وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے مشاورت اور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے اور توقع ہے کہ نئے سال کے آغاز میں اس معاملے پر کوئی فیصلہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ زیادہ دیر تک زیرِ بحث نہیں رہے گا۔ ان کے مطابق ریفرنڈم بھی نئے سال کے ابتدائی مہینوں میں متوقع ہے، تاہم اس کے انعقاد کی حتمی تاریخ بتانا ممکن نہیں۔ ان کا خیال ہے کہ ملک بھر میں نئے صوبے قائم کیے جانے چاہییں۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث کے مثبت نتائج سامنے آنے کی امید ہے اور جلد ہی اس معاملے پر کوئی واضح پیش رفت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے مختلف تجاویز زیرِ غور ہیں اور متعلقہ حلقوں کے درمیان مشاورت بھی جاری ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ریفرنڈم کے انعقاد میں زیادہ وقت باقی نہیں اور ان شاء اللہ یہ نئے سال کے ابتدائی حصے میں ہوسکتا ہے، تاہم وہ اس حوالے سے کوئی حتمی تاریخ دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کا معاملہ طویل عرصے تک زیرِ التوا نہیں رہے گا اور سال کے آغاز میں اس پر پیش رفت متوقع ہے۔
خواجہ آصف نے بتایا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق مشترکہ پلیٹ فارم پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنی رائے دینے کا موقع ملے گا، جبکہ جن امور پر اختلاف پایا جائے گا، انہیں باہمی اتفاق رائے سے حل کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریفرنڈم میں شامل کیے جانے والے سوالات کے مقاصد واضح رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ آئین میں ریفرنڈم کرانے کی گنجائش موجود ہے، تاہم آئینی ترمیم کے لیے مقررہ طریقہ کار سے ہٹ کر کوئی قدم نہیں اٹھایا جا سکتا۔
وزیر دفاع کے مطابق انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق مشاورت گزشتہ چار سے پانچ ماہ سے جاری ہے، لیکن ان کے خیال میں اب تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ دستاویز تیار نہیں کی گئی۔ نئے صوبوں کے بارے میں سامنے آنے والی تجاویز اور آرا کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک مشترکہ دستاویز مرتب کی جائے گی، جسے تمام اسٹیک ہولڈرز کی رضامندی سے حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دستاویز مکمل ہونے کے بعد اسے سب کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی ترمیم پر کام کیا جائے گا اور یہ ممکن بھی ہے، تاہم ترمیم کا حتمی مسودہ تمام متعلقہ فریقوں کے اتفاق رائے سے ہی طے پائے گا۔
ماضی کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلے ون یونٹ کا نظام قائم کیا گیا اور بعد ازاں صوبے بھی تشکیل دیے گئے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں اس نوعیت کی انتظامی تبدیلیاں پہلے بھی ہوتی رہی ہیں۔
18 ویں ترمیم کی اصل روح ختم کر دی گئی
18ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اس ترمیم کے تحت اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے کا جو وعدہ کیا گیا تھا، اس پر پوری طرح عمل درآمد نہیں ہوسکا۔ ان کے مطابق 18ویں ترمیم کی منظوری کے وقت جشن منایا گیا اور آج بھی اس کا سہرا اپنے سر لیا جاتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہم نے خود ہی اس ترمیم کی اصل روح ختم کردی ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر 18ویں ترمیم پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل کیا جاتا تو موجودہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔ وفاق کی طرف سے فراہم کیے جانے والے فنڈز بلدیاتی اداروں تک پہنچنے چاہییں تھے، مگر ایسا نہیں ہوسکا۔
سندھ اور پنجاب کو تقسیم کرنے کی اطلاعات بے بنیاد ہیں
نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے سندھ اور پنجاب کی تقسیم کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سندھ یا پنجاب کو تقسیم کرنے کی بات کرنا ایک انتہائی مؤقف ہے۔
خواجہ آصف کے مطابق ان کی رائے ہے کہ ملک کے تمام حصوں میں نئے صوبے قائم کیے جانے چاہییں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ پاکستان میں انتظامی معاملات چلانے کے لیے 32 ڈویژنز بھی موجود ہیں، لہٰذا اس معاملے کو محض سندھ یا پنجاب کی تقسیم کے تناظر میں نہیں دیکھنا چاہیے۔
وزیر دفاع نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق کوئی بھی حتمی فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور باہمی اتفاق رائے کے بعد ہی کیا جائے گا۔
بلاول کے بارے میں بیان پر پیپلز پارٹی کا ردعمل
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں دیے گئے ریمارکس پر پارٹی رہنماؤں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ”وفاقی وزیرِ دفاع کی جانب سے پیپلز پارٹی اور ہماری قیادت، بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں تبصروں کا یہ سلسلہ ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے ’ریڈ لائن‘ (حد) عبور کر لی ہے۔“
شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور جماعت کے خلاف توہین آمیز الفاظ کا استعمال، خصوصاً چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حوالے سے غیر محتاط بیانات، کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ معاملہ ان کے لیے ریڈ لائن کی حیثیت رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ خواجہ آصف نے 19 نومبر کو اپنی ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ انہیں توقع تھی کہ نئی نسل ان کی نسل کے مقابلے میں زیادہ بہتر اور اصولوں کی پابند ہوگی، تاہم انہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ لوگ بددیانتی میں مہارت رکھتے ہوں گے اور اتنی تیزی سے اپنا رویہ تبدیل کرلیں گے۔



