موسٹ اویٹڈ پاکستانی پنجابی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو سندھ فلم سینسرز بورڈ نے بنا کسی قطع و برید کے عام نمائش کا سرٹیفکیٹ جاری کردیا ہے۔ مقامی سنیما میں فلم کے سینسر پری ویو کے موقع پر چیئر مین سندھ بورڈ آف فلم سینسرز جناب خالد بن شاہین، وائس چیئرمین سچل شیخ، بورڈ ممبرز بریگیڈیئر جہانگیر باجوہ، شفقت لارک، عمر خطاب خان اور گل رعنا موجود تھے۔
فلم کی سینسر رپورٹ کافی مثبت ہے اور سبھی بورڈ ممبرز نے فلم کی تعریف کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی معیار کی حامل فلم قرار دیا۔ اس موقع پر چیئر مین سندھ سینسرز بورڈ جناب خالد بن شاہین کا کہنا تھا کہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ، ایک ایسی فلم ہے جو پوری دنیا میں پاکستان کا فخر ثابت ہوگی اور خصوصاً پنجابی سنیما کے ری وائیول میں اس فلم کا اہم کردار ہوگا۔
دی لیجنڈ آف مولا جٹ، کا ٹریلر یوٹیوب سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پہلے ہی دھوم مچارہا ہے اور پڑوسی ملک بھارت سے بھی فلم کی پروڈیوسر عمارہ حکمت، ڈائریکٹر بلال لاشاری اور کاسٹ میں شامل مرکزی اداکاروں کے لیے نیک خواہشات کے پیغامات سوشل میڈیا کے توسط سے وائرل ہورہے ہیں۔ سبھی کو اس فلم کی ریلیز کا بے چینی سے انتظار ہے۔
دی لیجنڈ آف مولا جٹ، 13 اکتوبر سے مانڈوی والا انٹرٹین منٹ کے توسط سے ملک بھر کے سنیماؤں میں نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہے۔