں پوری کاسٹ اور ٹیم موجود تھی وہیں شوبز انڈسٹری اور سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر کیپری سنیما کے مالک چوہدری فرخ نے تمام آڈیئنس کا کیپری آمد پر شکریہ ادا کیااور انہیں پہلی بلوچی فلم کی سنیماؤں پر ریلیز اور تاریخی پریمئر پر مبارک باد پیش کی۔

فلم کی ہیروئن ابیلا کرد، اینتا جلیل اور فضا اختر

کیپری سنیما کے جنرل منیجر عزیز خٹک اور میٹرو لائیو ٹی وی سے وابستہ ایس ایم شاکر نے انٹرول کے دوران فلم کی کاسٹ اور ٹیم سے مختصر بات چیت بھی کی جو آڈیئنس نے سنیما کے اسپیکرز پر سنی۔ اس موقع پر فلم کے پروڈیوسرز حبیب حسن، عمران ثاقب، ڈائریکٹر عادل بزنجو، ڈسٹری بیوشن ادارے میٹرو لائیو موویز کے عمر خطاب خان، فلم کے ہیرو شعیب حسن اور دیگر نے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

اداکار سلیم معراج، سہیل مرزا اور عرفان موتی والا

دودا، لیاری سے تعلق رکھنے والے ایک محنت کش بلوچ باکسر کی کہانی ہے جو معاش کی جنگ لڑنے کے ساتھ ساتھ اکھاڑے میں اپنے حریف سے بھی نبردآزما ہے۔ میٹرو لائیو موویز کو یہ اعزاز حاصل ہواہے کہ فلمی تاریخ کی پہلی بلوچی مووی اس ادارے کے توسط سے سنیماگھروں کی زینت بنی ہے۔ فلم میں معروف ماڈل اور اداکار شعیب حسن کو ایکشن میں دیکھا جاسکتا ہے۔ شعیب حسن اس فلم میں ٹائٹل رول نبھارہے ہیں۔ اس فلم کی خاص بات یہ بھی ہے کہ پاکستان کی پہلی بلوچی فلم بنانے اور اسے سنیماگھروں تک لانے کی خواہش دل میں ہی لیے دُنیا سے رخصت ہوجانے والے اداکار، فلم ساز و ہدایت کار انور اقبال مرحوم ناصرف اس فلم کا حصہ ہیں بلکہ یہ فلم انہیں ڈیڈیکیٹ بھی کی گئی ہے۔ اداکار و ہدایت کار انور اقبال مرحوم نے یہ فلم 1975 میں بنائی تھی جو سنیماگھروں کی زینت نہ بن سکی۔ فلم کی کہانی رومانوی داستان حمل و ماہ گنج، پرمبنی تھی۔

دودا، کی کاسٹ میں شعیب حسن، ابیلا کرد، فضا بی بی، عطا گل، عمران بلوچ، گمنام، وسیم بزنجو، شاہ بلوچ، شکیل مراد، ایاز علی، اختر دانش، شکور بلوچ اور انور اقبال شامل ہیں۔

فلم کے پروڈیوسرز عمران ثاقب اور حبیب حسن ہیں جبکہ اسکرین پلے رائٹر، سنیما ٹوگرافر اور ڈائریکٹر عادل بزنجو ہیں۔ نغمات عمران ثاقب، میوزک مزمل اور علیم بلوچ نے دیا ہے۔ اسکرپٹ ثاقب بزنجو، عادل بزنجو اور جاوید شائے نے لکھا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس