مائیکروسافٹ کی آؤٹ لک اور کوپائلٹ سمیت دیگر سروسز 24 گھنٹے سے زائد تعطل کے بعد مکمل طور پر بحال کر دی گئیں۔
کمپنی کے مطابق مختلف آن لائن سروسز میں پیش آنے والی تکنیکی خرابی کو حل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد ٹیمز، آؤٹ لک، کوپائلٹ اور دیگر ایپلی کیشنز نے معمول کے مطابق کام کرنا شروع کر دیا ہے۔
مائیکروسافٹ نے تصدیق کی کہ متاثرہ تمام سروسز کی بحالی کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور اب صارفین ان ایپلی کیشنز کو معمول کے مطابق استعمال کر سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ تکنیکی تعطل 24 گھنٹے سے زیادہ جاری رہا، جس کے باعث دنیا بھر میں کاروباری اداروں، سرکاری محکموں اور مختلف تنظیموں کو آن لائن رابطوں اور روزمرہ امور کی انجام دہی میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔
سروسز کی بندش کے باعث بالخصوص مائیکروسافٹ ٹیمز پر آن لائن اجلاسوں، آؤٹ لک کے ذریعے ای میلز کی ترسیل اور کوپائلٹ کے استعمال میں رکاوٹیں آئیں۔



