Saturday, July 27, 2024
پہلا صفحہ تبصرے دی لیجنڈ آف مولا جٹ، ٹریلر ری ویو: اوریجنل کہانی سے کیا...

دی لیجنڈ آف مولا جٹ، ٹریلر ری ویو: اوریجنل کہانی سے کیا کچھ تبدیل کیا گیا ہے؟

موسٹ اویٹڈ پاکستانی پنجابی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کاٹریلر بالاخر ریلیز کردیا گیا۔ اس فلم کی ریلیز ڈیٹ اور ٹریلر کا پچھلے کئی سالوں سے شدت سے انتظار کیا جارہا تھا۔ فلم کا ٹیزر جوکہ تین برس قبل منظر عام پر آیا تھا، اس نے مووی بفس کی پیاس کو بڑھاوا دیا لیکن ٹریلر دیکھنے کے بعد اس فلم سے وابستہ امیدوں میں مذید اضافہ ہوگیا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی کنفرم ہوگیا ہے کہ فلم کی اوریجنل لینگویج پنجابی ہے۔

مولا جٹ اور نوری نت

اگرچہ فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی اور عمیمہ ملک کو پنجابی بولتا دیکھ کرمووی بفس کو حیرت کا سامنا کرنا پڑا ہے اور کچھ نے تو ان کی پنجابی ڈائیلاگ ڈلیوری پر ہلکی پھلکی تنقید بھی کی ہے لیکن مجموعی طور پرٹریلر کو ملنے والا ریسپانس غیر معمولی ہے۔ میری ذاتی رائے میں اس فلم کا اُردو میں ہونا پروڈیوسرز کے لیے ذیادہ فائدے مند ثابت ہوتا کیونکہ پنجابی سنیما کا بین الاقوامی سرکٹ محدود ہے اور پھر بولی وڈ کی ہندی فلموں نے جو مارکیٹ بنائی ہے، یہ فلم اس پورے اوورسیز سرکٹ کو ہلاکر رکھ دینے کی قوت رکھتی ہے۔ انڈین پنجابی فلموں نے بھی اوور سیز میں ایک بڑی مارکیٹ ضرور بنالی ہے لیکن یہ مارکیٹ ابھی تک سو کروڑ کلب کونہیں چھو سکی۔ اوورسیز میں اب تک کی بڑی ہٹ کیری آن جٹا 2، کو مانا جاتا ہے جس نے ورلڈ وائیڈ 57.67 کروڑ (انڈین) روپے کا بزنس کیا۔ اس کے بعد بالترتیب سوکن سوکنے، چل میراپت 2، اور ہونسلہ رکھ کا بزنس بھی 50 کروڑ سے اوپر کا ہے۔ اس کے جواب میں ہم یہ دلیل بھی دے سکتے ہیں کہ فلم کی زبان کوئی معنی نہیں رکھتی۔ ساؤتھ انڈیا کی بعض غیر ہندی فلموں مثلاً باہو بلی (60.7 ملین ڈالرز)، کے جی ایف2 (26.4 ملین ڈالرز)، اور آر آر آر(27.4 ملین ڈالرز)، وغیرہ نے اوور سیز میں غیر معمولی بزنس کیا۔

لیکن فلم کی زبان کراچی جیسے شہر میں معنی رکھتی ہے جہاں کئی سالوں سے کوئی پنجابی فلم بہتر بزنس نہیں کرسکی۔ ہوسکتا ہے کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ اس تاثر کا بھی خاتمہ کردے کہ کراچی سرکٹ میں پنجابی فلموں کی مانگ نہیں رہی۔ ماضی میں ہمارے سامنے مثالیں موجود ہیں کہ سید نور کی چوڑیاں، مجاجن، اور80 کی دہائی میں دھی رانی، سالا صاحب، چن وریام، شیر خان، جیسی پنجابی فلموں نے کراچی سمیت حیدرآباد کے سنیماؤں میں بھی زبردست رش لیا۔ 70 کی دہائی میں ریلیز ہونے والی مولا جٹ، کو بھی سندھ بھر میں زبردست کامیابی ملی تاہم اس زمانے میں صرف کراچی میں سو سے زائد سنیما گھر تھے جبکہ حیدرآباد سمیت اندرون سندھ میں سنیما گھروں کی تعداد سو کے لگ بھگ تھی۔ اب سندھ میں صرف تین اسٹیشنز کراچی، حیدرآباد اور لاڑکانہ رہ گئے ہیں، جہاں ڈیجیٹل سنیماؤں کی کل تعداد 10 ہے۔

مولا جٹ اور مکھو کے درمیان رومینس کا تڑکا

دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا اصل میدان پنجاب اور اسلام آباد سرکٹ ہے جہاں یہ فلم متوقع کامیابی کی صورت میں 35 سے 40 کروڑ کا بزنس کرسکتی ہے۔ ٹریڈ پنڈت اس فلم کے بزنس کے حوالے سے مختلف اندازے لگارہے ہیں۔ اکثریت کا ماننا ہے کہ یہ فلم ورلڈ وائیڈ 100 کروڑ روپے گراس بزنس کا حدف چھونے والی پہلی پاکستانی فلم ہوسکتی ہے۔ اگر واقعی ایسا ہوجاتا ہے تو یہ ناصرف پاکستانی فلم بلکہ پنجابی سنیما کے لیے ایک بڑی کامیابی ہوگی اور اس سے پوری فلم انڈسٹری کو فائدہ ہوگا۔

حمزہ علی عباسی کیا مصطفی قریشی سے ذیادہ اچھا نوری نت ثابت ہوسکیں گے؟

جہاں تک ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ اور ’دی اوریجنل مولا جٹ‘ کے موازنے کا تعلق ہے تو فلم کے ٹریلر نے واضح کردیا ہے کہ مولاجٹ کے صرف مرکزی خیال سے استفادہ کیا گیا ہے اور کہیں کہیں ان تاریخی و ناقابل فراموش مکالموں کو دہرایا گیا ہے جو اوریجنل مولا جٹ، کو ایک برانڈ کی حیثیت دینے کا باعث بنے۔

صائمہ بلوچ نے فلم میں عالیہ والا کردار نبھایا ہے

مولا جٹ، کے ٹریلر سے یہ بھی واضح ہوگیا ہے کہ فواد خان اس فلم میں مولا یعنی سلطان راہی والا کردار نبھارہے ہیں۔ حمزہ علی عباسی کو نوری نت بنایا گیا ہے۔ ماہرہ خان، فلم میں مکھو جٹی کا کردار نبھارہی ہیں جو کہ اوریجنل میں آسیہ نے پلے کیا تھا۔ فلم کے آغاز میں نوری نت کا بھائی ماکھا،ایک لڑکی کی عزت لوٹنے کی کوشش کرتا ہے۔ اسی لڑکی سے انتقام کی کہانی شروع ہوتی ہے۔ اوریجنل میں یہ کردار اداکارہ عالیہ نے ادا کیا تھا۔ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں یہ کردارصائمہ بلوچ نے پلے کیا ہے۔

رقص زنجیر پہن کر بھی کیا جاتا ہے؟ صائمہ بلوچ کا ڈانس نمبر کیا امپیکٹ چھوڑے گا؟

ماکھا نت، کا کردار اوریجنل میں اسٹار ولن ادیب نے ادا کیا تھا جبکہ اس بار یہ کردار گوہر رشید ادا کررہے ہیں۔ سیما بیگم نے اوریجنل میں مولاجٹ کی بھابی تانی کا کردار ادا کیا تھا، اس فلم میں اس کردار کو مولا جٹ کی منہ بولی ماں بنایا گیا ہے اور راحیلہ آغا نے یہ کردار ادا کیا ہے۔ اوریجنل مولا جٹ، کا ایک اہم کردار مودا گاڈی تھا جو کہ کیفی نے ادا کیا تھا۔ اس فلم میں یہ کردار فارس شفیع نے پلے کیا ہے جو کہ مولا جٹ، کا جاں نثار ساتھی ہے۔ دارو، جو کہ نوری نت اور ماکھے، کی بہن ہوتی ہے۔ اوریجنل میں یہ کردار چکوری نے ادا کیا تھا۔ دی لیجنڈ آف مولا جٹ، میں یہ رول عمیمہ ملک نے نبھایا ہے۔ ملک ہاکو (الیاس کاشمیری) اور اکو قاتل (اسد بخاری) بھی کچھ تبدیلیوں کے ساتھ اس فلم میں موجود ہیں۔ شفقت چیمہ جیوا نت (نوری اور ماکھے کا باپ) اور نیر اعجاز جگو کے کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

نیر اعجاز فلم میں اسد بخاری والا کردار ادا کرتے نظر آرہے ہیں

اب بات کرتے ہیں دونوں فلموں کے موازنے اور کہانی میں ردّوبدل کی۔
اوریجنل کہانی میں دارو، کا کردار جو کہ نوری نت کی بہن ہے اور اور جسے مولا جٹ اپنی بہن مان بنالیتا ہے۔ دی لیجنڈ آف مولا جٹ، میں وہ مولا جٹ پر اپنے حسن کا جال پھینکتی نظر آتی ہے۔ فواد اور عمیمہ کے درمیان بولڈ مناظر اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ اس فلم میں مولا جٹ نے اسے بہن نہیں بنایا ہے۔ یہ ابھی واضح نہیں کہ عمیمہ ملک، کی (اوریجنل کہانی کے مطابق) مودا گاڈی یعنی فارس شفیع سے شادی کا چکر چلایا گیا ہے یا نہیں۔

عمیمہ ملک بطور دارو نت، 80 کی دہائی کی ہاٹ گرل چکوری کے اوتار میں

فلم میں ایک اور اہم تبدیلی دونوں نت بھائیوں (نوری اور ماکھا) کے درمیان رائیولری ہے۔ اوریجنل میں ایسا نہیں تھا۔ دی لیجنڈ آف مولا جٹ، میں ماکھا کو اپنے ہی بھائی نوری نت سے سرداری کے معاملے میں رقابت کرتے دکھایا گیا ہے۔

گوہر رشید بطور ماکھا نت

میری ذاتی رائے میں اوریجنل کہانی میں کی گئی یہ تبدیلیاں فلم کو ناصرف ماڈرن بنانے میں معاون ثابت ہوئی ہیں بلکہ کہانی کو موجودہ دور کی آڈیئنس کے لیے قابل قبول بنانے کے حوالے سے بھی ضروری تھیں۔ مثلاً دونوں نت بھائیوں کی رائیولری ہو یا پھر مولا جٹ اور دارو کا رومینس، ان دونوں پہلوؤں نے کہانی کے مجموعی تاثر کو اُبھارا ہے۔ ہم یہ بات صرف ٹریلر کے تناظر میں کررہے ہیں، فلم دیکھنے کے بعد شاید یہ رائے اور مضبوط ہوجائے۔

دی لیجنڈ آف مولا جٹ، کے ٹریلر سے فلم کی پروڈکشن ویلیو کا بخوبی اندازہ ہوجاتا ہے کہ یہ اب تک پاکستان کی سب سے بڑی پروڈکشن کہلائے گی۔ فلم کے لیے لگائے سیٹس اور ویژول ایفیکٹس (سی جی آئی) نے اسے پاکستانی سنیما کی باہو بلی، ثابت کردیا ہے۔ ٹریلر دیکھ کر رومن ایمپائر فلموں کا تصور بھی ذہن میں آتا ہے اور اسی وجہ سے مووی بفس اسے گلیڈیٹر، سے متاثر فلم بھی کہہ رہے ہیں۔ یہ اس فلم کی ریلیز سے قبل پہلی اچیومنٹ ہے کہ اس کا موازنہ ساؤتھ انڈیا اور ہالی وڈ کی بڑی فلموں کی پروڈکشن ویلیو سے کیا جارہا ہے۔

دی لیجنڈ آف مولا جٹ، 13 اکتوبر کو پاکستان کے ساتھ اوور سیز میں بھی ریلیز ہورہی ہے اور خوش قسمتی سے اس فلم کو تقسیم کار ادارہ بھی وہ ملا ہے جو پاکستان میں فلم ڈسٹری بیوشن کے حوالے سے کامیابی کی ضمانت ہے۔ مانڈوی والا انٹرٹین منٹ اس سے قبل بلال لاشاری کی فلم ’وار‘ بھی ریلیز کرچکا ہے جس نے 25 کروڑ سے زائد بزنس کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس

ہمایوں سعید اور ثمینہ کی شادی کے حوالے سے بڑا انکشاف

ٹی وی اور فلم کے سینئر ڈائریکٹر سکندر شاہ نے اپنے حالیہ انٹریو میں سپراسٹار ہمایوں سعید اور ان کی اہلیہ...

عیدالاضحی پر کس پاکستانی فلم نے شائقین کو کیا متاثر اور کون رہا ناکام؟

عید الاضحی پر ریلیز ہونے والی فلموں نے توقعات کے مطابق بزنس نہیں کیا۔ حالانکہ فلموں کے بے پناہ رش کے...

عمروعیار، آ نیو بگنینگ، کیسی فلم ہے؟

سب سے پہلے صاف اور سیدھی بات، اس عید پر ریلیز ہونے والی چاروں پاکستانی فلموں عمروعیار، آ نیو بگنینگ، ابھی،...
- Advertisment -

مقبول ترین

ہمایوں سعید اور ثمینہ کی شادی کے حوالے سے بڑا انکشاف

ٹی وی اور فلم کے سینئر ڈائریکٹر سکندر شاہ نے اپنے حالیہ انٹریو میں سپراسٹار ہمایوں سعید اور ان کی اہلیہ...

عیدالاضحی پر کس پاکستانی فلم نے شائقین کو کیا متاثر اور کون رہا ناکام؟

عید الاضحی پر ریلیز ہونے والی فلموں نے توقعات کے مطابق بزنس نہیں کیا۔ حالانکہ فلموں کے بے پناہ رش کے...

عمروعیار، آ نیو بگنینگ، کیسی فلم ہے؟

سب سے پہلے صاف اور سیدھی بات، اس عید پر ریلیز ہونے والی چاروں پاکستانی فلموں عمروعیار، آ نیو بگنینگ، ابھی،...

سید نور نے چوڑیاں 2، بنانے کا اعلان کردیا

فلمی شائقین کے لیے یہ خبر کسی دھماکے سے کم نہ ہوگی کہ سید نور نے ایک بار پھر لاہور کی...

ریسینٹ کمنٹس