Wednesday, October 21, 2026
پہلا صفحہثقافتنانا پاٹیکر نے موت سے 2 روز قبل سبھاش کالے سے فون...

نانا پاٹیکر نے موت سے 2 روز قبل سبھاش کالے سے فون پر کیا بات کی؟

بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور اداکار نانا پاٹیکر کے اچانک انتقال کی خبر نے شوبز کی دنیا کو سوگوار کردیا۔ ان کے قریبی ساتھی اور فلم ’دی کنفیشن‘ کے شریک پروڈیوسر سبھاش کالے نے اداکار سے وفات سے دو روز قبل ہونے والی آخری گفتگو کے حوالے سے تفصیلات شیئر کی ہیں۔

سبھاش کالے نے بتایا کہ نانا پاٹیکر سے ان کی موت سے دو روز قبل بات ہوئی تھی، اس دوران اداکار نے کہا تھا کہ وہ جمعہ 9 اکتوبر کو ممبئی پہنچ کر اپنی فلم ’دی کنفیشن‘ کی ڈبنگ مکمل کریں گے۔

ان کے مطابق فلم کی ڈبنگ کا صرف ایک جملہ ریکارڈ ہونا باقی تھا، جس کے لیے نانا پاٹیکر نے ممبئی پہنچنے کے بعد اسٹوڈیو آنے کا بتایا تھا۔ اس کے علاوہ اداکار کی ایک اور فلم کی شوٹنگ بھی ممبئی میں طے تھی۔

سبھاش کالے نے نانا پاٹیکر کے انتقال کو فلم انڈسٹری کے لیے ’بہت بڑا نقصان‘ قرار دیا اور کہا کہ صبح سویرے ان کے انتقال کی اطلاع ملنے پر انہیں اس خبر پر یقین نہیں آرہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ نانا پاٹیکر جب بھی ممبئی آتے تھے تو سب سے پہلے انہیں فون کرکے اسٹوڈیو آنے سے آگاہ کرتے تھے۔ دونوں ایک ساتھ وقت گزارتے، خوش گپیوں میں مصروف رہتے اور گانے بھی گایا کرتے تھے۔

سبھاش کالے نے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نانا پاٹیکر ایک غیر معمولی شخصیت کے مالک تھے اور ان کے اچانک انتقال سے پہنچنے والے صدمے کو الفاظ میں بیان کرنا ان کے لیے انتہائی مشکل ہے۔

فلم ’دی کنفیشن‘، جسے ’دی کنفیشن آف میری‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، قتل کے ایک حقیقی واقعے سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔ اس کی ہدایت کاری نیشنل ایوارڈ یافتہ فلمساز اننت نارائن مہادیون نے کی ہے۔

فلم کی کہانی جون 1966 میں کیرالہ میں پیش آنے والے ایک قتل کے مقدمے کے گرد ترتیب دی گئی ہے، جہاں 43 سالہ بیوہ اور پانچ بچوں کی والدہ ماری یاکوٹی کی لاش ایک ندی کے قریب سے برآمد ہوئی تھی۔ بعد میں ایک رومن کیتھولک پادری کو قتل کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔

نانا پاٹیکر کے علاوہ فلم کی کاسٹ میں آشیش ودیارتی، عادل حسین، گوتم روڈ، جوئے سینگپتا، نیہا مہاجن، پنکھوری اوستھی اور میناکشی مارٹن بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

’دی کنفیشن‘ کو ستمبر میں ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں پریمیئر کے لیے منتخب کیا گیا تھا، تاہم فلم کی سنیما ریلیز کی تاریخ ابھی تک سامنے نہیں آئی۔

75 سالہ نانا پاٹیکر جمعرات 8 اکتوبر کو گوا کے علاقے ڈونا پاؤلا میں واقع اپنی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے۔

نیوز ڈیسک

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس