پاکستان بھر میں سونے کی قیمتوں میں کئی روز سے جاری کمی کا سلسلہ رک گیا اور آج سونے کے نرخوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونا 1400 روپے مہنگا ہوگیا۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حالیہ اضافے کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 23 ہزار 436 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 1201 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 63 ہزار 28 روپے ہوگئی۔
دوسری طرف بین الاقوامی صرافہ مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخوں میں تیزی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونے کی قیمت 14 ڈالر بڑھ کر 4009 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔
ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں کمی بیشی کے پیچھے کئی عوامل کارفرما ہوتے ہیں، جن میں عالمی منڈی میں سونے کے نرخ، امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی اور مقامی سطح پر طلب و رسد کی صورتحال شامل ہیں۔
اس کے علاوہ عالمی معیشت میں غیر یقینی حالات اور سرمایہ کاروں کی بدلتی ہوئی ترجیحات بھی سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا باعث بنتی ہیں۔



