پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 30 کھلاڑیوں کے لیے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا ہے، جنہیں مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق بابر اعظم اور سلمان آغا کو ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں فارمیٹس کے کنٹریکٹس دیے گئے ہیں، جبکہ ٹیسٹ کیٹیگری میں اذان اویس، محمد عباس، ساجد خان اور سعود شکیل بھی شامل ہیں۔
وائٹ بال کنٹریکٹس حاصل کرنے والوں میں ابرار احمد، حارث رؤف، عرفات منہاس، فہیم اشرف، شاہین آفریدی اور فخر زمان شامل ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی کیٹیگری کے لیے حسن نواز، صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، شاداب خان، محمد سلمان مرزا، عثمان طارق اور نسیم شاہ کو منتخب کیا گیا ہے۔
ڈویلپمنٹ پلیئرز کے کنٹریکٹس کی فہرست میں علی رضا، عبدالصمد، عمران رندھاوا، محمد طحہٰ، سعد مسعود، شاہزیب خان، عبید شاہ، عبداللہ فضل اور طیب عارف کو جگہ دی گئی ہے۔
عاقب جاوید کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ کا قومی ٹیم میں انتخاب سے کوئی تعلق نہیں، کنٹریکٹ حاصل نہ کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے بھی ٹیم میں جگہ بنانے کے مواقع موجود ہیں۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ تینوں فارمیٹس میں کھیلنے والے کرکٹرز کو کنٹریکٹس دیے جارہے ہیں، جبکہ سینٹرل کنٹریکٹس کو کھلاڑیوں کی کارکردگی کے مطابق چار مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
عاقب جاوید نے کہا کہ محمد رضوان کے لیے قومی ٹیم کے دروازے بند نہیں کیے گئے اور وہ بھی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔ ان کے مطابق کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹس کی مالی مراعات میں اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ میچ فیس کی صورت میں بھی معقول معاوضہ دیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نئے کھلاڑیوں کو آگے آنے کے زیادہ مواقع دیے گئے ہیں اور نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کے لیے ڈویلپمنٹ کنٹریکٹس متعارف کرائے گئے ہیں۔
دوسری جانب ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ کا ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینا ایک مثبت پیش رفت ہے۔



