Thursday, October 29, 2026
پہلا صفحہبزنسوزیراعظم کروم بک اسکیم: اہل طلبہ کی شرائط اور درخواست کا طریقہ...

وزیراعظم کروم بک اسکیم: اہل طلبہ کی شرائط اور درخواست کا طریقہ جاری

وزیر اعظم کروم بک اسکیم 2026 کے لیے اہلیت کی شرائط اور درخواست جمع کرانے کا طریقہ کار جاری کر دیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت کے مطابق اس پروگرام کے تحت ملک بھر میں جماعت نہم میں نمایاں نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کو مجموعی طور پر 5 لاکھ کروم بک ڈیوائسز فراہم کی جائیں گی۔

اہلیت کی شرائط

اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ طلبہ نے جماعت نہم (ایس ایس سی-I) کے حالیہ امتحانات میں کم از کم 50 فیصد نمبر حاصل کیے ہوں۔

امیدواروں کے نتائج کی تصدیق انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) کی جانب سے کی جائے گی۔ طلبہ کا انتخاب ہر صوبے یا علاقے، متعلقہ تعلیمی بورڈ اور تعلیمی سلسلے میں میرٹ کی بنیاد پر ہوگا۔

درخواست دینے کے اہل طلبہ میں سرکاری اسکولوں، صوبائی حکومتوں اور صوبائی تعلیمی فاؤنڈیشنز کے تعاون سے چلنے والے نجی اسکولوں، جبکہ رجسٹرڈ مدارس میں زیر تعلیم طلبہ شامل ہوں گے۔

وزیر اعظم کروم بک اسکیم 2026 کے تحت ہر صوبے اور علاقے کے لیے مخصوص کوٹہ مختص کیا گیا ہے، جس کی تفصیل درج ذیل ہے:

  • سندھ: 85,925
  • خیبر پختونخوا51,170
  • بلوچستان: 31,815
  • اسلام آباد: 100,000
  • آزاد کشمیر: 25,000
  • گلگت بلتستان: 25,000
    • ہر صوبے یا علاقے کے مختص کوٹے میں سے 80 فیصد کروم بکس اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کے لیے جبکہ 20 فیصد مدارس کے طلبہ کے لیے مختص ہوں گی۔ اسکولوں اور مدارس کے لیے مختص حصے میں سے 70 فیصد سائنس اور 30 فیصد آرٹس کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو دیے جائیں گے۔

      کروم بکس کوریئر کے ذریعے روانہ کرنے سے پہلے اسکول انتظامیہ طلبہ کی مارکس شیٹس، موجودہ تعلیمی رجسٹریشن اور متعلقہ ادارے میں زیر تعلیم ہونے کی تصدیق کرے گی۔ ڈیوائسز کی ترسیل کو ٹریک کرنے کے لیے کوریئر سروس میں ٹریکنگ کا نظام بھی موجود ہوگا۔ اس کے علاوہ انتخاب، دستاویزات کی تصدیق اور ترسیل میں تاخیر سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔

      اسکیم کے تحت منتخب ہونے والے ہر طالب علم کو کروم بک کے ساتھ ایک بیگ اور مائی فائی انٹرنیٹ ڈیوائس بھی فراہم کی جائے گی۔ اس سہولت کا مقصد طلبہ کو گھروں سے آن لائن تعلیمی مواد، ای لائبریریوں اور دیگر ڈیجیٹل وسائل تک رسائی فراہم کرنا ہے۔

      درخواست جمع کرانے کا طریقہ

      وزیر اعظم کروم بک اسکیم کے لیے درخواستوں کی کارروائی سرکاری آئی بی سی سی پورٹل (pmychromebooks.ibcc.edu.pk) کے ذریعے کی جائے گی۔ اہل طلبہ اس ویب پورٹل پر اپنا ریکارڈ چیک کر سکیں گے۔

      درخواست گزاروں کو اپنی تصویر، مارکس شیٹ اور ب فارم یا شناختی کارڈ کی نقول سمیت ضروری دستاویزات پورٹل پر اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔ متعلقہ تعلیمی بورڈ کے نتائج جاری ہونے کے بعد طلبہ اپنی درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔

      نیوز ڈیسک

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس