تین روزہ گندھارا انڈی پینڈنٹ فلم فیسٹول، نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا) میں 20 اکتوبر سے شروع ہو رہا ہے۔ اس بات کا باقاعدہ اعلان ناپا کے چیف ایگزیکٹو جنید زبیری نے ایک پریس کانفرنس میں کیا۔
اس فیسٹول میں کئی شارٹ فلمیں اور فیچر فلمیں دکھائی جارہی ہیں۔ یہ تمام فلمیں سندھ بورڈ آف فلم سینسرز نے پاس کی ہیں۔ پریس کانفرنس میں سندھ سینسر بورڈکی نمائندگی عمر خطاب خان نے کی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنید زبیری نے کہا کہ اس فیسٹول کا مقصد ملک میں فلم سازی کو ترویج دینا ہے۔ یہ دوسرا موقع ہے کہ ناپا نے اس فیسٹول میں ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس فیسٹول میں دنیا بھر سے فلمیں دکھائی جارہی ہیں۔ پاکستانی فلموں اور فنکاروں کی خدمات کا اعتراف کرنا بھی اس فیسٹول کا ایک مقصد ہے۔ فیسٹول میں پاکستانی کلاسک فلم آئینہ، بھی دکھائی جائے گی جس کے ستارے ندیم اور شبنم ہیں جبکہ نذر الاسلام اس کے ہدایت کار تھے۔

فیسٹول میں ماضی کی اداکارہ ممتاز کے ساتھ بھی ایک نشست منعقد کی جائے گی جس کی میزبانی فلمی تاریخ دان اور اداکار راجو جمیل کریں گے۔
اس فیسٹول کی ایک خاص بات دستاویزی فلم ’صوفیوں کے گیت‘ کا پریمیر بھی ہے۔ یہ فلم قوالی کی تاریخ پر بنائی گئی ہے۔ اس کو برطانیہ میں مقیم فلمساز کامران انور نے پروڈیوس کیا ہے اور اس کی ہدایات شاہ رخ وحید نے دی ہیں۔ فلم بنانے والوں کے ساتھ پریمیر کے بعد ایک نشست اور پھر نجم الدین سیف الدین قوال پارٹی کے ساتھ ایک شام بھی منائی جائے گی۔ پریس کانفرنس میں قوال پارٹی اور شاہ رخ وحید نے بھی شرکت کی۔

معروف اداکارہ بیو ظفر بھی اس فیسٹول کا حصہ بنیں گی جب وہ اپنے بیٹے مشہور فلمساز امر احمد مرزا کی بنائی ہوئی فلم 12 آورز، پر ایک نشست میں شریک ہوں گی۔
اسی سال پاکستانی سنیماؤں پر ریلیز ہونے والی فلم مداری، بھی فیسٹول میں دکھائی جائے گی جس کے پروڈیوسر ناپا کے سند یافتہ علی رضوی ہیں اور فلم کی کاسٹ میں ناپا سے پڑھے ہوئے پارس مسرور، عباد عالم شیر، حماد صدیقی اور احمر حسین شامل ہیں۔
فیسٹول میں دستاویزی فلم مائی بختاور، کی نمائش بھی کی جائے گی۔ یہ فلم محکمہ ثقافت سندھ نے تیار کی ہے اور اس کی ہدایات شاہنواز بھٹی نے دی ہیں۔
فیسٹول میں پینل ڈسکشنز اور ورکشاپس بھی ہوں گی۔
ناپا کی کمیونٹی انگیج منٹ کی منیجر کلثوم آفتاب نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور بتایا کہ اس فیسٹول میں ناپا کے ساتھ کون کون تعاون کر رہا ہے۔
پریس کانفرنس میں اداکار شرافت علی شاہ، پارس مسرور، خالد احمد، جاوید جبار اور دیگر نے بھی شرکت کی۔