Monday, November 9, 2026
پہلا صفحہثقافتسوشل میڈیا ریلز کے جوڑوں سے اپنی شادی کا تقابل نہ کریں'،...

سوشل میڈیا ریلز کے جوڑوں سے اپنی شادی کا تقابل نہ کریں’، کرن خان کی خواتین کو نصیحت’

پاکستانی میزبان و اداکارہ کرن خان نے شادی کو صرف رومانوی خواب سمجھنے والے نئے شادی شدہ جوڑوں کو نصیحت کی ہے کہ وہ اپنی ازدواجی زندگی کو سوشل میڈیا اور ریلز میں دکھائی جانے والی فرضی دنیا سے متاثر نہ ہونے دیں، کیونکہ وہاں پیش کیے جانے والے مناظر ہمیشہ حقیقی زندگی کی ترجمانی نہیں کرتے۔

کرن خان نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شادی سے متعلق معاشرتی غلط فہمیوں اور لڑکیوں کے ذہنوں میں موجود غیر حقیقی توقعات پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔

اداکارہ کے مطابق شادی کے بارے میں عام پائی جانے والی ایک بڑی غلط فہمی یہ ہے کہ شادی کے بعد زندگی مسلسل خوشگوار ہنی مون کی طرح گزرتی ہے، جہاں ہر طرف محبت، مسرت اور رومانس کا ماحول ہوتا ہے۔

انہوں نے اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ‘جب میری کم عمری میں شادی ہوئی تھی تو میری سوچ بھی بالکل ایسی ہی تھی اسی لیے جب کوئی چھوٹی سی ناراضگی بھی ہوتی ہے تو یہی سوچ ذہن میں آتی ہے کہ شاید میرا فیصلہ ٹھیک نہیں تھا-‘

کرن خان کا کہنا تھا کہ درحقیقت شادی کے ابتدائی مہینے ایک دوسرے کے ساتھ ذہنی ہم آہنگی پیدا کرنے اور ایڈجسٹ ہونے میں گزرتے ہیں، کیونکہ دو مختلف مزاج اور سوچ رکھنے والے افراد مشترکہ زندگی شروع کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران میاں بیوی ایک دوسرے کی شخصیت، عادات اور پسند ناپسند کے کئی نئے پہلوؤں سے واقف ہوتے ہیں، جنہیں سمجھنے اور اپنانے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔

اداکارہ نے جوڑوں کو مشورہ دیا کہ وہ سوشل میڈیا ریلز میں نظر آنے والے جوڑوں سے اپنی ازدواجی زندگی کا تقابل کرنے اور غیر حقیقی توقعات قائم کرنے کے بجائے اپنے تعلق کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کریں۔

ان کے مطابق جب ایک دوسرے کو سمجھنے اور ایڈجسٹ ہونے کا ابتدائی مرحلہ مکمل ہو جائے تو اس کے بعد ہنی مون پیریڈ کا آغاز ہوتا ہے، کیونکہ تب تک دونوں ایک دوسرے کے مزاج کو سمجھ کر مختلف حالات کو بہتر انداز میں سنبھالنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔

کرن خان نے مزید کہا کہ کامیاب ازدواجی تعلق کے لیے میاں بیوی کے درمیان گفتگو کا سلسلہ مسلسل جاری رہنا ضروری ہے۔ دونوں کو چاہیے کہ اپنے احساسات اور جذبات کا اظہار نرمی اور شائستگی سے کریں، جبکہ اختلاف یا ناراضی کی صورت میں غصے کے بجائے صبر اور سمجھ داری سے معاملہ حل کریں۔

واضح رہے کہ کرن خان نے ستمبر 2026 میں معروف کاروباری شخصیت مرزا اشتیاق بیگ سے دوسری شادی کی تھی۔ دونوں نے مسجد الحرام میں نکاح کیا، جس کے بعد عمرے کی سعادت بھی حاصل کی۔

نیوز ڈیسک

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس