بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بعد کوٹ لکھپت جیل لاہور میں پابندِ سلاسل دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں نے بھی چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو مشترکہ خط ارسال کردیا۔
جیل میں قید پی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری نے اپنے وکیل کے ذریعے یہ خط تحریر کیا۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کو ٹھوس شواہد کے بغیر مقدمات اور سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ رہنماؤں نے واضح کیا کہ وہ کسی قسم کی سیاسی رعایت یا خصوصی سہولت کے خواہاں نہیں، بلکہ آئین کی حکمرانی اور اپنے بنیادی حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست 2026 کو بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور ان کے طبی معائنے کے لیے ماہر امراض قلب اور آنکھوں کے ڈاکٹر پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔ تاہم عدالتی ہدایات کے باوجود انہیں اسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو ڈاکٹروں تک رسائی دینے کے ساتھ مناسب طبی سہولیات اور علاج بھی فراہم کیا جائے۔
خط میں چیف جسٹس پاکستان کی جانب سے جیلوں میں اصلاحات کے لیے قومی سطح پر کیے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا کہ جیل میں قید ہونے کے باوجود شہری اپنے آئینی حقوق سے محروم نہیں ہوتے۔ خط کے مطابق سابق وزیراعظم کے آئینی حقوق کی پامالی اور سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونا جیل اصلاحات کے دعوؤں پر کئی سوالات اٹھاتا ہے۔
خط میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جسمانی و ذہنی صحت کے حوالے سے شدید خدشات کا اظہار بھی کیا گیا۔ اسیر رہنماؤں نے کہا کہ اگر عدالتیں فوری انصاف فراہم کرنے سے قاصر ہیں تو کم از کم اپنے جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد ضرور یقینی بنائیں۔
قید پی ٹی آئی رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی کی اہلخانہ، وکلا اور بیٹوں سے ملاقاتوں کے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ زیرحراست سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کے زیرالتوا مقدمات اور اپیلوں کا غیرجانبدارانہ بنیادوں پر جلد فیصلہ کیا جائے، عدالتی کارروائیوں کو سیاسی اور انتظامی دباؤ سے آزاد رکھا جائے اور عدالتی احکامات کی جان بوجھ کر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔



