Saturday, September 7, 2024
پہلا صفحہخبریںپاکستان کی نام ور مغنیہ نیرہ نور کی کراچی میں تدفین

پاکستان کی نام ور مغنیہ نیرہ نور کی کراچی میں تدفین

پاکستان کی معروف گلوکارہ نیرہ نور طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کرگئیں جن کی نماز جنازہ امام بارگاہ یثرب فیز 4 ڈیفینس کراچی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں شوبز سے وابستہ شخصیات اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں گلوکار تنویر آفریدی، جی ایم پی ٹی وی کراچی امجد حسین شاہ، جاوید شیخ، بہروز سبزواری، ایم ظہیر خان، شہزاد رضا، عمران رضا، خالد انعم، سلطان ارشد، قیصر نظامانی، نجف بالگرامی، فیصل قریشی، نوید رضا، فیضان الحق، عمران جاوید، متین محمود، راحت عنایت علی، اختر اللہ دتہ، شیری، شالم، منور سعید، ٹیپو شریف، عدنان شاہ ٹیپو، سلمان علوی، رانا طعارف، عادل ملک اور دیگر موجود تھے۔ ان کی تدفین ڈیفینس فیز 8 کے قبرستان میں کی گئی ہے۔

نیرہ نور کو بلبل پاکستان بھی کہا جاتا تھا۔ وہ پاکستانی فلمی صنعت، ٹیلی ویژن اور ریڈیو کے لیے پس پردہ و براہ راست فلمی گانے، غزلیں، نظم و گیت وغیرہ گانے والی گلوکارہ تھیں۔ ان کی شادی شہریار زیدی سے ہوئی جو کہ اب اداکاری کے شعبے میں نمایاں ہیں۔ ان کے دو بیٹے ہیں۔

نیرہ نور3 نومبر 1950 کو موجودہ ہندوستان کے صوبہ آسام میں پیدا ہوئیں۔ ان کا خاندان پیشہ ورانہ طور پر تاجر تھا جو امرتسر سے آسام کے شہر گوہاٹی میں آ بسا تھا۔ نیرہ کے والد مسلم لیگ کے ایک فعال رکن تھے۔ 1958ء میں یہ خاندان پاکستان آگیا۔ نیرہ نور کا خاندان نہ تو فن موسیقی سے وابستہ تھا اور نہ ہی نیرہ نے موسیقی کے حوالے سے کوئی رسمی تعلیم حاصل کی۔ نیرہ نور کو دریافت کرنے کا سہرا پروفیسر اسرار کے سر ہے جنہوں نے 1968 میں نیرہ نور کو اسلامیہ کالج لاہور میں ایک عشائیے کے بعد گاتے سنا تھا۔

سن اکہتر میں نیرہ نے پی ٹی وی کے سلسلہ وار کھیلوں کے لیے گیت گانے سے اپنے باقاعدہ فن کا آغاز کیا۔ تاہم بعد میں انہوں نے بہت سے نامور شعرا کا کلام نہائت دلکش انداز سے گاکر شہرت حاصل کی۔ ان کے بہترین گیتوں میں بہزاد لکھنوی کی یہ غزل ایک شاہکار ہے۔
اے جذبہء دل گر میں چاہوں ہر چیز مقابل آجائے
منزل کے لیے دوگام چلوں ا ور سامنے منزل آجائے

سن 2005 میں انہیں حکومت پاکستان نے صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس