Friday, November 13, 2026
پہلا صفحہخبریںشہباز شریف کا عزم، پاکستان 2050 سے قبل دنیا کی بڑی معیشتوں...

شہباز شریف کا عزم، پاکستان 2050 سے قبل دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان منرلز کانفرنس میں شرکت کرنے والے عالمی سرمایہ کاروں اور معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل اور ان کی ٹیم نے معدنیات کے ایجنڈے کو قومی معاشی وژن کا اہم جزو بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ پاکستانی معیشت نئے اعتماد کے ساتھ ترقی اور تبدیلی کی راہ پر آگے بڑھ رہی ہے۔ قیمتی معدنی وسائل کو ملکی صنعتوں کی ضروریات کے لیے استعمال کیا جائے گا اور انہیں خام حالت میں بیرون ملک بھیجنے کا سلسلہ ختم کرنا ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دو دہائیوں سے تاخیر کا شکار ریکوڈک منصوبہ اب عملی تکمیل اور پیداوار شروع کرنے کے مرحلے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ریکوڈک دنیا میں تانبے اور سونے کے بڑے غیر دریافت شدہ ذخائر میں شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت قریب ہے جب ملک کے معدنی وسائل کو مقامی ڈاؤن اسٹریم صنعتوں کی ترقی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے بیرک کمپنی کا پاکستان پر اعتماد برقرار رکھنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گولڈمین سکس کی پیشگوئی کے مطابق پاکستان 2075 تک دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن سکتا ہے، تاہم انشا اللہ ملک 2050 سے بھی پہلے بڑی عالمی معیشتوں میں جگہ بنا لے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مقصد صرف معدنیات نکال کر خام شکل میں برآمد کرنا نہیں، بلکہ انہیں ملک میں پراسیس کرکے تیار مصنوعات کی صورت میں عالمی منڈیوں تک پہنچانا ہے۔ یہ سفر یقیناً مشکل ہے، لیکن حکومت پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصفانہ اور مساوی شراکت داری پاکستان اور سرمایہ کاروں، دونوں کے مفاد میں ہے، جبکہ معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو یکساں مواقع اور پالیسیوں کا تسلسل فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کی توقعات پوری کرنے کے لیے طریقہ کار کو سہل بنایا جا رہا ہے اور لائسنسز و معاہدوں کے اجرا میں مکمل شفافیت برقرار رکھی جائے گی۔ نیشنل منرل ڈیٹا سینٹر اور ارضیاتی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے قابلِ اعتماد معلومات فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے حکومت ایک ٹیم کی حیثیت سے مل کر کام کرے گی۔

نیوز ڈیسک

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس