Friday, November 27, 2026
پہلا صفحہثقافتشراب مینا جی کو گھونٹ گھونٹ پینے لگی، اور زندگی قطرہ قطرہ...

شراب مینا جی کو گھونٹ گھونٹ پینے لگی، اور زندگی قطرہ قطرہ مرنے لگی

چندن کی منجو …. میناکماری کی پریم کتھا

تحریر: محمد پرویز کلیم
(مصنف و ہدایت کار)

محبت کے موسم میں تعلق کی شدت اور بدن کی حدت جب نقطہ عروج پہ ھوتی ہے تو پیار کرنے والے پریمی وہ نام لینا بھی چھوڑ دیتے ہیں جو ان کو اپنے گھر سے ملتے ہیں۔ اس لیے فلمسٹار میناکماری، کمال امروہیکو چندن کہہ کے پکارا کرتی اورامروہہ کاکمال مینا کو پیار سے منجو کہہ کے پکارا کرتے تھے۔

فلم کی دنیا گواہ ہے کہ کمال امروہی پکار، سے محل، اور محل،سے پاکیزہ، جیسی کلاسک فلم لکھنے اور بنانے تک اپنے فنی کمال کے تخت پہ براجمان رہے۔ اور مینا کماری نے پرفارمنگ آرٹ کی معراج کو چھو کر زمانے بھرکے فلم بینوں کو اپنا گرویدہ کرلیا۔

بیجو باورا،ہلاکو ،بہو بیگم،پریت نہ جانے ریت، صاحب بی بی اور غلام، پاکیزہ، ان کی فن اداکاری کے وہ شاہکار ہیں جن کی مثال نہیں ملتی۔ فنکار ہو اورمحبت کے درد سے آشنا نہ ہو؟ یہ ناممکن ہے۔

کمال صاحب کے دل کا چاند جب مینا کماری کی زندگی میں اترا آیا تو چندن اور منجو اک دوجے میں گم ہو کر بھی اپنے پروفیشن سے بیگانے نہ ہوسکے۔ چونکہ دونوں کو تخلیقی کام سے عشق تھا۔ اس لیےعشق کے طوفاں میں بھی پروفیشن کی کشتی آگے بڑھتی رہی۔

مینا جی اپنے لاتعداد رشتے داروں اور اپنے گھر والوں کی مکمل کفیل تھی اس لیے انکے والد علی بخش کو منجو اور چندن کا چھپ چھپا کر نکاح کرنا پسند نہ آیا۔ مینا جی کو فلم امر، میں ہدایت کار محبوب نے کردار آفر کیا تو علی بخش خوشی سے ناچ اٹھے۔

پر مینا جی اپنے چندن کے ساتھ فلم بنانا چاہتی تھیں۔ اپنے والد کے حکم نامے کو ان کی ضد میں بدلتے دیکھ کر عورت کی فطری بغاوت جاگ اٹھی۔ مینا کماری نے کھلم کھلا کمال امروہی سے اپنی شادی کا اعلان کردیا۔

پھر اس کے باپ نے گھر کے دروازے وقت کی سپر اسٹار کے لیے بند کردیے۔ یہ وہ گھر تھا جسے مینا کماری نے اپنی اداکارانہ مشقت سے بنایا تھا۔

یہ فنکارائیں بھی خوب ہوتی ہیں۔ عمر بھر کی کمائی لواحقین کو کھلا پلا کے بھی اپنے ساجن کے ساتھ جاتے ہوئے خود کو خطاکار سمجھتی ہیں۔ رشتے داروں کے خرچے بند ہوئے تورابطے ناطے بھی اک اک کرکے دور ہوتے چلے گئے۔ فلمسٹارمحمود کی بیوی مدھو جو مینا جی کی بہن تھی۔ بس اسکے ساتھ دکھ سکھ اور گھروںمیں آنا جانا باقی رہ گیا تھا۔

علی بخش زخمی سانپ کی طرح اپنے پہلو بدلتا رہا۔ وہ جانتا تھا کہ سونے کی چڑیا اب امروہہ کے کمال نے اپنے کمال سے اپنی محبت کے پنجرے میں بند کر لی ہے۔ وہ باپ تھا ۔چاہت کے لیے ترسی ہوئی بیٹی کے احساسات سے پوری طرح واقف تھا۔ علی بخش کو معلوم تھا کہ اسکی سانولی سلونی بیٹی چندن کے چندن جیسے سینے سے لپٹ کر ہر رشتہ بھول چکی ہے۔اوریہ سچ بھی تھا۔

مینا کماری شوٹ سے ساڑھے چھ بجے گھر آ جانے کی پابند تھی۔ وہ گھر آتی اور برسات کی بدلی بن کر کمال امروہی پہ برس جاتی۔ کمال تحریر اور تصویر کے مہان فنکارتھے۔ وہ اپنی منجو کو سینے پہ لٹا کے اپنی فلم پاکیزہ، کا کوئی سین سناتے تو حساس مینا جی کے انسو روکے نہ رکتے۔ کمال امروہی کے جملوں کی عادی مینا مزید اس عظیم قلمکار کی اسیرہوتی چلی گئی۔

کمال امروہی کی بیٹیرخسار کے بقول وہ اور اسکی امی جان اکثر کمال امروہی سے ملنے انکے گھر جاتے تو چھوٹی امی یعنی انکے ابا کی منجو انتہائی اخلاق،خلوص اور اپنی وسعت کی انتہا کردیتی ۔امی بھی مینا کماری سے اچھا برتاؤ کرتیں ۔لیکن کمال امروہی کے ملازم باقر جو کہ مینا جی کے سکریٹری بھی تھے۔ انھوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا۔ سو تنیں اخلاق کا اک دوجے سے مظاہرہ تو کر سکتی ہیں پر لفظ سوتن کی دیوار انکے درمیان آخری سانس تک کھڑی رہتی ہے۔ انکی آنکھیں ہمیشہ بیتی ھوئی سلگتی راتوں کے افسانے تلاش کرتی ہیں۔ سوتن کے گھر آنے کا اتفاق ہو جائے تو ان کی نظریں شوہرکے بستر کی سلوٹیں گنتی ہیں۔سوتن کے ماتھے کی لکیریں نہییں دیکھتیں۔

باقر صاحب کہنے کو تو ملازم تھے پر دراصل موصوف کمال امروہی کے مینا جی پہ مقرر کردہ تنخواہ دار جاسوس تھے جو شوٹنگ، میک اپ روم اور بریک کے وقت چندن کی منجو سے ملنے جلنے والوں کا آنکھوں دیکھا تفصیلی جائزہ کمال امروہی کو من وعن سنانا حق نمک ادا کرنے کے مترادف سمجھتے تھے۔

کمال ایام جوانی میں حسین وجہیہ مرد کہلائے جاتے رہے ہیں۔ وہ مینا جی سے 18 برس بڑے تھے۔ ابتدا میں تویہ فرق ان میں کوئی فرق نہ ڈال سکا۔ فرق کا ہر خط مستقیم، محبت اور شدت کے زاویے پہ تقسیم ہوتارہا۔ جب حدت کا دریا اترا تو منجو کو چندن کی لگائی ہوئی پابندیاں کھلنے لگیں۔ باقر کی آنکھوں کے پہرے میں وقت گزارنا دشوار ہو گیا۔ بلا وجہ کی نوک ٹوک نے مینا کماری کو یہ احساس دلایا کہ اسکا شوہر اسکے کردار پہ شک کرتا ہے۔ حالانکہ یہ بات ہرگز نہ تھی۔ بات اس محبت کی تھی جو کمال امروی کو مینا جی کے شوٹنگ پہ جانے کے بعد بے چین رکھتی تھی۔ کمال امروہی اک ذہین ترین مرد تھے۔ وہ مردوں کی نظروں کو جانتے تھے۔ انہیں معلوم تھا کہ مرد اکثر عورت کو کپڑوں میں بھی ننگا ہی دیکھتا ہے۔ ان کا بس چلتا تو وہ

راستے بھی اپنے ہاتھوں سے ڈھانپ دیتے جن راستوں سے گزر کران کی منجو شوٹنگ کے لیے جاتی تھی۔ کمال امروہی نے میناکماری سے بار بار کہا کہ وہ ہوم پروڈکشن کے علاوہ فلم کا کام چھوڑ دے پر کیمرہ، فلم اور فلم کا ماحول مینا کماری کا کریز تھا۔ وہ اپنے کام، نام، مقام کو دیوانگی کی حد تک پسند کرتی رہیں۔ چندن مینا جی کی چاہت تھا۔ نہ جانے کیوں وہ چندن کے لیے فلم کو نظر انداز نہ کر سکیں۔

یوں بھی دو بیویو ں کا شوہرجلد خرچ ہو جاتا ہے۔ پھر تخلیقی کام، پاکیزہ، کا بھی آغاز ہوچکا تھا۔ یہ فلم بلیک اینڈ وائٹ تھی۔ مینا جی کے مد مقابل دھرمیندر کو ہیرو لیا گیا تھا۔ پھر دھرمیندر کو کٹ کرنے کے بعد اشوک کمار کو ان کی جگہ کاسٹ کیا گیا۔اسی دوران کسی شوٹ پہ باقر کے دخل درمعقولات کی وجہ سے میناکماری کی منہ ماری ہوگئی اور باقر نے ایک زناٹے دارتھپڑ مینا کماری کے نازک گال پر جڑ دیا۔ یہ تھپڑ وہ خلیج بن گیا جو پاٹی نہ جاسکی۔ مینا جی نے گاڑی کا رخ اپنی بہن مدھو کے گھر کی طرف موڑ دیا۔ ڈرایور گاڑی چلاتا رہا۔ مینا جی پچھلی سیٹ پہ ٹیک لگائے آنکھیں موندے مسلسل روتی رہیں۔ کار آگے بڑھتی رہی۔ اور میناکماری کی سوچ پیچھے کی طرف دور بہت دور تک دوڑتی رہی۔

مہ جبیں چار برس کی تھی جب اسکا باپ علی بخش اپنی بیٹی کو انگلی تھمائے فلم نگر کا دفتر دفتر گھومتا تاکہ بطور چاہلڈ سٹار بچی کو فلم میں کام مل جائے۔ تو گھر کا چولہا جلنے لگے۔ علی بخش تھیٹر میں ہارمونیم بجا کر جو کچھ کماتا، اس سے تین بیٹیوں اور اسکی بیوی کی شکم پری ناممکن تھی۔ مینا جی کا پہلا نام مہ جبیں بڑی بہن کا نام خورشید اس سے چھوٹی بہن کا نام مدھو اور ماں کا نام اقبال بانو تھا۔ اقبال بھی تھیٹرمیں گاتی اور علی بخش ساتھ باجا چھیڑا کرتا۔ اقبال اور علی بخش کی پہلی ملاقات بھی تھیٹر میں ہوئی اور دونوں محبت کر بیٹھے تھے۔ یہ تین بیٹیاں اسی محبت کی عطا ٹھہریں۔ میاں بیوی دونوں رزق کی تلاش میں جانے سے پہلے کچی پکی روٹیاں پکا کے رکھ جاتے۔مہ جبیں اور اسکی بہنیں ہری مرچ پیاز کے ساتھ وہ باسی روٹیاں کھایا کرتے۔ اکثر خشک نوالے مہ جبیں کے آنسوؤں سے تر ہوکرحلق میں اترا کرتے۔ مہ جبیںکو دھارمک اور جادو ئی فلموںمیںکام ملنے لگا۔ یاد رہے مہ جبیں کا پہلا عشق کیمرے کی آنکھ میں آنکھ ڈالتے ہی شروع ہو گیا تھا۔ مہ جبیں کی لگن اور محنت کی وجہ سے گھر سے بھوک بھاگ گئی۔

لاتعداد تیسرے درجے کی فلمز میں کام کرنے کے بعد مہ جبیں کو مینا کماری کا نام دے کر الہ دین کا چراغ، نامی فلم میں بطورہیروئن کاسٹ کرلیا گیا۔ پہلی بار 10ہزار کی خطیر رقم مینا جی نے وصول کی اور شو بز میں آنے کے بعد پہلی کارخرید لی۔نصیب یاورہوئے تو مصنف ، فلم ساز و ہدایتکار کمال امروہی کا سیکرٹری باقر علی انکے گھر آیا اور کمال امروہی کی ہدایات میں بننے والی فلم انارکلی، مینا جی کو آفر کر دی۔کمال محل، جیسی سپر کلاس فلم مدھوبالا اوراشوک کمار کے ساتھ سپر ہٹ کروانے کے بعد فلم انذسٹری میں مہنگے ترین مصنف وہدایتکار کہلائے جاتے تھے۔ کمال وہ رائٹر تھے جن کے لکھے فقرے دوہرا کر فلم بین خوب انجوائے کرتے۔ باقر کے منہ سے یہ خبر سن کے مینا جی پھولے نہ سمائیں۔ وہ فلمی اخبارات اور رسائل میں کمال امروہی کی بہت سی تصاویر دیکھ کر انکے مردانہ حسن اور بانکپن سے پہلے ہی متاثر تھیں۔ انہوں نے کام کرنے کی حامی بھر لی۔ یہ خبر بازار فلم میں گرم ہوئی تو فلم ساز مکھن لعل نے ناک بھوں چڑایا۔ سیٹھ کو کمال امروہی کی ضد کے سامنے ہار ماننی پڑی۔ اسی خوشی میں مینا جی نے سیر سپاٹے کا پروگرام بنایا۔ واپسی پہ پونا میں

انکی گاڑی کا ایکسیڈنٹ ہوگیا۔انہیں ہسپتال ایڈمٹ کروا دیاگیا۔پلاسٹرہونے کے بعد انکی بہن مدھو نے بتایا کہ ان سے کوئی ملنے آیا ہے۔

مینا کماری نے آنکھں کھول کے دیکھا تو سامنے گلدستہ لیے ایک خوبرو پنتیس سالہ نوجوان کھڑا تھا۔ مینا جی کو یقین نہیں آیا کہ کمال امروہی انکی مزاج پرسی کے لیے ممبئی سے پونا چلے آئے ہیں۔

پھر کیا۔ اگلے چار ماہ روزانہ کمال ممبئی سے پونا، مینا جی سے ملنے آتے رہے۔ڈاکٹرز نے چھٹی دی تو مینا کماری جی بھر رو اٹھی۔ خدا سے دعا مانگی کہ ایکبار پھر سے انکا ایکسیڈنٹ ہو جائے۔وہ زخم زخم ہوں اور کمال روز ملنے آتے رہیں۔ عورت کسی مرد پہ فریفتہ ہو جائے تو دیوانگی کی حدوں کو چھو لینا اسکی فطرت ہے۔پونا ہسپتال کی ملاقاتوں نے کمال کو چندن اور مینا کو منجو بنادیا۔ کمال مروہی کی بیٹی رخسار امروہی کہتی ہیں،پونا میں ابا اور چھوٹی امی کے جزبہ محبت کی شہادت وہ خطوط ہیں جوان کے پاس آج بھی محفوظ ہیں۔

ہسپتال میں کوئی نہ کوئی پاس موجودہوتا تھا۔ اس لیےہر ملاقات پہ کمال اور مینا اپنا حال دل کورے کا غذ پہ اتار کے اک دوجے کے حوالے کر دیا کرتے۔ وہ خطوط محبت کا خزانہ ہیں۔

جہاں کمال امروہی تحریر کے مستند شخص تھے۔ وہاں مینا کماری بھی اپنا مدعا بیان کرنے کے لیے نثر اور شاعری کا استعمال کرنا خوب جانتی تھی۔

رخسار کہتی ہیں،چھوٹی امی کی شاعری میں ہجر کا درد واضع دکھائی دیتا۔ یوں لگتا جیسے ان کے بچپن نے محنت کی موت مرکے انہیں بدلے میں رنج و آلام کے سوا کچھ نہیں دیا۔

شاید مینا جی پہ بچپن آیا ہی نہ تھا۔ چار سال کی بچی جسے اپنی گڑیا کی شادی کی فکر کرنا تھی۔ وہ اپنے گھر آٹے والے کنستر کو بھرنے کی فکر کرتی ھوئی جوان ھو گئی۔

وقت غم کی سوغات دیکر فنکار کو درد آشنا کر دیتاہے۔

جو لوگ مینا جی کو بطور اداکارہ پردے پہ سمجھ کے دیکھتے اور سنتے آئے ہیں، وہ ان کی آواز کے درد بھرے ایکسپریشنزسے خوب واقف ہیں۔ وہ جانتے ہیںکبھی برھا کو پورٹرے کرنا ہوتو مینا جی کی تصویر بنا دینا کافی ہے۔

کار کی بریک کی آواز مینا جی کو ان دھندلی یادوں کے آنگن سے واپس کھینچ لاتی۔ مینا جی سے مدھونے پوچھا، کیا ہوا منا؟

بچپن میں گھر والے مینا جی کومنا کہا کرتے تھے۔ مینا جی بہن کے گلے لگ کے سسک اٹھی۔ آنسوؤں کی رحھم جھم نے سب کچھ کہہ دیا۔ پھر چندن کی منجو کمرے میں بندہوکے رہ گئی۔

کمال اورباقر شہر کی سڑکوںپہ اسے تلاش کرتے رہے اور مینا تنہائی میں اپنا تجزیہ کرتی رہی۔ وہ سپر کلاس اداکارہ تھی۔ پر اسکی زندگی کی فلم باکس آفس پہ فلاپ ہوچکی تھی۔

اسے 1952 کا وہ حسین زمانہ یاد آ گیا جب بیجو باورا، نامی میوزیکل سپر ہٹ فلم نے اسے اے کلاس سنیما کی اداکارہ بنا دیا تھا اور وہ اپنی بہنوں کو اپنی پسند سے آگاہ کرچکی تھی کہ اگر اس نے شادی کی تو اسکا دولہا کمال امروہی ہوگا۔ مینا کماری رات دن کیمرے کے سامنے مختلف ہیروز کے ساتھ جھوٹی محبت کا پرچار کرتی اور تھوڑی سے دیر کےلیے کمال سے ملنا ہوتا تو سچ کی وارفتگی قابل دید ہوا کرتی۔ اسی مصروفیت میں ڈیڑھ برس بیت گیا۔ آخر ایک روز شاہ کے وفادار باقرعلی نے مینا کماری سے کہا، کیا تم کمال صاحب سے سچی محبت کرتی ہو؟ مینا جی نے کہا میری کنواری چاہت کا اندازہ تم فلم کے لوگ نہیں لگا سکتے۔ میں سمندر کے پانی اور آسمان کے ستاروں سے زیادہ کمال کو چاہتی ہوں۔ کمال میری پہلی اور آخری محبت ہے۔ باقر بولا آپ لوگ شادی کیوں نہیں کرلیتے؟ اور پھر ایک روز علی بخش کو بتاے بغیر کمال اور مینا جی نے چپ چاپ نکاح کر لیا۔نکاح کے بعد مینا اپنے باپ کے گھر لوٹ آئی۔ کیوں کہ اسے معلوم تھا باپ کے گھر کو ابھی اسکی ضرورت ہے۔ کمال اور مینا نے فیصلہ کیا کہ ابھی کچھ دیر انھیں نکاح کے بارے کسی کو نہیں بتانا۔ دو لاکھ روپیہ اکٹھا ہو جاے تو مینا وہ رقم علی بخش کودیکر کمال کے ساتھ اسکے گھر رخصت ھوگی۔ پر یہ راز افشا ہوگیا۔ اخبارات نے کمال اور مینا جی کے نکاح کی خبر کو شہ سرخیوں کے حوالے کر دیا اور علی بخش اور دیگر رشتے دار غم و غصے میں مبتلاہوگئے۔

پھر وہ وقت بھی آگیا جب مینا نے محبوب اور دلیپ کمار کی فلم امر، کو چھوڑ کے کمال امروہی کے پیار کوامر کردیا۔ اسوقت فلمستان کا ہر بڑا اداکارمحبوب اور دلیپ کمار کے ساتھ کام کرنا سعادت سمجھتا تھا۔ ضیاہ سرحدی کی فلم فٹ پاتھ، میں دلیپ کے ساتھ ابتدائی دور میں کام کر کے یہ سعادت مینا جی حاصل کر بیٹھی تھی۔ اس لیے بومبے ٹاکیز کی فلم کرنے کے لیے کمال امروہی کے کیمرے کی زدمیں کھڑی تھی۔ مینا کی بغاوت نے اس پر گھر کے دروازے بند کر دیے اور کمال امروہی کے گھر چلی آئی۔ دن عید اور رات شبرات ہوئے۔دونوں اپنے اپنے محاذ پہ شب و روز ڈ ٹ کے فن کی مزدوری کرتے رہے۔ میناکماری پر دھن برس رہا تھا۔ روپے پیسے کی کوئی کمی نہ تھی۔

مینا جی نے بیجو باورا،، بمل رائے کی چیتنا،ا ور صاحب بی بی اور غلام، کے لیے یکے بعد دیگرے تین فلم فیئر ایوارڈ حاصل کرکے فلم نگر کو انگشت بدنداں کردیا۔ ہر کوئی مینا کماری کی پرفامنس کے گن گانے لگا ۔ہر فلمساز و ہدایت کار مینا جی کو اپنی فلم میں دیکھنا چاہتا تھا۔ مصروفیت کی انتہا یہ تھی کہ مینا جی کو ہوم پرذکشن کے لیے وقت نہیں ملتا تھا۔ اس دور میں کمال امروہی اور باقر علی دونوں مینا کماری کا کام دیکھتے اور مینج کرتے رہے۔ ایک آؤٹ ڈور شوٹ پہ دونوں نے پاکیزہ، کو مکمل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ چونکہ اشوک کمار اس اثنا میں اوور ایج ہو چکے تھے۔ اس لیے ان کی جگہ راجکمار کو ساہن کرنے کے بعد کام شروع ہو گیا۔ شومئی قسمت فلم آزاد کے لیے مینا جی کو اوٹی جانا پڑا۔ وہاں ان کے ہیرو دلیپ کمار تھے۔ مینا جی دلیپ صاحب کی فنی اوج ثریا سے کافی متاثر تھیں اور پرنٹ میڈیا کے لوگوں سے ان کی تعریف بھی کیا کرتیں۔ نہ جانے کیا ہوا۔ اس شوٹنگ سے واپسی پر کمال اور مینا کی محبت میں پہلی دراڑ آگئی۔ وجہ ان دونوں کے سوا آج تک کوئیی نہ جان سکا۔

میاں بیوی کی کھٹ پٹ زبان سے ذہن میں اتر آئے تو گھر میں تناؤ پیدا ہو جاتا ہے۔ تناؤ بڑھ جائے تو چڑ چڑاپن آ جاتا ہے۔ مینا جی کا لہجہ تلخ ہوتا چلا گیا۔ کمال مینا کا رویہ چپ چاپ دیکھتے رہے۔

ایک انٹرویو میں کمال امروہی نے کہا، میں نے ان حالات میں منجو کے ساتھ ایک مشروط معاہدہ طے کر لیا تھا۔ ہم دونوں کی رضا مندی سے یہ فیصلہ ہوا کہ مینا صرف دن کی شفٹ میں کام کرے گی اور ساڑھے چھ بجے شام تک گھر لوٹ آیا کرے گی تاکہ دونوں ایک ساتھ وقت گزار سکیں۔ دوسری شرط یہ تھی کہ مینا کسی غیر کی کار میں سفر نہیں کرے گی۔ اسے جہاں بھی جانا ہو وہ اپنی گاڑی استعمال کرے گی۔ تیسری شرط یہ تھی کہ مینا جی کے میک اپ روم میں انکے میک اپ کے دوران کوئی اور نہیں ہو گا۔ محبت شرائط کی بیساکھیوں پہ چلنے لگی۔ کام کی زیادتی اور مشروط چاہت کا بوجھ لیکر مینا کماری کے لیے آگے بڑھنا دشوار ہو گیا۔ اسکے باوجود یہ کوئی نہ جان سکا کہ ان پابندیوں کی وجہ کیاتھی؟ آخر کمال امروہی جیسا محبت کرنے والا شوہر اتنا آرتھو ڈوکس کیسے ہوگیا؟ شرائط کی بیساکھیاں منیا کماری نے ایک ایک کر کے توڑ دیں۔ باقر علی نے میک اپ روم میں ایسا کیا دیکھا کہ اس نے مینا جی کو تھپڑ مار دیا۔ اس تھپڑ کی گونج شاید آج بھی گونگی ہے۔ یادوں کا سفر ابھی ادھورا ہی تھا کہ مینا جی کی بہن مدھو نے بتایا کہ باہر کمال امروہی آئے ہیں۔

چندن کی منجو نے صاف صاف کہہ دیا کہ وہ اب انکے ساتھ نہیں جائے گی۔ کہتے ہیں کمال امروہی نے اپنے وقار کی سیڑھیاں اتر کے اپنی منجوکو منانے کی کوشش کی لیکن سپر اداکارہ نے انکی ایک نہیں مانی۔۔کمال نے رندھے ہوئے لہجے میں کہا اگر تم آج میرے ساتھ گھر واپس نہیں جاؤں گی۔ تو پھر میں تمہیں لینے کبھی نہیں آؤں گا۔

محبت کی اکائی کو بے وفاہی کے کسی بھی زاویے پہ تقسیم کرنے کے لیے ایک خاص ماحول کی ضروت ہوتی ہے۔ قربتوں میں آنچ ہو تو پتھر پگھل جاتے ہیں۔ پھول اور پتھر کی شوٹنگ کا آغاز ہوا تو دھرمیندر نام کے حسین جاٹ کو نیا ایکٹر جان کے مینا جی پرفارمنگ آرٹ کے اسرار و رموز سمجھانے لگیں۔ دھرمیندر ابتدا میں بہت شرمیلے تھے۔ شاٹ میں مینا جی کی طرف دیکھتے تو مسکرا کے آنکھیں جھکا لیتے۔ اس عہد کے دانشور گفتگویوں اور گوسپیوں نے ارشاد فرمایا کہ دھرمیندر کے سرخ ہونٹوں پہ جوانی کی تازہ معصوم مسکراہٹوں نے راکھ تلے چنگاریوں کو پھر سے سلگا دیا تھا۔ گو مینا جی عمر میں دھرمیندر سے بڑی تھیں۔ پر بقول فلمی سیانوں کے دھرمیندر نے مینا جی کی قربت کو سیڑھی بنا کر استعمال کیا۔ یہ آٹھ دس ماہ کا تعلق مینا جی کے لیے بدنامی اور دھرمیندر کے لیے انکی تشہیر کا سامان بن گیا۔ مفادات سے جڑے رشتوں کا ٹوٹ جانا قابل حیرت نہیں ہوتا۔ شراب مینا جی کو گھونٹ گھونٹ پینے لگی۔ زندگی قطرہ قطرہ مرنے لگی۔ اس بے خودی کے دور میں تباہ حال کمال امروہی نے مینا جی سے فون پہ رابطہ کیا اور پاکیزہ کو مکمل کرنے کا پلان انکے سامنے رکھ دیا۔ منجو بولی، چندن میں اب پہلے جیسی نہیں رہی۔ تھوڑی بھدی ہو گئی ہوں۔ بقول رخسارامروہی، ابا نے چھوٹی امی سے کہا تم گھبراؤ نہیں منجو، میں اس شاہکارکو بنانے کے لیے ہر حربہ استعمال کروں گا۔ میں نے برسوں پاکیز ہ کے اسکرپٹ پہ کام کیا ہے۔ مجھے یقین ہے ہماری محنت رائیگاں نہیں جائے گی۔ پر چندن کی منجو راضی نہ ہوپائی۔ پھر سنیل دت، نرگس خیام، اور جگجیت کور نے مینا جی سے ملاقات کی اور انکو کسی حد تک راضی کر لیا پر مینا جی نے کہا کہ میں اس شرط پہ پاکیزہ میں کام کروں گی کہ چندن مجھے طلاق دیکر آزاد کر دے۔ یہ منطق کوئی نہ جان پایا۔ آخر کار کمال امروہی نے اپنی منجو کو ایک خط لکھا۔

مضمون کچھ یوں تھا

منجو، مجھے نہیں معلوم تم مجھ سے حتمی دوری کیوں چاہتی ہو۔ بہرحال مجھے تمھاری ہر خواھش کا احترام کرنا ہے۔ میں تمہیں طلاق دیکر اس یقین کےساتھ مکت کرتا ہوں کہ فلم پاکیزہ ہر زمانے کے لیے تمہارے اور میرے پیار کی سند بن جائے گی، تمہارا چندن۔

اس خط کے بعد فلم تیز رفتاری سے شروع ھو گئی۔ اب راجکمار مینا کے مدمقابل تھے۔ مینا کی خواہش کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کافی سوچ بیچار کے بعد فلم کو کلر سنیما اسکوپ بنانے کا تہیہ کر لیا گیا۔ حالانکہ ری شوٹ کرنے سے 40 لاکھ کانقصان ہوا۔ فلم کے شوٹ کے درمیان مینا جی کی طبیعت کئی بار بگڑی پر کمال امروہی کا پیشن اور مینا جی کی ضد کا نام ہی تو پاکیزہ ہے۔

سیٹ پرمینا جی کا میک اپ اور سنوارسنگھار کمال صاب شوٹ کے درمیان خود کرتے رہے۔ یہ بات قابل غور ہے کہ راجکمار فلم دل اپنا اور ریت پرائی، نامی فلم کی میکنگ کے وقت مینا جی کے حسن کے اسیر رہ چکے تھے۔

یوں تو مینا جی کے دیوانوں میں بڑے بڑے نام آتے ہیں۔ اس لیے کہ جو بھی ہیرو ان کے قریب بیٹھتا، انکی باتیں، لب و لہجہ، لفظوں کی حرمت بیانی، اشعار اورادبی ذوق کا پرچارسن لیتا وہ چندن کی منجو پہ لٹو ہو جاتا۔

سچ پوچھیے تو مینا کماری فن اداکاری کی جادوگرنی تھی۔

انکے کام کا جادو انکے عہد کے سر چڑھ کے بولتا رہا۔ آپ کو مینا جی نادرہ اور راجکمار پہ پکچرائز شنکر جے کشن کا کشتی والا گیت،عجیب داستاں ہے یہ، کہاں شروع کہاں ختم ،تو یاد ہی ہوگا۔ اس گیت میں سب سے نظریں بچا کر اپنی آنکھ سے ٹپکتا ہوا آنسو جس خوبصورتی سے صاف کیا ہے، وہ ان کی اداکاری کا بے مثل نمونہ ہے۔

موسیقارخیام صاحبکی بیوی جگجیت کور کہتی ہیں،پاکیزہ کے پہلے شو پہہم سب ایک ساتھ سنیما مراٹھا مندر مں موجود تھے۔ کمال صاحب اور میناکماری ہم سے پچھلی سیٹس پر بیٹھے۔ مینا جی کی بہنیں اور ہم سب آگے بیٹھے تھے ۔ راجکمار کے بارے فلم کے لکھاریوں کی تحریریں گواہ ہیں کہ زندگی بھر راجکمار کے نزدیک میناکماری ایک ہی اداکارہ تھی، جس کی اداکاری پہ سچ کا گمان ہوتا تھا۔اس لیے راجکمار کا فلمی سفر میں کوئی اسیکنڈل سامنے نہ آیا۔ پاکیزہ کے شوٹ پر وہ کمال امروہی کی آنکھ بچا کے مینا جی کو ٹک دیکھا کرتے۔

مینا جی اپنے عاشق زار کی ان بد حوسیوں سے خا صی محظوظ ہوا کرتیں۔ ڈیڑھ کروڑکی لاگت سے پاکیزہ کا شوٹنگ شیڈول ختم ہو گیا۔ مینا کو اور زیادہ شراب کا مینیا ہو گیا۔ انکے مستقل ڈاکٹر شاہ نے کہا، پلیز مینا جی اب آپ شراب نہیں، شراب آپ کو پی رہی ہے۔ اگر یہی رفتار رہی تو آپ جلدمرجائیں گی۔ مینا جی نے کرب سے مسکراتے ہوئے کہا،ڈاکٹر،جو لوگ نہیں پیتے، وہ بھی تو مر ہی جاتے ہیں۔ پھر ٹیکنیکل پروسس کے بعد فلم کو ممبئی کے مراٹھا مندر سنیما میں نمائش کے لیے پیش کر دیا گیا۔

مغل اعظم، اور پاکیزہ، فلم نگر کی وہ تاریخی فلمیں ہیں جو نامساعد حالات و واقعات کی وجہ سے تیرہ چودہ برس زیر تکمیل رہیں۔ یاد رہے، چندن اور منجو کی شادی کے بعد 1956 میں اس فلم کا مہورت ہوا تھا۔ چار پانچ برس تک کمال اس کا اسکرپٹ لکھتے رہے۔ ابھی فلم کے کچھ حصے ہی شوٹ ھوئے تو دونوں میں علیحدگی ہو گئی۔ایک لمبے انتظار کے بعد1971 میں یہ فلم عوام تک پہنچی۔ اس فلم کے ٹیکنیشنز بتاتے ہیں کہ راجکمار کیمرہ آن ہونے کے بعد مینا جی کو غور سے دیکھتے اور پھر دیکھتے ہی رہ جاتے۔ کٹ کی آواز کے بعد بھی انکی بے خودی کا عالم قائم رہا کرتا تھا ۔راجکمار کی اس حالت کا میناکماری کو اندازہ تھا۔

راجکمار کی اس کیفیت کا فلم پاکیزہ، دیکھنے والے فلم بینوں نے بخوبی اندازہ لگایا۔ جگجیت کہیتی ہیں، ہم سب محویت سے فلم دیکھتے رہے۔ مینا جی اپنے ساتھ بیٹھے کمال امروہی کو انکے اچھے شاٹس اور جملوں کی داد ان کے ساتھ لپٹ لپٹ کر دیتی رہیں۔

مینا کی اداکاری کے حوالے سے کوئی بہترین شاٹ آتاتو کمال کہتے، منجو تم نے غضب کی پرفارمینس دی ہے۔ یہ فلم یادگار ثابت ہوگی۔جگجیت اورخورشید بتاتی ہیں، ان دونوں کی ایکسائٹمنٹ دیکھ کہ یوں لگتا تھا جیسے علیحدگی کے تمام برس کمال بھائی جان اور مینا جی نے ایڈیٹ کرکے پھینک دیے اور بچھڑنے کے منظر کو آج کی ملاقات سے جوڑ دیا تھا۔ دونوں بہت خوش تھے۔ فلم دیکھ کر باہر نکلے تو قدردانوں، مہر بانوں اور نقاد حضرات نے گھیر لیا۔کمال کہتے ہیں۔ میں تمام رات فون کال وصول کرتا رہا ۔ آخر کار مجھے اندازہ ہواکہہماری فلم فلاپ ہوگئی ہے۔ مینا جی تک یہ خبر پہنچی تو وہ ششدر رہ گئیں۔انھوں نے بڑی بہن خورشید سے بار بار پوچھا آخر میں نے ایسا کیا برا کیا جو باکس آفس پہ پاکیزہ فلاپ ہوگئی؟ً کیا میں پردے پہ اب اچھی نہں لگتی؟تماشگیر ٹائپ ملنے والوں نے کمال امروہی کے بارے میں اپنے انتقامی بغض میں لپٹی آرا کا اظہار کرنا شروع کیا تو مینا جی نے فون کا رسیور اٹھا کے کریڈل سے الگ رکھ دیا۔ ملاقاتیوں پہ دروازے بند کر دیے۔ پاکیزہ کافلاپ ہونا 440 وولٹ کا جھٹکا تھا جو بیماری سے ناتواں مینا جی کی بیماری میں اضافہ کر گیا۔ ڈاکٹر میڈیسن اور انجکشن دیتے رہے اور مینا الکوحل کی مقدار بڑھاتی رہی۔ فلمسازوں سے جو کچھ لینا باقی تھا وہ گھر پہنچتا گیا۔

مینا جی نے چار سال کی عمر میں کیمرے سے آنکھ لڑائی اور 18 برس کی عمر میں کما ل سے آنکھ لڑ گئی۔ آج مینا موت سے آنکھیں ملا کر اس سے لڑ رہی تھیں۔ ایک دن مینا جی نے خورشید سے کہا ،میں اب اس مورکھ دنیا میں زیادہ نہیں رکوں گی، مر جاؤں تو مجھے وہ کفن پہنا دینا جو میں مکہ مکرمہ سے لائی تھی۔ پھر مینا جی نے پلنگ پکڑ لیا۔ علاج چلتا رہا ۔ ڈاکٹر شاہ نے ڈاکٹرز کے پینل کےساتھ گھر میں مریضہ کا معائنہ کیا اور سب کی مشاورت کے ساتھ مینا جی کو الزبتھ نرسنگ ہوم میں ایڈمٹ کرنے کا فیصلہ صادر کردیا۔ جاتے ہوئے مینا جی نے حسرت سے گھر کو دیکھا اور گھر کی چابیاں خورشید کو دیتے ہوئے کہا، اب میں واپس نہیں آؤں گی، چابیاں رکھ لیجیے۔ وہاں الماری میں میرے ہاتھ کی لکھی کا پیاں پڑی ہیں۔میری شاعری گلزار صاحب کے حوالے کر دینا۔ ان سے کہنا ممکن ہو تو میرے مرنے کے بعد اسے کتاب کی صورت اصلاح کے بعد شائع کروا دیں۔ بھانجی بہن اور ملازمہ کو گیلی اکھیوں سے دیکھتے ھوئے وہ ہسپتال سدھاریں۔ راستے میں کسی نے کہا جوس پی لیں، وہ بولیں ایک پان کھانا چاہتی ہوں۔ جب سے ڈاکٹر نے انھیں کہا تھا شراب پینے کو دل چاہے تو پہلے قبر کھدوا لیجے گا، اسکے بعد مینا جی نے پان کی لت اپنا لی تھی۔ وہ دن میں تین چار درجن پان چبا جایا

کرتیں مگر اب تو پان کی بھی اجازت نہ ملی۔ ایمبولینس سینٹ الزبتھ نرسنگ ہوم پہنچی اور انہیں کمرہ نمبر226 میں ایڈمٹ کر لیا گیا۔ وہاں ان کی بہنیں مدھو، خورشید،سہیلی بیگم پارہ سائے کی طرح انکے ساتھ تھیں۔ کچھ ہی دیر میں کمال امروہی نوٹوں سے

بھرا سوٹ کیس لیکر وہاں پہنچے۔ مدھو نے مینا جی سے کہا ،منا‘ بھائی جان آگئے۔ کمال، میناجی کو دیکھ کرسسک اٹھے، بولے، آنکھیں کھولو منجو۔ میناجی نے آنکھیں کھولیں اور بولیں، چندن تم آگئے۔ مجھے تمھارا ہی انتظار تھا۔ پھر سہارے سے اٹھیں تو اپنا سر کمال امروہی کے بازواور سینے سے لگا دیا۔ سب بیڈسے دورہٹے تو مینا بولی، چندن میں کتنی خوش نصیب ہوں،تمھاری بانہوں میں مجھے موت آئے گی۔ موسیقار خیام کہتےہیں، مینا جی نے ایکبار مجھے کہا تھا، جن لوگوں نے مجھے میرے چندن سے دور کیا ہے، وہ لوگ کبھی آباد نہیں ہونگے۔ یہ مینا کماری کی بد دعا تھی۔ وہ کون لوگ تھے؟ یہ بات بیگم پارہ، خیام، انکی بیوی جگجیت کور، مدھو، خورشید اور کمال کی صاحبزادی ر خسار نے بھی کسی کو نہیں بتائی۔ہاں کچھ فلمی پنڈتوں کے پاس قیاس آرائیاں تھیں جو وہ کرتے رہے۔ پر کسی کے پاس کوئی ٹھوس ثبوت نہیں تھا۔رات بھر سب لوگ دیواروں سے سر ٹکائے مینا جی کے کمرے میں بیٹھے رہے۔ کمال کرسی پہ بیٹھے اک ٹک اپنی منجو کو دیکھتے رہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ مینا کماری آنکھیں

بند کیے ساری رات بڑبڑاتی رہی۔وہ جو اپنے لیے موت مانگا کرتی تھی آج خدا سے اپنی زندگی مانگ رہی تھی۔ اس نے کئی بار کہا، چندن آگیا۔اب میں مرنا نہیں چاہتی۔

دن میں بہت سے فلمی لوگ جن میں سائرہ ہ بانو، گلزار اور دیگر مینا جی کے لیے دعائیں مانگتے رہے۔ اندر ڈاکٹرز نے مینا کی بہنوں سے کہا، مینا جی پہ کوئیمیڈیسن ،کوئی انجکشن اثر نہیں کررہا۔ وہ کومے میں جا چکی ہیں۔ اگر آپ لوگ اجازت دیں تو یہ ٹیوب اور نالیاں اتار دی جائیں۔ کمال صاحب کی بیٹی رخسار نے انٹرویو میں بتایا کہ ڈاکٹرز کو مدھو اور خورشید نے کہا، بھائی جان کمال سے پوچھیں۔ وہ مینا جی کے شوہرہیں۔ و ہی اجازت دے سکتے ہیں۔ کمال صاحب نے کہا اگر منجو جانے والی ہے تو اسے اس اذیت سے نجات ملنی چاہیے۔ لہٰذا تمام ٹیوبز ان کے جسم سے الگ کردی گئیں۔ سب انکے پاس موجود تھے۔ مینا جی ایک لمبا سانس لیکر اوپر والے کے پاس چلی گئیں۔ رحمت آباد کے قبرستان میں منوں مٹی تلے چندن کی منجو کو دفنادیا گیا۔

جو برسوں اک دوجے سے دور رہے، وہ آج بھی ساتھ ساتھ ابدی نیندسورہے ہیں۔ نصیب دیکھیے۔ مینا جی کی موت کے بعد پاکیزہ نے کھڑکی توڑ بزنس کیا۔ عوام نے فلم کی بے پناہ پزیرائی کی اور دانشوروں نے پاکیزہ کو کلاسیک کا درجہ عطا کردیا۔ مینا کماری نے زندگی بھر بہت کام کیا مگر وہ اپنی فلم پاکیزہ کے حوالے سے آج بھی بڑی اداکارہ کہلواتی ہیں۔ شاہ جہاں نے ممتاز کے لیے تاج محل بنوایا تھا، کمال امروہی نے پاکیزہ بنا کر مینا کماری کو پردے پہ ہمیشہ کے لیے امر کر دیا۔

فلم پاکیزہ، چندن کی منجو کا تاج محلہی تو ہے۔

نیوز ڈیسک

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس