Saturday, November 21, 2026
پہلا صفحہثقافتسال 2026 کے پاکستان کے 8 مقبول ترین ڈرامے، جنہوں نے عالمی...

سال 2026 کے پاکستان کے 8 مقبول ترین ڈرامے، جنہوں نے عالمی ناظرین کی توجہ حاصل کی

سال 2026 پاکستانی ڈراموں کے حوالے سے کافی متحرک رہا۔ اس دوران محبت، گھریلو مسائل، سائبر کرائم، قانونی جدوجہد اور قبائلی تنازعات جیسے موضوعات پر مبنی کئی کہانیوں نے ناظرین کی دلچسپی حاصل کی۔

ان میں سے 8 ڈرامے خصوصی طور پر توجہ کا مرکز بنے، جن میں 7 اپنی آخری قسط نشر کرچکے ہیں، جبکہ 21 نومبر 2026 تک عمیرہ احمد کے قلم سے لکھا گیا ڈراما ’درِ نجات‘ اب بھی نشر کیا جارہا ہے۔

میری زندگی تم ہو

ہانیہ عامر نے ڈاکٹر آئرہ جبکہ بلال عباس خان نے کامیار کا کردار نبھایا۔ دونوں اداکار پہلی بار ایک ساتھ اسکرین پر دکھائی دیے اور ابتدائی قسط ہی سے ان کی جوڑی ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ بلال عباس کی انٹری سائبر ٹرک اور منفرد انداز کے ساتھ ہوئی، جس کے بعد لگ بھگ چار ماہ تک ناظرین کرداروں اور کہانی کے مختلف پہلوؤں پر تبصرے کرتے رہے۔

رادین شاہ کی تحریر اور مصدق ملک کی ہدایت کاری میں تیار ہونے والے اس ڈرامے کو کہانی کے حوالے سے تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا، تاہم یہ مسلسل ناظرین اور سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہا۔ مرکزی اداکاروں کے درمیان بہترین کیمسٹری اس کی مقبولیت کی نمایاں وجوہات میں سے ایک رہی۔

کیس نمبر 9

نجی نیوز چینل کے اینکر شاہ زیب خانزادہ نے پہلی بار کسی ڈرامے کے لیے اسکرپٹ لکھا۔ ’کیس نمبر 9‘ میں جنسی زیادتی اور انصاف کے حصول جیسے حساس موضوعات کو عدالتی کارروائی کے پس منظر میں پیش کیا گیا، جس کے باعث ناظرین میں خاصی بحث دیکھنے میں آئی۔

صبا قمر نے سحر معظم نامی کری ایٹو ڈائریکٹر کا کردار نبھایا، جسے اس کا امیر باس کامران، جو فیصل قریشی کے روپ میں سامنے آیا، جنسی زیادتی کا نشانہ بناتا ہے۔ کہانی کے اختتام پر سحر مقدمے میں کامیابی حاصل کرلیتی ہے۔ ڈرامے کی آخری قسط نشر ہونے سے قبل جیو نیوز نے اپنے نیوز چینل پر بھی اس موضوع کے حوالے سے خصوصی گفتگو پیش کی، جس سے ڈرامے کے سماجی پہلو اور اس کی اہمیت مزید اجاگر ہوئی۔

ایک اور پاکیزہ

اس ڈرامے میں سحر خان نے ایک نوآموز وکیل پاکیزہ کا کردار نبھایا، جبکہ نمیر خان انجینئر فراز کے روپ میں نظر آئے۔ دونوں کردار اس وقت ایک مشکل صورتحال میں پھنس جاتے ہیں جب انہیں اسلحے کے زور پر ویڈیو میں ریکارڈ کیا جاتا ہے اور بعدازاں یہ ویڈیو انٹرنیٹ پر لیک ہوجاتی ہے۔

ڈرامے کی کہانی سائبر کرائم اور ڈیجیٹل ہراسانی کے مسائل کے ساتھ معاشرتی رویوں کو بھی اجاگر کرتی ہے، جہاں متاثرین کی حمایت کرنے کے بجائے خاندان اکثر بدنامی کے خدشے کے باعث انہیں خاموش رہنے پر مجبور کردیتے ہیں۔ اس کے علاوہ کہانی میں مرد اور خواتین متاثرین کے ساتھ معاشرے کے مختلف برتاؤ کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر بہو

کبریٰ خان نے اس ڈرامے میں ڈاکٹر ثانیہ کا کردار نبھایا، جو ایک قابل اور پُرعزم ڈاکٹر ہے۔ تاہم، شادی کے بعد وہ ایک ایسے خاندان کا حصہ بن جاتی ہے جو اپنا اسپتال چلاتا ہے۔ اس دوران اسے اندازہ ہوتا ہے کہ میڈیکل کی ڈگری حاصل کرنے کے باوجود سسرال میں بہو کی حیثیت سے اسے مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شجاع اسد نے اس کے شوہر سلمان کا کردار ادا کیا، جس کی شخصیت میں متعدد خامیاں دکھائی گئی ہیں۔ ڈرامے کے اختتام پر اداکار نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بھی اپنے کردار کی ان کمزوریوں کا اعتراف کیا۔

2019 کے بعد یہ ہدایت کارہ مہرین جبار کا پہلا مکمل دورانیے کا ڈراما تھا، جس کی کہانی صنم مہدی زریاب نے لکھی۔ اس ڈرامے کو ’میری زندگی ہے تو‘ کا جمعہ اور ہفتہ والا نشر ہونے کا وقت دیا گیا۔ کہانی میں صبا حمید کے کردار ڈاکٹر فرحین کی موت کے منظر نے ناظرین کو جذباتی کردیا، جبکہ ہاجرہ یامین نے منہا کے کردار میں محدود مکالموں کے باوجود اپنی خاموش اداکاری سے شائقین کے دل جیت لیے۔

ہمراہی

نجی ٹی وی چینل نے ’ہمراہی‘ کو سال کی سب سے بڑی رومانوی کہانی کے طور پر متعارف کرایا۔ دانش تیمور اور حبا بخاری کی مقبول جوڑی ’دیوانگی‘ اور ’جان نثار‘ کے بعد ایک بار پھر ایک ساتھ اسکرین پر دکھائی دی، جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا گیا۔ ڈرامے کی پہلی قسط کو یوٹیوب پر ہی 80 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا۔

دانش تیمور نے ایک ٹوٹے ہوئے مگر بااثر خاندان کے وارث سَیحان غازی کا کردار نبھایا، جبکہ حبا بخاری نے دو کرداروں، ایلف اور بعد میں الہام، کی صورت میں اداکاری کی۔ زنجبیل عاصم شاہ کی تحریر اور بابر جاوید کی ہدایت کاری میں تیار ہونے والا یہ ڈراما بی جے پروڈکشنز کی پیشکش تھا۔

’ہمراہی‘ کی آخری قسط نشر ہونے سے قبل ہی یوٹیوب پر اسے 90 کروڑ سے زیادہ مرتبہ دیکھا جا چکا تھا۔ اس کی آخری قسط پہلے سینما گھروں میں پیش کی گئی اور بعدازاں اسی رات ٹی وی چینل پر بھی نشر ہوئی۔ تاہم، کہانی میں سَیحان کی موت نے مداحوں کو حیرت اور غم میں مبتلا کردیا۔ خوشگوار اختتام کی توقع رکھتے ہوئے سینما کی نشستیں بک کروانے والے ناظرین کو آخرکار ایک بالکل غیر متوقع انجام دیکھنے کو ملا۔

زنجیریں

ابتدائی پروموشنل پوسٹرز سے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ ڈرامے میں سجل علی اور عامر گیلانی کی محبت کی داستان پیش کی جائے گی، تاہم فرحت اشتیاق نے کہانی کو ایک نیا موڑ دے دیا۔ عامر گیلانی نے مدثر کا کردار نبھایا، جو رابعہ کا شوہر ہے۔ ایک جنونی تعاقب کرنے والے طورسم کے ہاتھوں مدثر کے قتل کے بعد رابعہ کی زندگی یکسر تبدیل ہوجاتی ہے۔

اس کٹھن مرحلے میں سربلند نامی کردار رابعہ کا سہارا بنتا ہے، جسے گلوکار سے اداکار بننے والے دانیال ظفر نے ادا کیا۔ سجل علی کے ساتھ ان کی اسکرین پر جوڑی ڈرامے کی خاص پہچان بن گئی اور ناظرین کے درمیان بھی اس پر خوب گفتگو ہوئی۔

شہزاد کشمیری کی ہدایت کاری میں تیار ہونے والا یہ ڈراما مومنہ درید کے ایم ڈی پروڈکشنز کی پیشکش تھا۔ قبائلی دشمنیوں اور نسل در نسل چلے آنے والے صدمات کے گرد گھومتی اس کہانی کی رفتار ابتدا میں قدرے سست رہی، لیکن وقت کے ساتھ اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوا اور سوشل میڈیا پر بھی اس کا چرچا بڑھ گیا۔ اگست میں ڈرامے نے یوٹیوب پر ایک ارب ویوز حاصل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

بس تیرا ساتھ ہو

مرحومہ سائرہ رضا کی تحریر کردہ اس ڈرامے میں روایتی انداز سے ہٹ کر ایک ایسے مرد کو مرکزی کردار بنایا گیا جو ظلم اور مختلف مشکلات کا سامنا کرتا ہے۔ سائرہ رضا اس سے قبل ’میرے ہمسفر‘ جیسے کامیاب ڈرامے بھی لکھ چکی تھیں۔ وہ جون 2025 میں انتقال کرگئی تھیں۔

’بس تیرا ساتھ ہو‘ میں فرحان سعید نے انس کا کردار نبھایا، جسے ناانصافی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ ثنا جاوید انسا کے روپ میں نظر آئیں۔ انسا کی زندگی اس وقت ایک نئے بحران میں مبتلا ہوجاتی ہے جب مصنوعی ذہانت کی مدد سے تبدیل کی گئی اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیل جاتی ہے۔ وہ انس سے شادی کرلیتی ہے اور بعدازاں انس کی کوششوں سے اسے جیل سے رہائی ملنے میں مدد ملتی ہے۔

یہ پہلا موقع تھا جب فرحان سعید اور ثنا جاوید نے کسی ڈرامے میں ایک ساتھ کام کیا۔ کہانی میں ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ناجائز استعمال کو بھی اجاگر کیا گیا، جب انس کا انتقام لینے والا کزن دونوں کی جعلی ویڈیو پھیلا دیتا ہے۔ قاسم علی مرید کی ہدایت کاری میں بننے والے اس ڈرامے میں فرحان سعید ایک بار پھر صبا حمید کے ساتھ دکھائی دیے، جو اس سے پہلے بھی ’میرے ہمسفر‘ میں ان کے ساتھ کام کرچکی ہیں۔

درِ نجات

عمیرہ احمد کی تحریر کردہ سیریز ’درِ نجات‘ بھی 2026 کے قابلِ ذکر ڈراموں میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔ اس میں درفشاں سلیم نے زریاب کا کردار نبھایا ہے، جسے اس کا طویل عرصے سے منگیتر زمیل دھوکا دے دیتا ہے۔ نعیمیر خان نے زمیل کا کردار ادا کیا، جس کی شخصیت کو ناظرین کی جانب سے زیادہ پسند نہیں کیا گیا۔ دوسری طرف شہریار منور ابوبکر کے کردار میں نظر آئے، جو ایک طویل عرصے سے زریاب سے یکطرفہ محبت کرتا ہے۔

ڈرامے کی کہانی میں یہ سوال بھی زیرِ بحث آیا کہ کیا زریاب کو اپنی زندگی کے دکھوں سے باہر نکلنے کے لیے ابوبکر جیسے کسی شخص کا ساتھ ضروری ہے؟ اس موضوع پر ناظرین کے علاوہ درفشاں سلیم نے بھی اپنی رائے پیش کی۔

یہ تھری انٹرٹینمنٹ کی پہلی ڈرامہ پروڈکشن ہے، جسے شہریار منور نے اے آر وائی کے سلمان اقبال اور سونیا خان کے اشتراک سے قائم کیا۔ اے آر وائی کے مطابق محض 23 اقساط کے دوران ڈرامے کو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مجموعی طور پر ایک ارب 70 کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا تھا۔ پروڈیوسر نے اس کی ٹی آر پی 16.5 بتائی، جبکہ ڈرامے کا او ایس ٹی ’الوداع الوداع‘ اسپاٹی فائی پاکستان کی او ایس ٹی پلے لسٹ میں پہلے نمبر پر رہا۔

ثاقب خان کی ہدایت کاری میں تیار ہونے والے اس ڈرامے نے ’ڈاکٹر بہو‘ کی جگہ نشر ہونا شروع کیا اور 21 نومبر 2026 تک اس کی نشریات جاری تھیں۔

نیوز ڈیسک

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس