معروف سندھی لوک گلوکارہ شازیہ خشک نے موسیقی سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے گلوکاری چھوڑنے کی وجہ بھی بیان کردی۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران شازیہ خشک نے بتایا کہ وہ 2018 سے گلوکاری ترک کرچکی ہیں اور انہوں نے یہ قدم اللہ تعالیٰ اور اسلام کی خاطر اٹھایا۔
شازیہ خشک سندھی لوک موسیقی کی نمایاں گلوکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ انہیں اپنے مشہور گیت ’’لال میری پت‘‘ کے ذریعے عالمی سطح پر پہچان ملی۔ انہوں نے دنیا کے بڑے اسٹیجز کے علاوہ مختلف مزارات پر بھی اپنی آواز کا جادو جگایا۔
گلوکارہ نے بتایا کہ جنید جمشید کے انتقال کے بعد وہ گہرے صدمے سے گزریں اور اسی کیفیت میں انہوں نے موسیقی چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ بعد ازاں بتدریج انہوں نے خود کو اس فیصلے کے لیے تیار کیا اور پردہ کرنا شروع کردیا۔
شازیہ خشک کے مطابق ان کے جڑواں بچے بیرونِ ملک رہائش پذیر ہیں، تاہم انہیں یقین ہے کہ وہ کبھی خود کو تنہا محسوس نہیں کریں گی کیونکہ زندگی کے اس سفر میں اللہ تعالیٰ ہمیشہ ان کے ساتھ ہے۔
واضح رہے کہ شازیہ خشک گزشتہ کچھ عرصے سے عوامی منظرنامے سے دور تھیں۔



