پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے افتتاحی مقابلے میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے 183 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 6 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے کپتان صاحبزادہ فرحان نے 89 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ معاذ صداقت 50، فخر زمان 21، صائم ایوب 8، حسن نواز ایک رن جبکہ شاداب خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
خواجہ نافع 12 رنز اور محمد عمران صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا اور مہیش ٹھیکشانا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نوان تھسارا اور دُشمانتا چمیرا ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد سری لنکن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹیں گنوا کر 182 رنز بنائے۔
مہمان ٹیم کے لیے لہیرو اڈارا نے 91 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں کمنڈو مینڈس 23 اور داسن شناکا 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کامل مشارا 6 اور دُنیتھ ویلالگے 5 رنز بنا سکے۔ کپتان کوشل مینڈس، سہان آراکچگے اور مہیش ٹھیکشانا نے ایک، ایک رن بنایا۔
دُشمانتھا چمیرا 6 رنز اور ایشان ملنگا ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عمران رندھاوا نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ صائم ایوب، رضا اللہ اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
واضح رہے کہ اس میچ میں محمد عمران رندھاوا اور رضا اللہ نے پاکستان کی جانب سے اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو کیا۔



