کامک بک اور سپر ہیروز کے پاکستانی مداح ایک عرصے سے ’مس مارول‘ کی ریلیز کے منتظر تھے کہ اس سیریز میں پہلی بار ایک پاکستانی کردار کو سپر ہیرو کے روپ میں دکھایا گیا ہے لیکن بدقسمتی سے اس سیریز کو پاکستان میں وہ پزیرائی نہ مل سکی، جس کی توقع کی جارہی تھی۔
مارول اسٹوڈیوز نے پہلی مسلم اور پاکستانی سپر ہیرو ’کمالہ خان‘ پر بنائی ویب سیریز ’مس مارول‘ ڈزنی پلس کے پلیٹ فارم سے 8 جون کودنیا بھر میں ریلیز کی اور اسے تین حصوں میں پاکستان کے سنیماؤں میں دکھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ تاہم 17 جون کو مس مارول، کے پہلے دو حصوں کو ایک ساتھ سنیما گھروں میں دکھائے جانے کا تجربہ بری طرح ناکام رہا۔ فلمی شائقین تو درکنار، مارول کے مداحوں نے بھی اس فلم کو دیکھنا گوارہ نہ کیا۔ اس ناکامی کے بعدآنے والے ہفتوں میں مس مارول، کے مذید چا ر ایپی سوڈز کی سنیماؤں میں ریلیز کو بھی فلمی پنڈتوں نے رسک قرار دے دیا ہے۔
مس مارول، کے پاکستان میں ڈسٹری بیوٹرنے اس سیریز کی تیسری اور چوتھی ایپی سوڈز یکم جولائی کو سنیماؤں میں دکھانے کا اعلان کیا ہے جبکہ پانچویں اور چھٹی ایپی سوڈز عید کی چھٹیوں کے دوران 15 جولائی کو ریلیز کی جائے گی۔
مس مارول، کی کہانی کمالہ خان نامی پاکستانی نژاد لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو کہ نیوجرسی میں مقیم ہے اور منفرد صلاحیتوں کی مالک ہے۔ اس کا خاندان اور خاص طور پر والد اور والدہ روایتی پاکستانی خاندان کی طرح دکھائے گئے ہیں۔ مس مارول، کا کردار پاکستانی نژاد کینیڈین ایمان ولانی نے نبھایا ہے جبکہ ویب سیریز میں دیگر پاکستانی اداکار بھی شامل ہیں، جن میں نمرہ بچہ، مہوش حیات، فواد خان اور ثمینہ احمد نمایاں ہیں جب کہ اس میں بھارتی اداکاروں نے بھی کام کیا ہے۔ اس ویب سیریز میں ناصرف اردو ڈائیلاگز سنائی دیتے ہیں بلکہ اس کے کردار اور سیٹس کو بھی روایتی پاکستانی انداز میں دکھایا گیا ہے۔
مس مارول، کے پہلے سیزن میں 6 قسطیں ہیں، جس میں تین پاکستانی گانے بھی شامل ہیں۔ ان گیتوں میں احمد رشدی کا مشہور زمانہ گیت ’کوکو کورینا‘، ناہید اختر کا ’سوہنیے آئی لو یو‘، اورایوا بی کا گانا ’روزی‘ بھی شامل ہے۔
سال 2013 میں جب مارول نے اعلان کیا تھا کہ وہ مس مارول کے کردار کو ایک سنہرے بالوں والی جنگی ہیرو سے بدل کر ایک مسلمان پاکستانی نژاد امریکی لڑکی کمالہ خان کا روپ دینے جارہے ہیں تو اسے متنازع اور خطرناک فیصلہ سمجھا گیا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ کامک بک کردار ماضی میں مردانہ اور سفید فام رہے ہیں جبکہ کمالہ خان ان سب کا الٹ تھی۔ اس سے قبل کامک کرداروں کو متنوع بنانے کی کوششوں مثلاً اسپائیڈر مین کی نسل تبدیل کرنے جیسے فیصلے کو فینز نے کافی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ عام طور پر کامکس میں مذہب یا ثقافت موجود ہوتی ہے لیکن کمالہ کے کردار کی یہی شناخت نہیں۔ وہ ایک عام سی کم عمر لڑکی ہے جو مسلمان اور پاکستان نژاد امریکی ہے جو ایک سپر ہیرو بھی ہے۔ وہ اسکول میں ان تمام مسائل کا سامنا کرتی ہے جو عام طور پر طالب علموں کو درپیش ہوتے ہیں۔
خوش قسمتی سے مرکزی کردار یعنی مس مارول کے لیے پاکستانی کینیڈین اداکارہ ایمان ولانی کی شکل میں ڈزنی کے ہاتھ سونا لگا جن میں وہ تمام باتیں موجود ہیں جو اس کردار کو کتاب میں ایک بہترین شکل دیتی ہیں۔ رابرٹ ڈاؤنی جونیئر بطور آئرن مین، ایما واٹسن بطور ہیرمائنی گرینجر جیسے اگر یہ کہا جائے کہ یہ کردار بھی ایمان کے لیے ہی بنا تھا تو شاید کچھ مبالغہ نہیں ہو گا۔
اس سیریز میں مہوش حیات کمالہ خان کی دادی کی جوانی کا کردار نبھارہی ہیں۔اس کردار کا نام عائشہ ہے۔
مارول اسٹوڈیوز کی اس ٹی وی سیریز کی ہدایات شرمین عبید چنائے کے علاوہ مزید تین نامور ہدایت کار عدیل العربی، بلال فلاح اور بھارتی نژاد امریکی خاتون میرامینن نے دی ہیں۔
مس مارول کا پریمیئر 4 جون کو لاس اینجلس میں ہوا تھا جس میں پاکستان سے مہوش حیات، نمرہ بچہ، ثمینہ احمد ، وردہ عزیز اور ساگر شیخ نے سیریز کی ڈائریکٹر شرمین عبید چنائے کے ساتھ شرکت کی تھی۔