پاکستانی اداکار عمران عباس نے ٹیلی ویژن ڈراموں سے کنارہ کشی اختیار کرنے کی وجہ بتا دی ہے۔ ان کے مطابق، وہ اب اداکاری کے بجائے اپنے کاروباری منصوبوں اور فلاحی سرگرمیوں پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔
عمران عباس اپنے مقبول ڈراموں اور دلکش شخصیت کے باعث ناظرین میں خاصی مقبولیت رکھتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بھی ان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے، جبکہ انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد تقریباً 86 لاکھ ہے۔ تاہم، گزشتہ کچھ عرصے سے وہ شوبز انڈسٹری میں سرگرم دکھائی نہیں دے رہے اور نہ ہی کسی نئے ٹیلی ویژن ڈرامے میں نظر آئے ہیں۔
حال ہی میں ایک ٹیلی ویژن پروگرام کے دوران فون پر گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے بتایا کہ وہ گزشتہ دو سے تین سال سے ڈراموں میں کام نہیں کر رہے اور فی الحال ٹیلی ویژن پر واپسی کا ارادہ بھی نہیں رکھتے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اس وقت ان کی تمام تر توجہ رئیل اسٹیٹ کے کاروبار پر مرکوز ہے۔ عمران عباس نے بتایا کہ وہ پیشے کے لحاظ سے آرکیٹیکٹ بھی ہیں اور ان دنوں اسلام آباد میں ایک بڑے تعمیراتی منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔
اداکار کے مطابق، وہ اسلام آباد ایئرپورٹ کے قریب ممتاز سٹی میں 12 منزلہ ٹاور تعمیر کر رہے ہیں، جس کا نام ایری رکھا گیا ہے۔ اس منصوبے کو مکمل ہونے میں تقریباً ڈھائی سال لگنے کی توقع ہے۔
عمران عباس کا کہنا تھا کہ ان دنوں ان کی زیادہ تر توجہ اسی منصوبے پر ہے اور وہ تعمیراتی سرگرمیوں کے لیے وقت نکال رہے ہیں۔
گفتگو کے دوران انہوں نے اپنی فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں بھی بات کی۔ اداکار نے بتایا کہ ان کے والدین انتقال کر چکے ہیں اور وہ غیر شادی شدہ ہیں، اس لیے ان پر بچوں کی پرورش کی ذمہ داری بھی نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ فلاحی کاموں میں بھرپور حصہ لینے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ یہ سرگرمیاں ان کے لیے صدقہ جاریہ بنیں اور آخرت میں بھی ان کے کام آ سکیں۔
عمران عباس اپنے فنی سفر کے دوران متعدد کامیاب پاکستانی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ ان کے معروف ڈراموں میں ’’نور العین‘‘، ’’میری ذات ذرہ بے نشان‘‘، ’’خدا اور محبت‘‘، ’’کوئی چاند رکھ‘‘، ’’محبت تجھے الوداع‘‘، ’’احرامِ جنون‘‘، ’’تمہارے عشق کے نام‘‘ اور ’’اکبری اصغری‘‘ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وہ بھارتی شوبز انڈسٹری میں بھی کام کر کے اپنی اداکاری کی صلاحیتوں کا اعتراف حاصل کر چکے ہیں۔



