Sunday, November 15, 2026
پہلا صفحہخبریںاسحاق ڈار اور ای سی او سیکریٹری جنرل کا علاقائی روابط اور...

اسحاق ڈار اور ای سی او سیکریٹری جنرل کا علاقائی روابط اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان سے ملاقات کے دوران اقتصادی تعاون، علاقائی روابط اور باہمی معاشی انضمام کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ای سی او اجلاس کی میزبانی کے لیے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ ملاقات اتوار کو اسلام آباد میں ای سی او وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی، جس میں علاقائی تعاون کو وسعت دینے، اقتصادی روابط مضبوط بنانے اور رکن ممالک کے درمیان معاشی انضمام کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ای سی او خطے میں علاقائی تعاون، باہمی روابط اور معاشی انضمام کو فروغ دینے کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے پاکستان کی زیر صدارت ای سی او کے لیے طے شدہ موضوع ’مضبوط اور مستحکم اقتصادی تعاون تنظیم کے لیے علاقائیت کا احیا‘ کے تحت ملک کی ترجیحات بھی بیان کیں۔

اسحاق ڈار نے 2027 میں اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کے لیے پاکستان کے عزم کا ایک بار پھر اظہار کیا۔

ای سی او کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان نے وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس کے شاندار انتظامات، بہترین مہمان نوازی اور مؤثر رابطہ کاری پر پاکستان کی تعریف کی۔ انہوں نے ای سی او کی آئندہ صدارت سنبھالنے اور 2027 میں وزرائے کونسل کے اجلاس سمیت سربراہی اجلاس کی میزبانی کی ذمہ داری ملنے پر بھی پاکستان کو مبارک باد پیش کی۔

ڈاکٹر اسد مجید خان نے علاقائی تعاون اور کثیرالجہتی اشتراک کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ای سی او کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور پاکستان کی صدارت کے دوران تنظیم کی ترجیحات کی معاونت کے لیے سیکریٹریٹ کی کوششوں کو قابل قدر قرار دیا۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کی صدارت کے دوران حکومت اور ای سی او سیکریٹریٹ کے مابین قریبی تعاون اور رابطہ کاری جاری رکھی جائے گی، تاکہ طے شدہ اقدامات پر مؤثر انداز میں عمل درآمد ہو اور علاقائی ترقی و خوش حالی کے مشترکہ مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔

نیوز ڈیسک

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس