پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے راولپنڈی میں کھیلے جا رہے پاکستان اور سری لنکا کے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز، 19 نومبر کو شائقین کے لیے اسٹیڈیم میں مفت داخلے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن تماشائی بغیر ٹکٹ اسٹیڈیم میں داخل ہوسکیں گے۔ ترجمان کے مطابق اس فیصلے کا مقصد زیادہ سے زیادہ کرکٹ شائقین کو میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم تک لانا ہے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستانی بولرز کی پہلی اننگز میں شاندار کارکردگی کے بعد سری لنکن ٹیم کو اننگز کی شکست کا سامنا کرنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں 227 رنز کی نمایاں برتری حاصل کی تھی، جس کے بعد سری لنکا کو دوسری اننگز میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ پاکستان کی اس برتری کو ختم کرنے اور اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے سری لنکا کو مزید 153 رنز درکار ہیں، جبکہ اس کی صرف 7 وکٹیں باقی ہیں۔



