شاہ رخ خان کی فلم پٹھان، سے امیدیں تو کافی وابستہ تھیں لیکن یہ فلم ہندی سنیما کی تاریخ کے کئی ریکارڈز اس طرح تہس نہس کردے گی، اس کا اندازہ کسی کو نہ تھا۔
دراصل شاہ رخ کی پچھلی فلموں نے باکس آفس پر کچھ ذیادہ مذیداری نہیں دکھائی تھی، جس کے بعد بولی وڈ میں یہ تصور کرلیا گیا تھا کہ بادشاہ خان کا دور اب لَد چکا ہے اور شاہ رخ کی گیم میں واپسی تقریباً ناممکن ہے لیکن پٹھان، کے اوپننگ بزنس نے ثابت کردکھایا کہ بولی وڈ کے بادشاہ کو پکڑنا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن بھی ہے۔
پٹھان، ہندی سنیما کی تاریخ کی وہ پہلی فلم بن گئی ہے جس نے مسلسل پانچ دن 100 کروڑ روپے کی فگر کو کراس کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔
یہی نہیں، بلکہ اس فلم نے اوپننگ ویک اینڈ پر 313 کروڑ روپے کا بزنس کرکے بھی ایک نیا ریکارڈ بنالیا ہے۔ یہ رقم امریکی کرنسی میں 38.4 ملین ڈالر بنتی ہے۔
پٹھان، ہندی سنیما کی تاریخ میں وہ پہلی فلم ہے جس نے صرف پانچ دن میں ورلڈ وائیڈ 500 کروڑبزنس کا ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔
یہ رقم امریکی ڈالر میں 113.6 ملین بنتی ہے۔
پچیس جنوری کو ریلیز ہونے والی اس فلم کو اگرچہ ریلیز سے قبل ہی کئی تنازعات کا سامنا کرنا پڑا اور بھارتی انتہا پسندوں نے سنیما گھروں میں پٹھان کی پبلسٹی اور پوسٹرز تک جلا ڈالے لیکن شاہ رخ خان کے مداحوں نے اس کے باوجود کنگ خان کی اس فلم کا غیر معمولی سواگت کیا۔
فلم کی ایڈوانس بکنگ کھلتے ہی شاہ رخ کے فینز نے دیوانہ وار سنیما گھروں کا رخ کیا اور جن سنیما گھروں میں آن لائن ایڈوانس بکنگ کی سہولت دستیاب نہیں، وہاں ٹکٹوں کی ایڈوانس بکنگ کے لیے رات کو ہی ڈیرے ڈال لیے۔
کسی بولی وڈ فلم کی ایڈوانس بکنگ کے لیے ایسے مناظر کئی دہائیوں بعد دیکھنے کے ملے۔
پٹھان، ہندی کے علاوہ تیلگو اور تامل زبانوں میں ڈب کرکے بھی ریلیز کی گئی ہے۔ اس وجہ سے نارتھ انڈیا کے علاوہ ساؤتھ میں بھی اس فلم کا بزنس غیر معولی رہا۔
فلم نے صرف بھارت میں پہلے روز 57 کروڑ کا بزنس کیا جبکہ اوورسیز سرکٹ میں 4.5 ملین ڈالرز کی اوپننگ لی۔ یوں پٹھان، کے پہلے دن کے مجموعی کلیکشنز 106 کروڑ روپے رہے۔
ریلیز کے دوسرے دن پٹھان، نے 113.6 کروڑ کا ہدف حاصل کرکے ایک دن میں ہائیسٹ کلیکشنز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔
پٹھان، نے اتوار 29 جنوری تک پانچ دنوں میں صرف بھارت سے 280 کروڑ روپے کا نیٹ اور 327.6 کروڑ روپے کا گراس بزنس کرلیا ہے جبکہ اوور سیز سرکٹ سے پانچ دنوں میں فلم کے کلیکشنز27 ملین ڈالرز ہوچکے ہیں۔
اس طرح پٹھان، نے مجموعی طور پر ورلڈ وائیڈ 531.6 کروڑ روپے کا بزنس کرلیا ہے جو کہ امریکی کرنسی میں 68 ملین ڈالر کا بزنس بنتا ہے۔
پٹھان، کی اس غیرمعمولی سکسیس کا کریڈٹ اکیلے کنگ خان کو نہیں دیا جاسکتا کیونکہ پٹھان، کو اُٹھان دینے میں سلمان خان کی گیسٹ اپیئرنس کا بھی کردار ہے۔ اس کے علاوہ جان ابراہم کی کنگ خان کو برابر کی ٹکر اور دپیکا پڈوکون کی اداؤں کا بھی فلم کی کامیابی میں کلیدی کردار ہے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ پٹھان، کے تاریخی بزنس کی یہ اُٹھان، کیا اس فلم کو 1000 کروڑ کے ناقابل تسخیر ریکارڈ تک لے جانے میں کامیاب ہوپاتی ہے یا نہیں؟