چیئرمین سندھ بورڈ آف فلم سینسرز، خالد بن شاہین نے پاکستانی سینما کے لیجنڈ اداکار وحید مراد کی 43ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وحید مراد پاکستان کی فلمی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش نام ہیں، جنہوں نے اپنی منفرد اداکاری، دلکش شخصیت اور فنکارانہ صلاحیتوں سے کئی نسلوں کے فلم بینوں کے دلوں میں جگہ بنائی۔
خالد بن شاہین نے کہا کہ وحید مراد محض ایک اداکار نہیں بلکہ پاکستانی سینما کے ایک عہد کی پہچان تھے۔ ان کی فلمیں، مکالمے، گیت اور اسکرین پر ان کا منفرد انداز آج بھی شائقینِ سینما کے لیے کشش رکھتے ہیں۔ انہوں نے اداکاری کے ساتھ فلم سازی کے شعبے میں بھی اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کیا اور پاکستانی فلمی صنعت کو یادگار فلمیں دیں۔
انہوں نے کہا کہ وحید مراد جیسے عظیم فنکاروں کا فلمی ورثہ ہماری ثقافتی شناخت کا اہم حصہ ہے، جسے محفوظ کرنا، نئی نسل تک پہنچانا اور ان کی خدمات کا اعتراف کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
خالد بن شاہین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وحید مراد مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پاکستانی سینما ان کے فن، تخلیقی وژن اور خدمات سے ہمیشہ رہنمائی حاصل کرتا رہے۔




