بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما کے تیسری مرتبہ ماں بننے سے متعلق سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں گردش کررہی ہیں۔
ان افواہوں نے اس وقت جنم لیا جب اداکارہ کو اپنے شوہر اور معروف بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے ہمراہ ممبئی میں دیکھا گیا۔ تاہم، دونوں نے تاحال تیسرے بچے کی متوقع آمد یا انوشکا کے حاملہ ہونے سے متعلق کسی خبر کی تصدیق نہیں کی۔
انوشکا شرما اور ویرات کوہلی اتوار، 25 اکتوبر کو ممبئی کے علاقے ورلی میں واقع ڈوم، ایس وی پی اسٹیڈیم میں بھارتی نژاد امریکی گلوکار کرشنا داس کے لائیو کیرتن میں شریک ہوئے۔ اس سے قبل جوڑے کو گیٹ وے آف انڈیا کے مقام پر بھی دیکھا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں انوشکا کو کیرتن کے دوران تالیاں بجاتے اور گانے میں حصہ لیتے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ ویرات ان کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں۔ ان ویڈیوز کے وائرل ہونے کے بعد صارفین نے اداکارہ کے ممکنہ حمل کے حوالے سے تبصرے اور سوالات شروع کردیے۔
ایک صارف نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا انوشکا ایک بار پھر حاملہ ہیں؟ ایک اور صارف نے لکھا کہ کیا صرف انہیں ہی لگ رہا ہے کہ اداکارہ امید سے ہیں؟ جبکہ ایک صارف نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ شاید انوشکا کو بھی اپنے حمل کی خبر ٹوئٹر کے ذریعے ہی ملتی ہوگی۔ تاہم، یہ تمام باتیں سوشل میڈیا صارفین کے ذاتی اندازے ہیں اور ان کی تاحال کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی۔
انوشکا شرما اور ویرات کوہلی دسمبر 2017 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ ان کے ہاں جنوری 2021 میں بیٹی وامیکا کی پیدائش ہوئی، جبکہ فروری 2024 میں ان کے گھر بیٹے آکائے کی آمد ہوئی۔
انوشکا کے فلمی کیریئر کی بات کی جائے تو وہ اپنی آئندہ فلم ’چکدا ایکسپریس‘ میں سابق بھارتی کرکٹر جھولن گوسوامی کا کردار ادا کررہی ہیں۔ فلم کی شوٹنگ 2022 میں مکمل کرلی گئی تھی، تاہم اس کی ریلیز کی تاریخ اب تک اعلان نہیں کی گئی۔ اداکارہ 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم ’زیرو‘ کے بعد سے بڑی اسکرین پر بہت کم نظر آئی ہیں۔



