Sunday, November 22, 2026
پہلا صفحہخبریںایم-6 موٹروے کے حیدرآباد تا سکھر 121 کلومیٹر طویل دو سیکشنز کی...

ایم-6 موٹروے کے حیدرآباد تا سکھر 121 کلومیٹر طویل دو سیکشنز کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی

پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (پی3اے) کے بورڈ نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت حیدرآباد سکھر موٹروے (ایم-6) کے دو حصوں کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔

وزارت نجکاری کے مطابق یہ منظوری پاکستان کے شمال سے جنوب تک موٹروے کوریڈور کی تکمیل اور اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (پی3اے) کے بورڈ نے اپنے 46ویں اجلاس میں ایم-6 موٹروے کے پہلے اور دوسرے سیکشنز کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے، جن کی مجموعی لمبائی تقریباً 121 کلومیٹر ہے۔

اجلاس کی سربراہی وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی نے کی، جو پی3اے بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں۔ ان دونوں سیکشنز کی تعمیر کے لیے علیحدہ علیحدہ رعایتی معاہدے کیے جائیں گے۔

منصوبے کے تحت نجی سرمایہ کار 25 سال تک دونوں سیکشنز کی تعمیر اور آپریشن کے ذمہ دار ہوں گے اور ٹول ٹیکس سے حاصل ہونے والی آمدنی کے ذریعے اپنی سرمایہ کاری واپس حاصل کریں گے۔ رعایتی مدت مکمل ہونے پر موٹروے کو بہتر حالت میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے حوالے کیا جائے گا۔ حکومت صرف پہلے سیکشن کے لیے وائبلٹی گیپ فنڈنگ فراہم کرے گی، تاکہ منصوبے کو تجارتی لحاظ سے قابل عمل بنایا جا سکے اور مسافروں پر ٹول ٹیکس کا بوجھ مناسب سطح پر رکھا جا سکے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) دونوں سیکشنز کے لیے این ایچ اے کو ٹرانزیکشن ایڈوائزری خدمات فراہم کر رہا ہے۔ اس منصوبے کے تحت این ایچ اے اہل ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں سے بولیاں طلب کرے گا۔ 306 کلومیٹر طویل ایم-6 موٹروے چھ لین اور مکمل طور پر کنٹرولڈ رسائی پر مشتمل ہوگی، جسے مجموعی طور پر پانچ حصوں میں تعمیر کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق منصوبہ مکمل ہونے کے بعد حیدرآباد سے سکھر تک کا سفر تقریباً چھ گھنٹوں کے بجائے صرف تین گھنٹوں میں طے کیا جا سکے گا۔ فی الحال دونوں شہروں کے درمیان ٹریفک این-5 نیشنل ہائی وے کے ذریعے گزرتی ہے۔ اس شاہراہ کے گنجان آباد حصے مختلف شہروں اور بستیوں سے گزرتے ہیں، جہاں بھاری مال بردار گاڑیاں مقامی ٹریفک کے ساتھ سڑک استعمال کرتی ہیں۔ اس صورتحال کے باعث طویل عرصے سے محفوظ سفر ایک اہم مسئلہ بنا ہوا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ باقی تین سیکشنز، جو نوابشاہ سے سکھر تک پھیلے ہوئے ہیں، کی مالی معاونت اوپیک فنڈ اور اسلامی ترقیاتی بینک کے خودمختار قرضوں کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ یہ حصے اس وقت خریداری کے مرحلے میں ہیں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے ذریعے حکومت کو منصوبے کی مکمل لاگت ابتدا میں ادا کیے بغیر جدید موٹروے کی سہولت حاصل ہو سکے گی۔

نجکاری کمیشن کے مطابق معاہدے کی پوری مدت کے دوران موٹروے کی مرمت اور دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی نجی آپریٹر کے پاس ہوگی، جبکہ حکومت کو منصوبے کی آمدنی میں سے اپنا طے شدہ حصہ ملے گا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا کہ ایم-6 محض ایک شاہراہ نہیں بلکہ یہ پاکستان کے موٹروے نیٹ ورک کے ایک اہم رابطے کو مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری شعبے کی نگرانی کو نجی سرمایہ کاری اور مہارت کے ساتھ یکجا کرنا چاہتی ہے۔ ان کے مطابق حکومتی ترجیحات میں “قابل اعتماد سرمایہ کاروں کو راغب کرنے، شفاف خریداری کو یقینی بنانے اور منصوبوں کو تیاری سے لے کر عمل درآمد تک لے جانے پر ہے۔

محمد علی نے بتایا کہ حکام کو امید ہے کہ اس موٹروے سے کراچی کی بندرگاہوں اور صنعتی مراکز، زرعی علاقوں اور شمالی خطوں کی منڈیوں کے درمیان سامان کی ترسیل تیز ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے نقل و حمل کے اخراجات میں کمی آئے گی اور اندرون سندھ موٹروے کے اطراف کاروباری سرگرمیوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ یہ اقدام بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں نجی سرمایہ کاری بڑھانے کی حکومتی پالیسی کا حصہ ہے۔

وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ اس پیش رفت سے نجکاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے امور کو ایک مربوط ادارہ جاتی نظام کے تحت لایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق پی پی پی کے زیر غور منصوبوں میں صحت، پانی، ہوا بازی اور سیاحت کے شعبے بھی شامل ہیں۔

نیوز ڈیسک

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس