پاکستان نے انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں انگلینڈ کو ایک وکٹ سے شکست دے کر سہ ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 47ویں اوور میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو کامیابی کے لیے 242 رنز کا ہدف دیا۔
انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 105 رنز بنائے اور ٹیم کے سب سے کامیاب بلے باز رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ہیری بروک ایک، جو روٹ 5، ول جیکس 13 اور سیم کرن 42 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جبکہ گس ایٹکنسن نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ رضا اللہ اور عرفات منہاس نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ حارث رؤف کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
242 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے قومی ٹیم کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کئی اہم بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ سلمان علی آغا نے 26 اور سعد بیگ نے 32 رنز بنائے، جبکہ حسن نواز 15 رنز تک محدود رہے۔ بابراعظم اور فخر زمان نے 10، 10 رنز اسکور کیے، جبکہ صائم ایوب ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
مشکل صورتحال میں شاداب خان نے غیر معمولی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو شکست سے بچایا اور فتح دلانے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے شاداب خان نے شاندار سنچری اسکور کی اور 113 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیل کر قومی ٹیم کو ایک وکٹ سے کامیابی دلائی۔
اس شاندار فتح کے ساتھ پاکستان نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنالی۔



