Friday, October 18, 2024
پہلا صفحہباکس آفسعیدالاضحیٰ پر پاکستانی فلموں کی بھرمار، 75 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

عیدالاضحیٰ پر پاکستانی فلموں کی بھرمار، 75 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

عید الاضحی پر اس برس ریکارڈ تعداد میں پاکستانی اور غیر ملکی فلمیں ریلیز ہورہی ہیں۔
یہ پاکستانی سنیما کی پچھتر سالہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ اتنی ذیادہ تعداد میں مقامی اور غیر ملکی فلمیں ریلیز کی جارہی ہیں۔
صرف پاکستانی فلموں کی بات کی جائے تو عید الاضحی پر چھے اُردو جبکہ ایک پنجابی فلم ریلیز کی جارہی ہے۔ اردو فلموں میں وی آئی پی، تیری میری کہانیاں، بے بی لیشئز ، آر پار، مداری، اوراینی میٹڈ مووی اللہ یار، شامل ہیں۔ جبکہ پنجابی فلم لاڑے دا ویاہ، بھی عید کی دوڑ میں شامل ہے۔
واضح رہے کہ اس فہرست میں وہ بی اور سی کلاس پنجابی یا پشتو فلمیں شامل نہیں ہیں، جن کی رسائی ڈیجیٹل سنیما گھروں تک نہیں ہے۔
اس ٹائپ کی دو سے تین پنجابی فلمیں جبکہ اتنی ہی تعداد میں پشتو فلمیں بھی عید پر ریلیز کی جائیں گی۔
ان بی کلاس فلموں کو بھی شامل کرلیا جائے تو اس عید الاضحی پر صرف پاکستانی فلموں کی تعداد ہی درجن بھرہوجاتی ہے۔
مقامی فلموں کے علاوہ اس عید پر ہالی وڈ کی میگا مووی ’انڈیانا جونز‘ بھی ریلیز کی جارہی ہے، جس کے بارے میں ٹریڈ جغادریوں کا دعوا ہے کہ یہ فلم سب کو بہاکر لے جائے گی۔

اس کے علاوہ بھارتی پنجابی فلم ’کیری آن جٹا تھری‘ بھی نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہے، جس کی اجازت حکومت پاکستان نے دے دی ہے۔
عید جیسے تہوار پر انڈین پنجابی فلم اور ہالی وڈ مووی کی نمائش کو لوکل انڈسٹری کے لیے خطرے کی گھنٹی اور تابوت میں آخری کیل کی مانند قرار دیا جارہا ہے تاہم اس حوالے سے حکومت کی کوئی واضح پالیسی نظر نہیں آتی۔
ماضی میں بھی ہم نے دیکھا ہے کہ غیر ملکی فلموں نے ہمیشہ پاکستانی فلموں کے بزنس کو نقصان پہنچایا ہے تاہم عید جیسے تہوار پر غیر ملکی فلموں کی نمائش لوکل فلم انڈسٹری کے ساتھ سراسر ذیادتی کے مترادف ہے۔
آئیے ذرا نظر ڈالتے ہیں کہ عید الاضحی پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلموں میں سے کون سی فلم ہماری ریٹنگ کے مطابق کس پوزیشن پر ہے۔
ہماری ریٹنگ کے مطابق اس عید پر باکس آفس ہائپ کے اعتبار سے پہلے نمبرپر ہے۔
پاکستان کی پہلی تھری ڈی اینی میٹڈ مووی
اللہ یار اینڈ دا 100 فلاورز آف گاڈ
بچوں کی سمر ویکیشنز بھی چل رہی ہیں، اوپر سے عید کا تہوار
یعنی یہ عید بچوں کے لیے ہونے والی ہے بہت خاص کیونکہ اللہ یار، ہے بچوں کا فیورٹ کردار۔

اس سیریز کی پچھلی فلم ’اللہ یار اینڈ دا لیجنڈ آف مارخور‘ 2018 میں ریلیز ہوئی تھی جس نے باکس آفس پر کافی تہلکہ مچایا تھا۔
اس بار اللہ یار ، کے فرنچائز کو تھری ڈی کا ایڈوانٹج بھی حاصل ہوگا اور یہ پاکستان کی پہلی اینی میٹڈ تھری ڈی فلم ہے۔
اللہ یار اینڈ دا 100 فلاورز آف گاڈ، کی ڈبنگ میں پاکستانی سنیما کی اسٹار کاسٹ نے حصہ لیا ہے جن میں ہمایوں سعید، علی ظفر، اقرا عزیز، میرا، بشریٰ انصاری اور اظفر جعفری شامل ہیں۔
فلم کے ڈائریکٹر عزیر ظہیر خان ہیں۔
فلم کا دورانیہ ایک گھنٹہ تیس منٹ ہے۔
باکس آفس ہائپ کے مطابق عید ریلیزز میں دوسرا نمبر ’تیری میری کہانیاں‘ کا ہے۔
سی پرائم کی پروڈکشن تیری میری کہانیاں، دراصل تین شارٹ فلمز کا مجموعہ ہے۔
اس انتھالوجی میں پہلی شارٹ فلم ”جن محل“ ہے۔ جو کہ ہارر کامیڈی ہے۔ کاسٹ میں رئیل لائف کپل حرا اور مانی پہلی بار اسکرین شیئر کرتے دکھائی دیئے ہیں۔ اس شارٹ فلم کے ڈائریکٹر نبیل قریشی ہیں۔

دوسری کہانی میں مہوش حیات اور وہاج علی پہلی بارسلور اسکرین پر مدمقابل ہیں۔ دیگر کاسٹ میںزاہد احمد اور آمنہ الیاس بھی شامل ہیں۔ یہ ایک رومینٹک ڈرامہ ہے جس کانام ”ایک سو تئیسواں“ ہے۔ اس کہانی کے خالق خلیل الرحمن قمر جبکہ ڈائریکٹر ندیم بیگ ہیں۔
تیسری شارٹ فلم کا نام ”پسوڑی“ ہے۔ اس فلم میں شہریار منور اورٹی وی اسٹار رمشا خان لیڈ پیئر کے طور پر جلوہ گر ہیں۔ یہ ایک رومینٹک کامیڈی ہے۔ اس فلم کی ڈائریکٹر مرینہ خان ہیںجبکہ رائٹر واسع چوہدری ہیں۔
تیری میری کہانیاں، کا دورانیہ 120منٹ ہے۔ اس فلم میں چار گانے بھی شامل ہیں۔
پبلک ڈیمانڈ کے مطابق عید کی فلموں میں تیسرے نمبر پر ہے۔ وی آئی پی
کراچی کی روایتی سیاست کے موضوع پر مبنی اس فلم میں نیا ہیرو ’زیک‘ متعارف کروایا گیا ہے، جو کہ فلم کا پروڈیوسر بھی ہے۔ ہیروئن بھی ٹی وی انڈسٹری کی غیر معروف اداکارہ نمرہ شاہد ہیں۔ دیگر کاسٹ میں سلیم معراج، عرفان موتی والا، احتشام الدین، اختر حسنین وغیرہ شامل ہیں۔

وی آئی پی، کے رائٹر اور ڈائریکٹر رانا کامران ہیں، جو بنیادی طور پر سنیماٹوگرافر ہیں اور یہ ان کی بطور ڈائریکٹر پہلی فلم ہے۔
فلم کے ٹریلر نے آڈیئنس پر بڑا کم زور امپیکٹ چھوڑا ہے۔ جس کے نتیجے میں عید پر فلم کا باکس آفس بزنس متاثر ہوسکتا ہے۔
وی آئی پی، کا دورانیہ دو گھنٹے 15منٹ ہے۔ فلم میں چار گانے میوزک لورز کے لیے خاصے کی چیز ہوسکتے ہیں۔
بڑی عید کی فلموں میں چوتھے نمبر پر بے بی لیشئز ہے۔

یہ ایک آؤٹ اینڈ آؤٹ رومینٹک میوزیکل فلم ہے۔ فلم میں شہروز سبز واری اور سائرہ یوسف لیڈ پیئر کے طورپر دکھائی دیئے ہیں۔ دونوں اسٹارز کی موجودہ باکس آفس پوزیشن اتنی اسٹرونگ نہیں کہ باکس آفس پر کوئی بڑا دھماکہ دیکھنے کو ملے تاہم رئیل لائف کے ایکس کپل کو طلاق کے بعد اسکرین پر یکجا دیکھنا ان دونوں ٹی وی اسٹارز کی فین فولوئنگ کے لیے سرپرائز فیکٹر ہوسکتا ہے۔
فلم کی دیگر کاسٹ میں انکور رادھے، عدنان جعفری، عامر قریشی، مانی، سبینہ سید، لیلیٰ واسطی، اور آدی عدیل وغیرہ نمایاں ہیں۔ فلم کے ڈائریکٹر عیسیٰ خان ہیں، جن کا تعلق اشتہاری فلموں کی دنیا سے ہے۔
فلم کا دورانیہ دو گھنٹے 15منٹ ہے۔
عید ریلیزز میں باکس آفس ہائپ کے مطابق پانچواں نمبر آرپار، کا ہے۔

لاک ڈاؤن کے پس منظر میں بنی اس فلم کا موضوع اگرچہ آؤٹ ڈیٹڈ ہوچکا ہے لیکن فلم کے ڈائریکٹر سلیم داد نے اس کہانی میں سسپنس اور تھرل کا عنصر شامل کرکے اسے آڈیئنس کی دلچسپی کا سامان بنانے کی کوشش ضرور کی ہے۔
فلم کی کاسٹ میں معمر رانا، ارم اختر، شامل خان، اریج چوہدری اوررانیا رانا شامل ہیں۔
فلم کا دورانیہ ایک گھنٹے 55منٹ ہے۔
چھٹے نمبر پر ایک انڈی فلم میکر سراج الثقلین کی ایکشن ڈرامہ فلم مداری، ہے۔ جسے آر پار، کی طرح عید فیسٹیول کے لیے مس فٹ سبجیکٹ قرار دیا گیا ہے۔ تاہم مداری، کے میکرز کانفیڈنٹ ہیں کہ وہ عید پر بڑی فلموں کے مقابلے پر شوز حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہوجائیں گے۔ مداری، مکمل طور پر نئی کاسٹ کی حامل ایک کم بجٹ مووی ہے۔ جس کا عید دنگل میں اسٹینڈ کرنا کافی مشکل دکھائی دیتا ہے۔

اس فلم کی کہانی بھی وی آئی پی، کی طرح کراچی کی سیاست کا منظر نامہ ہے لیکن یہ ایک ڈارک ڈرامہ ہے۔ ٹریڈ پیپل اس فلم کے عید کی دوڑ میں شامل ہونے پر حیران وپریشان ہیں کیونکہ ایسی فلموں کو عید پر شوز ہی نہیں ملتے۔ دیکھنا یہ ہے کہ مداری، والے اپنی پٹاری میں ایسا کیا جادو رکھتے ہیں کہ وہ درجن بھر بڑی فلموں کے سامنےجگہ بناسکیں۔
اس فلم کا دورانیہ ایک گھنٹہ چھیالیس منٹ ہے۔
ساتویں نمبر پر پنجابی فلم لاڑے دا ویاہ، ہے جو تقریباً نئی کاسٹ پر مشتمل ہے۔ یہ فلم صرف پنجاب کی حد تک ریلیز کی جارہی ہے لہٰذا اس کا مقابلہ بڑی فلموں سے نہیں ہے۔

ان ساتوں پاکستانی فلموں کی پروموشن زور و شور سے جاری ہے اور ہر فلم میکر کی خواہش ہے کہ وہ اس عید دنگل کا فاتح قرار پائے لیکن اصل میں اس ریس کا سرتاج کون ہوگا، اس کا فیصلہ عید کے تیسرے دن تک واضح ہوجائے گا۔
فی الحال تو ہم پاکستانی فلم میکرز کے لیے دعا ہی کرسکتے ہیں جن کا مقابلہ دو ایسی بڑی فلموں سے ہے جن کی دھوم پوری دنیا میں مچی ہے اور دونوں سپر ڈوپر ہٹ فرنچائز ہیں۔
یعنی ہیریسن فورڈ کی انڈیانا جونز، اور گپی گریوال کی کیری آن جٹا۔
ان ٹاپ فرنچائز کے ہوتے پاکستانی سنیما مالکان لوکل فلموں کو کتنا ٹائم اور شوز دیتے ہیں۔ ان سوالوں کے جواب عید کے پہلے روز کے بزنس سے ہی واضح ہوجائیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس